لیموں کے حیرت انگیز کمالات

فیصل ظفر

لیموں اپنے عرق یا جوس کی بدولت بہت زیادہ استعمال ہونے والا پھل ہے، مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کھانے یا پینے سے ہٹ کر بھی یہ کیا کرشمے دکھا سکتا ہے؟در حقیقت یہ ترش پھل آپ کو صحت مند، خوب صورت اور اچھا باورچی (یقینا) بنا سکتا ہے۔ تو لیموں کے چند ایسے ہی حیرت انگیز فوائد جانئے جو آپ کو دنگ کر کے رکھ دیں گے۔

فرنیچر پالش

اپنے گھر کے فرنیچر کے لیے گھریلو ساختہ پالش تیار کریں جس کی مہک اچھی اور لاگت کسی عام پالش کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ بس لیموں سے عرق نکال کر اسے زیتون کے تیل میں شامل کریں۔ ہلانے کے بعداس محلول کو کپڑے پر ڈال کر اپنے فرنیچر کو پالش کریں۔ آپ کرسیوں اور میزوں کی چمک دیکھ کر حیران رہ جائیں۔

کھڑکی کی صفائی

چوں کہ لیموں کے عرق میں تیزابیت ہوتی ہے اس لیے یہ اس گریس یا گندگی کو صاف کرنے کے لیے بہترین ذریعہ ثابت ہوتا ہے جو کھڑکی اور شیشوں پر جم جاتے ہیں۔ آپ لیموں کے عرق میں سرکہ اور پانی بھی ملا سکتے ہیں جس سے کھڑکی کی صفائی کے لیے زیادہ بہتر محلول تیا رہو جائے گا۔

پانی کے دھبوں کی صفائی

پانی کے نتیجے میں نلکوں اور شاورد وغیرہ پر نظر نہ آنے والے دھبے پڑ جاتے ہیں اور بتدریج جم کرموٹے ہوتے چلے جاتے ہیں، جس کی صفائی کے لیے ایک لیموں کو کاٹ کر اسے اپنے نلکے یا شاور پر رگڑیں، وہ اس عمل کے بعد چمکنے لگیں گے اور بالکل نئے جیسے ہوجائیں گے۔

کٹنگ بورڈ کی صفائی

سبزیاں یا گوشت کاٹنے کے لیے استعمال ہونے والے گندے کٹنک بورڈز کی صفائی کے لیے کچھ مقدار میں نمک لیں اور لیموں کو کاٹ لیں، نمک کو کٹنگ بورڈ پر چھڑک دیں اور پھر اس کے اوپر کٹے ہوئے لیموں کو رگڑیں۔ کچھ دیر بعد نمک کو بورڈ سے ہٹا دیں یا پانی سے دھولیں۔ یہی عمل آپ بیلن اور سلاد کے لکڑی کے ڈونگوں کے ساتھ بھی کرسکتی ہیں۔

سنگ مرمر کی صفائی

سنگ مرمر کے فرش سے زنگ کے دھبوں کو ہٹانے کے لیے کھانے کا سوڈا داغ پر چھڑکیں اور اس پر لیموں کا کچھ عرق ڈال دیں، پھر اس جگہ کو رگڑیں، ضرورت پڑنے پر پھر سوڈا اور لیموں کا عرق دوبارہ ڈالیں۔ اس کے بعد صاف گیلے کپڑے سے اس جگہ کو صاف کردیں، آپ کا فرش جگمگانے لگے گا۔

سلور کے برتنوں کی پالش

ایک چائے کا چمچ لیموں کے عرق کو ڈیڑھ کپ پانی اور آدھا کپ خشک دودھ میں مکس کریں اور اس محلول میں برتنوں کو رات بھر کے لیے چھوڑ دیں اور صبح دھوکر خشک کرلیں، تاہم اگر آپ کو جلدی ہو تو برتنوں کے داغ زدہ حصوں پر لیموں کا کچھ عرق ڈالیں اور ایک صاف کپڑے سے رگڑ کر صاف کرلیں۔

لیموں کا عرق ایک چائے کا چمچ برتن دھونے والے صابن پر ڈال دیں، جس کے نتیجے میں وہ برتنوں میں چکنائی سے جمع ہونے والی گریس کو بھی زیادہ موثر طریقے سے صاف کرنے لگے گا۔

پلاسٹک کے برتنوں کو جگمگائیں

اگرپلاسٹک کے برتنوں پر آپ کے پسندیدہ کھانوں کا رنگ پختہ طریقے سے جم گیا ہو تو اس پر لیموں کا عرق ڈال کر کپڑے سے کچھ دیر رگڑیں اور پھر خشک کرنے کے لیے دھوپ میں رکھ دیں جس سے وہ رنگ اڑ جائے گا اور برتن اصل شکل میں لوٹ آئیں گے۔

ٹوائلٹ کی صفائی

لیموں کے عرق سے بھرا آدھا کپ ٹوائلٹ میں ڈال کر کچھ دیر انتظار کریں، اور پھر برش سے صاف کرلیں، جس سے وہ جگمگانے لگے گا، جب کہ باتھ روم میں بھی اچھی مہک پھیل جائے گی۔ لیموں کے علاوہ آپ آدھا کپ سہاگا بھی شامل کرکے صفائی کے اس عمل کو زیادہ موثر بنا سکتی ہیں۔

ہر مقصد کے لیے کلینر کی تیاری

دو کپ گرم پانی میں ایک چمچ کھانے کا سوڈا ڈالیں اور اس وقت تک ہلائیں جب تک وہ مکمل طور پر حل نہ ہوجائے۔ اس کے بعد آدھا کپ سفید سرکہ، ایک لیموں کا عرق اور پانچ سے دس قطرے لیمن آئل کو اس میں ملا دیں پھر اسپرے بوتل میں ڈال لیں۔ ہر بار استعمال سے پہلے اسے نرمی سے ہلائیں۔ یہ ایک ایسا حیرت انگیز کلینر محلول ہوگا جو باورچی خانے یا باتھ روم ہر جگہ صفائی کا کام کر سکے گا۔

کپڑوں سے گریس کے داغ ہٹائیں

لیموں کے عرق کو سر کے میں ملائیں اور کپڑے پر گریس کے داغ پر اسے استعمال کریں، کچھ دیر تک اس کو لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں، وہ داغ جادوئی انداز میں غائب ہوجائے گا۔

کپڑوں کو ھینچ کرنا

گرم پانی میں لیموں کا عرق شامل کریں اور اس میں اپنے سفید کپڑے بھگو دیں۔ کچھ دیر بعد انہیں معمول کی طرح نچوڑ کر دھولیں۔ اس کے علاوہ آپ واشنگ مشین میں ہینچ کی جگہ آدھا کپ لیموں کا جوس ڈال کر بھی بہترین نتیجہ حاصل کرسکتی ہیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں