مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

کولیسٹرول کیسے کم ہوگا ؟
مجھے کچھ ماہ سے کولیسٹرول بڑھنے کی شکایت ہے۔ کیا اسے غذا سے قابو کیا جا سکتا ہے؟ میں سورج مکھی کے بیج بڑے شوق سے کھاتی ہوں۔ کہیں اس کی وجہ سے تو گڑ بڑ نہیں؟ کہتے ہیں کہ یہ بیج گرم ہوتے ہیں۔ مجھے اس بارے میں بتائیے تا کہ میں اپنا غذائی علاج کر سکوں ۔
l کولیسٹرول کئی وجوہ کی بنا پر بڑھتا ہے۔ مثلاً مرغن غذا ئیں، زیادہ کھانا یا ذہنی دباؤ سے۔ آپ نے اچھا فیصلہ کیا کہ غذا سے اسے قابو کیا جائے ۔ آپ مرغن غذا،تلی ہوئی اشیاء، کیک، پیسٹری، گوشت، انڈے وغیرہ آہستہ آہستہ کم کر دیجیے۔ ڈاکٹر سے پوچھ کر وٹامن ای تجویز کرائیے۔ سالم اناج کھائے ۔ آپ یہ پڑھ کر حیران ہوں گی کہ سورج مکھی کے بیج کو لیسٹرول کم کرنے میں بڑے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ان بیجوں کا تیل کھانا پکانے میں استعمال کیجیے۔
گندم کی بھوسی، جئی کی بھوسی، آم، امرود، شلغم، گاجر بند گوبھی، سلاد اور بھنڈی کھائیے۔ گن کر روزانہ نو، دس گلاس تازہ پانی پیجئے صحت پر نمایاں اثر پڑے گا۔ ہلکی پھلکی ورزش کیجیے گھر ہی میں تیز تیز چل لیا کریں۔
ایک گلاس پانی میں دوچمچی ثابت دھنیا ڈال کر ہلکی آنچ پر ابال لیں۔ پانی تھوڑا سا زیادہ رکھیں تا کہ پک کر ایک گلاس رہ جائے ۔ چار پانچ جوش آجائیں تو ڈھانک کر ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر چھان کر رکھ لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر پی لیجیے ۔ شروع میں ایک دفعہ پیجئے، دن میں دو بار پی سکتی ہیں۔بے ضرر ہے۔ سورج مکھی کے بیج اعتدال سے روزانہ کھائیے مفید ہیں۔ بصارت کو بھی تقویت پہنچاتے ہیں۔ آپ غذائی عادات میں تبدیلی سے کولیسٹرول قابو کر سکتی ہیں۔
سانس کی بدبو
میں نے بے شمار ادویہ استعمال کر کے دیکھ لیں مگر میرے منہ کی بدبو نہیں گئی۔ اب احساس کمتری میں مبتلا ہوں۔ بد بو دور کرنے کا کوئی ٹوٹکا بتائیے، بہت پریشان ہوں۔
l آپ نیم کی تازہ شاخ توڑ کر روزانہ اس سے مسواک کیجیے۔ نیز دو گلاس پانی میں ایک چمچی میتھی ڈال کر پکائیے۔ ہلکی آنچ پر تقریباً سترہ منٹ پکانا ہے۔ پھر چھان کر عام چائے کی طرح پی لیجیے۔
ناشپاتی کھانے سے آنتوں کی عفونت دور ہوتی ہے۔ دو ناشپاتیاں نمک اور کالی مرچ چھڑک کر روزانہ کھائیے۔ کچے پکے امرود بھی مفید ہیں۔ امرود سانس کی بدبو دور کرتا ہے۔ اگر دانتوں اور مسوڑھوں سے خون رس رہا ہو، تو امرود کے حیاتین دوا کا کام دیتے ہیں۔ روزانہ کچے امرود کھانے سے مسوڑھے صحت مند ہوتے اور دانت ٹھیک رہتے ہیں۔
سانس کی بدبو بھی جاتی رہتی ہے۔ امرود کے سات آٹھ نو خیز پتے چبا کر تھوک دیئے جائیں تب بھی یہی اثر ہوتا ہے۔ امرود کے چھوٹے پتے چبانے ہیں بڑے نہیں۔ صبح شام نیم کی مسواک کیجئے یوں بھی بدبو دور ہوجائے گی۔ ایک بات اور درود پاک کثرت سے پڑھنا بھی منہ کی بدبو دور کرتا ہے۔ دو چھوٹی الائچیاں منہ میں رکھ کر پڑھیے، کئی لوگوں کو فائدہ ہوا ہے۔
اروی صحیح طرح پکائیے
میں جب بھی ارویاں دھو کر کاٹتی ہوں، میرے ہاتھوں میں خارش ہونے لگتی ہے اور سالن بھی لیس دار ہوجاتا ہے۔ کوئی ایسا ٹوٹکا بتائیے جس سے شور بہ میں لیس پیدا نہ ہو۔ میں ٹماٹر بھی ڈالتی ہوں مگر فائدہ نہیں ہوتا۔
l ارویاں کبھی دھو کر نہ کاٹیے بلکہ خرید کر لائیں تو چھیل کر دو ٹکڑے کیجیے اور کسی بڑے پیالے میں ڈال دیں۔ پھر دو چمچ نمک ڈال کر اتنا پانی ڈالیے کہ دو انگل اوپر رہے۔ اب ارویاں بیس منٹ پڑی رہنے دیں۔ پھر مدھانی لے کر دونوں ہاتھوں سے رگڑیے جیسے لسی بناتے ہیں۔ چار پانچ منٹ بعد پیالے میں کچھ لیس جمع ہو جائے گا۔ یہ پانی پھینک کر تازہ پانی ڈالیے اور پھر مدھانی سے رگڑ کر گراد یجیے۔ تین دفعہ ایسا کیجیے۔ بعد ازاں پلاسٹک کی سوراخوں والی چھلنی میں ارویاں رکھیے تا کہ پانی نکل جائے۔
اب گوشت اچھی طرح بھون کر اس میں ارویاں بھونیے۔ آدھی پیالی دہی پھینٹ کر تھوڑا تھوڑا ڈالتی رہیے۔ پھر جتنا شور بہ رکھنا ہے پانی ڈال دیجیے۔ ارویاں گل جائیں تو پسا گرم مسالہ ڈال کر اتار لیجیے۔ اس کے ساتھ پیاز ہری مرچ اور پودینے کی سلاد بنائیے اور لیموں نچوڑئیے۔ اروی کا سالن نہ صرف مزیدار لگے گا بلکہ لیس سے بھی نجات مل جائے گی۔
ڈنرسیٹ کے دھبے
میں باہر سے ایک قیمتی ڈنرسیٹ لائی تھی۔ اس کی پیالیاں خراب ہو گئی ہیں اور ان پر عجیب قسم کے دھبے اور داغ پڑ گئے ہیں ۔ اب صفائی کیسے ہوگئی ؟
l ایک پیالی میٹھے سوڈے میں آدھی پیالی نمک ملائیے ۔ پھر تھوڑا سا پانی ملا کر پیالیوں اور پلیٹوں پر یہ آمیزہ لگا دیجیے۔ دس منٹ بعد کسی کپڑے سے آمیزہ اچھی طرح ملیے اور پھر صاف پانی سے دھو لیں ۔ آخر میں وِم پاؤڈر سے دھوئے دھبے صاف ہو جائیں گے۔ کچھ دھبے رہ جائیں تو دوبارہ میٹھا سوڈا اور نمک لگا کر دھولیجیے۔ ڈنرسیٹ کی پلیٹیں بالکل خشک کر کے رکھیے ۔ ان کے درمیان کاغذی کاغذ (ٹشو پیپر ) یا اخبار کے کاغذ رکھ دیں تو بہتر ہے۔
چہرے کی جھائیاں
میرے چہرے پر بہت جھائیاں ہیں جو مجھے ایک آنکھ نہیں بھاتیں۔ یہ کس طرح ٹھیک ہوں گی؟ اس کے علاوہ میں بہت کمزور ہوں اور میری پنڈلیوں میں شدید درد رہتا ہے۔ عمر بائیس سال ہے۔ رات کو تھک کر لیٹ جاتی ہوں۔
l آپ دن میں کم از کم دو تین کیلے ضرور کھائے۔ کیلے کھانے سے آپ کا جسم ٹھیک ہوجائے گا اور پنڈلیوں کا درد بھی ۔ کیلے میں موجود عناصر در داور اینٹھن دور کرتے ہیں۔ کیلے کا چھلکا نہ پھینکئے، چھلکے کے اندر کی سفید تہ جھائیوں پر صبح شام خوب رگڑیے اور ایک گھنٹے تک منہ نہ دھوئے ۔ رات کو سوتے وقت کنوار گندل (گھیکوار) کا گودا چہرے پر لگا کر سو جائیے فرق پڑ جائے گا۔
بیٹی کی بھوئیں ہی نہیں
میری تین سالہ بیٹی کی بھو ئیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ آخر ایسا کیوں ہے؟ یہ بچی بڑی ہو گی تو اس کی شخصیت پر منفی اثر پڑے گا ۔ مجھے بتائے کہ کیا کروں؟
l آپ ایسا کیجیے کہ کیسٹر آئل پانچ چمچے ناپ کر ایک بوتل میں بھرئیے اور اس میں روغن بادام آدھا چمچہ ملا لیں۔ صبح شام یہ جیل روئی سے بھوؤں پر اچھی طرح لگائیے۔ پہلے جگہ اچھی طرح سوتی کپڑے سے صاف کیجیے پھر کیسٹر آئل لگا دیجیے ۔ دو ہفتوں بعد کیسٹر آئل میں سرمہ ملا کر لگائیے، بال نکل آ ئیں گے۔ پہلے زمانے میں بڑی بوڑھیاں یہ کرتی تھیں کہ نیم کے پتے کچل کر روئی میں لپیٹ لیتیں پھر کیسٹر آئل میں ڈبو کر کاجل بناتی تھیں۔ وہ یہ کا جل روزانہ بچوں کی بھوؤں پر لگاتیں، تو بال گھنے ہوجاتے۔ بچوں کی کھال نازک ہوتی ہے، کوئی اور چیز نہ لگائیے۔l

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں