مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

جلی ہوئی جلد

ایک حادثے میں میرا ہاتھ جل گیا تھا اس کے نشان ابھی تک باقی ہیں کیا کسی نسخے سے یہ نشان دور کیے جاسکتے ہیں۔

٭ … جلد کے نشانات دور کرنے کے لیے پانی میں کتھا ملا کر صبح و شام لگاتے ہیں بادام کے چھلکوں کا تیل نکلوا کر مسلسل لگانے سے بھی جلے کی داغ دور ہوجاتے ہیں۔ ناریل کے تیل میں چونا ملا کر لگاتے رہنے سے بھی افاقہ ہوگا۔

چھوٹے بچوں کی غذا

میرا بچہ سات ماہ کا ہے۔ میں اسے اپنا دودھ پلاتی ہوں۔ مگر چند روز سے روتا رہتا ہے، لگتا ہے اس کا پیٹ نہیں بھرتا۔ میں بچے کو کیا کھلاؤں جس سے اس کا پیٹ بھر جائے اور وہ بھوکا نہ رہے۔

٭… آپ آٹے میں تھوڑا سا گھی ملا کر چھوٹی سی روٹی بنا کر بھی بچے کو دے سکتی ہیں۔ اسے اچھی طرح مسل کر کھلائیے، انشاء اللہ آپ کا بچہ صحت مند رہے گا۔ ایک آلو ابالیے اور چھلکا اتار کر مسل کر بچے کو کھلائیے۔ اسی طرح ایک گوشت کی بوٹی اور ارد کی دال ذرا سا نمک ملا کر ابال کر پیس لیں۔ اس کی تین چھوٹی چھوٹی ٹکیاں بنا لیں۔ معمولی سے گھی میں ایک ٹکیہ تیل کر بچے کو کھلا سکتی ہیں۔

کبھی سوجی کا پتلا حلوہ کھلائیے۔ کبھی آلو، کبھی کیلا، اس طرح آپ کے بچے کو غذائیت ملتی رہے گی۔ اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ دودھ میں دلیہ پکا کر شہد ملا کر ناشتے میں ضرور کھائیے۔

چربی والا پیٹ

میں رسالہ باقاعدگی سے پڑھتی ہوں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے پیٹ میں چربی چڑھ گئی ہے۔ ناف سے نیچے پیٹ بڑھا ہوا ہے۔ اب میری شادی ہونے والی ہے۔ اس کے لیے کچھ بتائیے۔

٭… آپ بادی چیزیں نہ کھائیے۔ صبح نہار منہ ایک پیالی پانی میں ایک بڑا چمچہ شہد اور ایک لیموں کا رس ملا کر پینا شروع کریں۔ آہستہ آہستہ فرق پڑ جائے گا۔ کھانے سے پہلے پانی پینے کی عادت ڈالیے۔ کھانے کے دوران اور بعد میں پانی پینا چھوڑ دیجیے۔ دوپہر میں صرف سبزیوں اور پھلوں کی سلاد کھالیں۔ گریپ، فروٹ، بند گوبھی کا وافر مقدار میں استعمال کریں۔

سبز چائے کا قہوہ بنا کر دن میں پانچ مرتبہ پئیں۔ ورزش یا دور تک تیز تیز پیدل چلنے کو معمول بنائیں۔

بد نما ناخن

میرے پاؤں کے ناخن بہت سخت ہیں اور تھوڑے ٹیڑھے بھی ہیں کیا ان کی بدنمائی دور کرنے کا کوئی ٹوٹکہ ہے…؟

٭… ناخن اگر ابھرے ہوئے سینگ دار ہیں، تو اس کے لیے مہندی کے پتے پیس کر تھوڑے سے تازہ مکھن میں ملا کر دن میں دو تین بار لگانے سے ناخن کی بدنمائی اور سختی دور ہونے میں مدد ملے گی۔ اگر پاؤں زیادہ پھٹ گئے ہیں تو سفید موم بتی لے کر اس کا دھاگا نکال دیں اور اس کے تکڑے ہلکی آنچ گرم کریں۔ اس میں سرسوں کا تیل چار پانچ چمچ ملائیں۔ موم بتی سفید چھوٹی والی لیں۔ اس میں چٹکی بھر نمک ملا کر رکھ لیں، رات کو سوتے وقت گرم کریں۔

ٹھنڈا ہونے لگے تو پاؤں کے شگاف میں بھریں، پانچ چھ دفعہ رات کو لگانے سے پاؤں نرم و ملائم ہوجائیں گے۔

بدہضمی

مجھے اکثر بدہضمی کی شکایت رہتی ہے۔ اگر کھچڑی، دلیہ کھاتا رہوں تو طبیعت ٹھیک رہتی ہے ورنہ کھٹی ڈکاریں اور دست لگ جاتے ہیں۔ آخر میں کب تک دلیہ پر گزارا کروں۔ کوئی حل تو بتائیں۔

٭ …آپ ایک بار لگ کر پرہیز کرلیں تو آپ کو مکمل افاقہ ہوجائے گا۔ آپ پرہیز کو بیچ میں چھوڑ کر لذت اور ذائقے کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے مکمل صحت یاب نہیں ہو پاتے۔ اسپغول کی بھوسی کا استعمال اپنی عادت بنالیں۔ دستوں کی صورت میں اسے دہی کے ساتھ جب کہ قبض کی صورت میں گرم دودھ کے ساتھ استعمال کرنا بے حد مفید ہے۔ غذا کو چبا چبا کر آہستگی سے کھانے کی عادت ڈالیں، کھاتے ہی لیٹ جانا بھی بدہضمی کی وجہ بنتا ہے۔ اس کے علاوہ کھانے کے ساتھ کچی سبزیاں اور کھانے کے بعد پھلوں کا استعمال صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔ بھوکے نہ رہیں۔ اس سے بھی نظام ہاضمہ کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے۔ کھانے کے بعد چہل قدمی ضرور کریں۔ ناشتہ بھی ضرور کریں۔ سبز چائے کا مسلسل استعمال بھی نظام ہاضمہ کو درست رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ نفیس اور مصالحے دار غذاؤں کے بجائے ہلکی پھلکی، سادہ اور متوازن غذاز کو ترجیح دیں۔ کیوں کہ صحت ہزار نعمت ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں