[wpdreams_ajaxsearchpro id=1]

مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

نزلہ زکام کا قدرتی علاج

سوال: سردیاں شروع ہوتے ہی سب کو نزلہ زکام ہو جاتا ہے۔ ڈاکٹر کی دواؤں سے رک جاتا ہے، مگر بعد میں دماغ بوجھل، سر درد اور معدہ خراب ہو جاتا ہے۔ کیا اس کا کوئی قدرتی علاج ہے؟ دواؤں کے اثرات برداشت ہوتے ہیں نہ جیب اجازت دیتی ہے۔

٭ ایک کہاوت ہے کہ پانچ روز ڈاکٹر کی دوا کھالو، نزلہ ٹھیک ہوجائے گا اور دوا نہ کھاؤ جب بھی ٹھیک ہوجاؤگے۔ انسانی جسم پر جب تھکن، تفکرات اور افسردگی کا غلبہ ہوتا ہے، اس وقت نزلہ زکام حملہ آور ہوتا ہے۔ قدرتی مدافعتی نظام پسپا ہو جاتا ہے۔ ایسے میں سب سے بہتر طریقہ ہے جسم کو گرم رکھا جائے۔ بستر میں آرام کیا جائے۔ گوشت کا سادہ شوربا پیا جائے۔ ہڈیوں اور گوشت کی یخنی مفید ہوتی ہے۔ ہڈیاں اور گوشت پتیلی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیے۔ اس میں دار چینی کا بڑا ٹکڑا، بڑی الائچی، سفید زیرہ، کالی مرچیں اور لونگ ڈالیے۔ پیاز کے ٹکڑے اور لہسن کے جوئے ڈال کر پکائیے۔ چھوٹا سا ادرک کا ٹکڑا اور نمک ملا کر پکنے دیجیے۔ جب ہڈیوں کی خوب یخنی نکل آئے تو اسے مزے سے گرم گرم پی لیجیے۔ دن بھر میں چار پانچ پیالے پی لیجیے۔ بھوک لگے تو اس میں آپ توس بھگوکر کھا سکتے ہیں۔ اسی طرح مونگ کی پتلی دال کا شوربا لے سکتے ہیں۔ پھلوں کا رس بغیر برف کے پی سکتے ہیں۔ رات کو گرم جوشاندہ دیجیے۔ بنفشے کی چائے بنا کر پی لیجیے۔ شرط یہ ہے کہ گلا خراب نہ ہو، کھانسی نہ ہو۔ آپ دن میں تین بار گریپ فروٹ چھیل کر نمک اور کالی مرچ چھڑک کر کھاسکتے ہیں۔ پانچ چھ گریپ فروٹ کھانے سے آپ کا معدہ صاف ہوجائے گا۔ پانی زیادہ پیجئے۔ پھر آہستہ آہستہ معمول کی غذا پر آجائیے۔ نزلہ زکام میںتین دن سیال چیزیں استعمال کیجیے۔ اس سے بہت فرق پڑے گا۔ لہسن کی چٹنی بڑے مزے کی بنتی ہے۔ ایک لہسن لے کر چھیل لیجیے۔ اس میں ایک چمچی سفید زیرہ، دس بارہ ہری مرچیں، ادرک کا چھوٹا سا ٹکڑا اور نمک ملا کر پیس لیجیے اور مزے سے کھائیے۔

۵۰۰ ملی گرام وٹامن سی کی ایک گولی بیس دن کھائیے۔ نیم کے بیس پچیس پتے دو گلاس پانی میں ابال کر نیم گرم پانی وضو کی طرح دن میں دو بار ناک میں ڈالیے۔ اس سے ناک کی جھلی کا ورم، سرسراہٹ اور نزلہ ٹھیک ہوجائے گا۔

ہڈی ٹوٹنے کی پہچان

سوال: میں ایک دور افتادہ گاؤں میں رہتا ہوں۔ یہاں علاج کی کوئی سہولت نہیں۔ پچھلے ماہ میں چھت سے گر گیا تھا۔ دو تین دن درد رہا۔ ہاتھ کے بل گرا تھا۔ اب مجھے لگتا ہے ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ میں الٹے ہاتھ سے کام نہیں کرسکتا۔ ایسا لگتا ہے جیسے ہڈی ٹوٹ گئی ہو۔ ہڈی ٹوٹنے کی پہچان کیا ہے اور یہ کیسے ٹھیک ہوگی؟

٭ ہڈی ٹوٹنے کی پہچان یہ ہے کہ کسی جگہ ورم یا سوجن آجائے اور متاثرہ جگہ کو بلانے جلانے سے درد ہو۔ آپ ہاتھ پھیر کر دیکھیں تو جسم کی سطح اونچی نیچی، ناہموار اور بے ڈول لگے یا کسی جگہ سخت ابھار سا اور درد محسوس ہو۔ کبھی متاثرہ جگہ کے سرے آپس میں رگڑ کھائیں تو آواز آنے لگے اور ویسے بھی ہر وقت درد کا احساس ہو۔

آپ کو تھوڑی سی تکلیف کرنی پڑے گی۔ اپنی نزدیکی جگہ جاکر آپ ہاتھ کا ایکسرے کرائیے۔ آپ کو پتہ چل جائے گا اور علاج میں بھی آسانی رہے گی۔ اس میںدیر نہ کیجیے۔

میری بچی خاموش رہتی ہے

سوال: میری بچی کی عمر ۱۲ سال ہے۔ اس سے پہلے یہ خوب ہنستی بولتی تھی۔ اب ایک ماہ سے بالکل خاموش ہے۔ پوچھنے پر کوئی جواب نہیں دیتی۔ اسکول میں اس کا نتیجہ اچھا آتا ہے۔ استانی کو کوئی شکایت نہیں۔ میری بچی اکلوتی ہے۔ میں بہت پریشان ہوں۔

٭ اکلوتے بچے حساس ہوتے ہیں کیوں کہ ان کا بہن بھائی کوئی نہیں ہوتا جس سے وہ کھیل کود سکیں اور بات چیت کر کے دل کی بھڑاس نکال لیں۔ اس عمر میں آکر بچیاں سن بلوغت میں قدم رکھتی ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ بچی کو گاہے بگاہے سمجھائیں تاکہ وہ پریشان نہ ہو۔ ماؤں کو اس عمر کی بچیوں کو سمجھانا چاہیے۔ عموماً بچیاںپریشان ہو جاتی ہیں۔ میرے پاس بے شمار بچیوں کے خط آتے ہیں۔ ان کی مائیں کچھ نہیں بتاتیں۔ ان پر خوف طاری رہتا ہے۔ آپ کی بچی کی ہم عمر کزن یا سہیلیاں ہوںگی۔ آپ ان کو بھی گھر میں بلا سکتی ہیں اور خود اسے پیار سے ہر بات سمجھا سکتی ہیں۔ اسے بھرپور وقت دیجیے۔ اچھی مائیں وہی ہوتی ہیں جو اپنی بچیوں کی ہمراز اور دوست ہوتی ہیں۔ اس طرح بچیاں کبھی احساس کمتری کا شکار نہیںہوتیں۔ پچھلے ماہ دو بچیوں کے خط آئے تھے کہ ’’آپ ماؤں کے لیے ایک مضمون کیوں نہیںلکھتیں۔ ہم اپنی کلاس میں الٹی سیدھی باتیں سنتی ہیں۔ مائیں ہمیں کیوں نہیں بتاتیں۔ اس عمر میں ہمیں کیا کرنا چاہیے؟‘‘ آپ کی توجہ سے بچی کی خاموشی ختم ہوجائے گی۔

یرقان سے بچاؤ

سوال: میری بہن کو یرقان (ہیپاٹائٹس) ہوگیا ہے۔ اس کے برتن علیحدہ کردیے ہیں۔ معلوم نہیں کیوں مجھے خوف آتا ہے۔ اس سے بچنے کی کیا تدبیر ہے۔

٭اللہ تعالیٰ آپ کی بہن کو صحت کاملہ دے۔ ہمارے جسم میں جگر ایسا حصہ ہے کہ آپ اس کے دو ٹکڑے کردیں تو بھی وہ دوبارہ بڑھ کر مکمل ہوجاتا ہے۔ کچھ وائرس اور کیمیائی اجزا ایسے ہیں جو جگر کو نقصان پہنچا دیں تو جگر دوبارہ نارمل نہیںہوتا۔ ہیپا ٹائٹس کا وائرس بڑا ڈھیٹ اور خطرناک ہے۔ ایک ماہ یہ کہیں لگا رہے اور سوکھ جائے پھر کوئی شخص اس کو چکھ لے تو یہ بیماری لگ سکتی ہے۔ یوں سمجھ لیں آپ ہیپا ٹائٹس کے مریض کے خون کی چوتھائی چمچی لے کر ایک بہت بڑے تالاب میں ڈال دیں اور اس میں سے چوتھائی چمچی پانی پی لیا جائے یا اس کا ٹیکہ لگایا جائے تو انسان کو ہیپا ٹائٹس ہو جاتا ہے۔

خون، ماہانہ رطوبتوں، پسینے، تھوک اور جھوٹے برتنوں سے یہ مرض لگ جاتا ہے۔ آپ اپنی بہن کے کپڑے علیحدہ دھلوائیے۔ برتن علیحدہ دھوئیے۔ اس کو رومال وغیرہ دینے کے بجائے ٹشو پیپر دیجیے اور ان کو بعد میں جلا دیجیے۔ سورہ فاتحہ سات بار پڑھ کر دوا پر دم کر کے ان کو کھلائیے۔ اللہ تعالیٰ ان کو صحت عطا فرمائے!

سانس کی بدبو

سوال: میں ایک گاؤںمیں رہتی ہوں۔ میرے سانس میں شدید بدبو ہے۔ میں کوئی دوا نہیںخرید سکتی۔ مجھے آپ کوئی گھریلو ٹوٹکا بتائیے جو دیہات میں آسانی سے استعمال کرسکوں۔

٭ آپ کے گاؤں میں پودینہ ضرور ہوگا۔ پودینے کے اکیس پتے لے کر ایک چھوٹی الائچی مل جائے تو وہ ڈال کر ایک پیالی پانی میںچائے کی طرح پکائیے اور چینی ملا کر دن میں دو بار پی لیا کیجیے۔ تین دن بعد شام کو چار بجے صرف ایک بار پی لیں۔ دو تین ہفتے ایسا کیجیے۔ آپ کی آنتیںصاف ہوں گی، گیس نہیںبنے گی اور سانس کی بدبو ختم ہوجائے گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں