لیموں اور حسن و صحت

ماخوذ

قدرت نے ایسی بے شمار غذائیں پیدا کی ہیں، جن سے انسان کئی طرح کے فائدے اٹھاتا آیا ہے۔ لیموں کا شمار بھی ایسی ہی غذاؤں میں ہوتا ہے جو زمانہ قدیم سے اپنے غذائی اور شفائی اثرات کی بدولت انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ اس میں کیلشیم، وٹامنس، فاسفورس، حرارے اور دیگر ضروری اجزا کثیر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ آئیے ہم آپ کو لیموں کے کثیر المقاصد فوائد اور استعمال کے بارے میں بتاتے ہیں۔

حسن و خوب صورتی کے لیے

٭ ایک لیموں کا چھلکا پیس لیں۔ اس میں ایک چائے کا چمچ گلیسرین، ایک چمچ عرق گلاب اور ایک انچ لمبا چوڑا کپڑے دھونے کے صابن کا ٹکڑا ملا کر کریم تیار کرلیں۔ رات کو سونے سے قبل پھٹی ہوئی ایڑیوں پر لگا کر صبح پیر دھولیں۔ چند دنوں میں پھٹی ایڑیاں درست ہوجائیں گی۔

٭ روکھے بالوں میں چمک پیدا کرنے کے لیے سر دھونے کے بعد ایک مگ پانی میں ایک لیموں کا رس ملا کر ڈالنے سے بالوں میں چمک آجاتی ہے۔

٭ ناک پر اچھی سی کولڈ کریم سے مساج کرنے کے بعد ململ کے کپڑے سے کریم اتار لیں۔ اب لیموں کے رس دار چھلکے کو ناک پر رگڑیں اور کیلوں کو ہاتھوں سے دبا کر نکال دیں۔

٭ پیر دھونے کے بعد ایک لیموں کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کرلیں اور جو کا آٹا لگا کر پیروں کا مساج کریں کہ لیموں کا رس پاؤں میں جذب ہوجائے۔ پانچ منٹ بعد پاؤں دھوکر پٹرولیم جیلی لگا دیں۔

٭ گرمی کے موسم میں دھوپ سے چہرے پر نشان پڑ جاتے ہیں۔ اس کے لیے ایک لیموں کے رس میں ایک چائے کا چمچ شہد ملا کر ماسک تیار کرلیں اور ۱۰ منٹ لگا رہنے دینے کے بعد چہرہ دھولیں۔ نشانات آہستہ آہستہ ختم ہونے لگیں گے۔

٭ چکنی جلد کے لیے ایک لیموں کے رس میں ایک کھانے کا چمچ بیسن اور دو چائے کے چمچ عرق گلاب ملا کر ماسک تیار کرلیں اور دس منٹ بعد منہ دھولیں۔

٭ ایک لیموں کا چھلکا تقریباً آدھا کپ پانی میں ابال کر ٹھنڈا کرلیں۔ اب اس پانی میں چار کھانے کے چمچ بیسن یا اتنی ہی مقدار میں جوکا آٹا اور ایک چٹکی ہلدی ملا کر پیسٹ بنالیں۔ اس سے گردن کا مساج کریں اور پانی سے دھونے کے بعد کسی کریم میں چند قطرے عرق گلاب ملا کر لگالیں۔ یہ مساج ہفتہ وار کریں۔ اس سے گردن کی سیاہی دور ہوتی ہے۔

٭ لیموں کے رس دار چھلکے سے جس میں نمی موجود ہو ناخن کا مساج کریں۔ ناخن صاف اور چمک دار ہوجائیں گے۔

٭ ایک کھانے کے چمچ دودھ کی بالائی میں لیموں چند قطرے اور عرق گلاب کے چند قطرے ملا کر ہونٹوں کا مساج کریں۔ خاص کر لپ اسٹک اتارنے کے بعد یہ مساج ضرور کریں۔ اس سے ہونٹ سیاہی مائل نہیں ہوتے۔

٭ کہنیوں اور گھٹنوں کی صفائی کے لیے ایک کھانے کا چمچ سوجی میں ایک عدد لیموں کا عرق اور ایک کھانے کا چمچ دودھ کی بالائی ملا کر کریم بنالیں اور اس سے کہنیوں اور گھٹنوں کا مساج کریں۔ ایسا کرنے سے ان میں موجود میل آسانی سے نکل جاتا ہے۔

٭ ایک چمچ روغن بادام اور آدھے لیموں کا رس ملا کر روزانہ ہاتھوں اور چہرے کا مساج کریں۔ اس سے جلد نرم و ملائم اور صاف رہتی ہے۔

٭ مکئی اور جو کا آٹا ہم وزن لے کر اس میں لیموں اور عرق گلاب شامل کر کے روزانہ ہاتھوں، پیروں اور گردن پر لگا کر مساج کرنے سے جلد صاف ہوجاتی ہے۔

٭ لیموں کے چھلکوں کو پیس لیں اور اس میں روغن بادام یا پیٹرولیم جیلی ملا کر آنکھوں کے گرد لگادیں اور چند منٹ مساج کرنے کے بعد ململ کے کپڑے کو عرق گلاب سے بھگو کر چہرہ صاف کرلیں۔

٭ایک عدد لیموں کے رس میں ایک کھانے کا چمچ ملتانی مٹی اور ایک چائے کا چمچ دودھ کی بالائی ملا کر ماسک تیار کریں اور چہرے پر پانچ منٹ تک لگا رہنے دیں۔ بعد میں چہرہ دھولیں اور کوئی اچھی سی کریم لگالیں۔

٭ میک اَپ کرنے سے قبل چہرے کی چکناہٹ دور کرنے کے لیے تھوڑے سے بیسن میں ایک لیموں کا رس ملا کر ماسک تیار کرلیں اور میک اپ کرنے سے ۱۵ منٹ پہلے ماسک کو پانچ منٹ تک لگائیں پھر عرق گلاب لگا کر میک اپ کریں۔ اس طرح میک اپ دیر تک قائم رہے گا۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں