چہرہ بدنما لگتا ہے
میری عمر سولہ سال ہے۔ انٹر میں پڑھتی ہوں۔ چکنی اشیا نہیں کھاتی پھر بھی میری جلد چکنی ہے خصوصاً ناک، اس کے سیاہ داغ کسی طرح نہیں جاتے جس کے باعث چہرہ بدنما لگتا ہے۔ میری امی کہتی ہیں کسی طرح اپنا چہرہ ٹھیک رو تاکہ جو رشتہ آئے وہ تمہیں پسند کرے۔ میں پانچوں وقت کی نمازی ہوں۔ آپ ہی میرا واحد سہارا ہیں۔ خدارا میری مدد کریں۔ اللہ آپ کو اس کا اجر دے گا۔
٭ بیٹی پریشان نہ ہوں۔ اس عمر میں جلد عموماً چکنی ہوجاتی ہے۔ آپ بازار کے صابن اور کریمیں لگانی چھوڑ دیں۔ چنے کی دال کا بیسن پیالی میں بھر کر رکھیے۔ صبح شام بیسن چہرے پر لگا کر منہ دھوئیے۔ تھوڑا سا ہتھیلی پر رکھیے اور پانی ملا کر لگائیے۔ خشک ہونے پر منہ دھو لیجیے۔ جو کے آٹے میں تھوڑا سا دودھ ملائیے۔ اس آمیزے میں چٹکی بھر ہلدی اور چھ سات قطرے لیموں کا رس ملا کر چہرے اور ناک پر اچھی طرح ملیے۔ چہرے کی رنگت صاف ہوگی۔
آدھی آدھی پیالی دال مسور اور چنے کی دال پیس کر ملا لیں۔ اس آمیزے میں ایک چمچہ ہلدی اور کنو یا مالٹے کے چھلکوں کا ایک چمچہ سفوف ملائیے۔ چندن مل جائے تو وہ بھی آدھا چمچہ ملا لیجیے۔ اب شیشے کے پیالے میں آمیزے کا ایک چمچ ڈال کر تھوڑا سا پانی ملائیے پھر لیموں کے رس سات قطرے ملا کر رکھ دیجیے۔ تھوڑی دیر بعد چہرے پر لگائیے اور ابٹن کی طرح خوف ملیے۔ پھر سادہ پانی سے منہ دھو لیجیے۔
پودینے کے گیارہ پتے ایک پیالی میں چائے کی طرح پکاکر ٹھنڈا کر کے روزانہ پی لیجیے۔ اس نسخے سے بھی چہرے کا رنگ صاف ہوگا۔ گھیکوار کا لیپ کرنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ داغ دھبے دور ہوجاتے ہیں۔
مگر آپ یہ نسخے کم از کم دو ماہ استعمال کیجیے۔ دو چار دن میں فائدہ نہیں ہوتا۔
گوہا نجنی کا ٹوٹکہ
ایک صاحب گوہانجنی کا ٹوٹکہ پوچھتے ہیں۔ اس سلسلے میں اردو ڈائجسٹ کے ایک قاری نے ایک آزمودہ ٹوٹکہ بھیجا ہے، جس آنکھ میں گوہانجنی ہو، اس کے دوسری سمت والے پاؤں کے انگوٹھے کی برابر والی انگلی میں پاؤں کی طرف ایک دھاگا اس طرح باندھیے کہ معمولی چبھن ہو۔ تین گھنٹے بعد گوہانجنی کی تکلیف ختم ہوجائے گی۔ اگلے روز قینچی کی نوک سے دھاگا نکال دیں۔ دو چار بار ایسا کرنے سے ہمیشہ کے لیے تکلیف دور ہوجائے گی۔ دو تین لڑکیوں نے بھی یہ ٹوٹکہ بجھوایا ہے مگر انھوں نے انگوٹھے کے نچلے حصہ میں دھاگا باندھنے کو کہا ہے۔
در اصل ہمارے جسم میں توانائی کی کچھ خاص لہریں ہیں جو مخصوص راستوں سے گزرتی ہیں۔ ہمارے ہاتھ کی ہتھیلیوں اور پاؤں کے تلوؤں میں پورے جسم کا نظام پنہاں ہے۔ اس موضوع پر کتابیں بھی ہیں۔ یہ علم بہت قدیم ہے۔ پرانے زمانے میں بھی مالش کرنے والے پاؤں اور پنڈلیوں پر خاص دباؤ دے کر درد ختم کردیتے تھے۔
ایک بار میری والدہ کا آپریشن ہوا۔ دو دن بعد پیٹ پھولنے لگا۔ بڑی سخت تکلیف تھی۔ پیٹ میں ہوا بھر رہی تھی۔ ایک بوڑھی عورت کسی مریض کو دیکھنے آئی۔ اس نے جب ہماری پریشانی دیکھی تو کمرے میںآگئی۔ پیٹ اور رانوں کے درمیان چڈھوں میں اس نے کوئی رگ تلاش کی اور انگوٹھا رکھ کر اس پر دباؤ ڈالا۔ ہم سب حیران تھے۔ جلد ہی پیٹ آہستہ آہستہ کم ہونے لگا اور پانچ منٹ میں ٹھیک ہوگیا۔
اس عورت نے بتایا کہ جسم میں کئی ایسی رگیں ہیں جنہیں دبانے سے آرام آجاتا ہے۔ اس سے بہتیرا پوچھا کہ وہ کون کون سی رگیں ہیں مگر اس نے نہیں بتائیں۔ اب سائنسی دور میں اسے پریشر (دباؤ) تکنیک کا نام دے کر علاج کیا جا رہا ہے اور یہ باقاعدہ علم ہے۔
سرکہ، شہد اور لہسن
اس نسخے کے سلسلے میں کئی خطوط اور فون آئے ہیں۔ جن لوگوں کا آرام آیا وہ دوسروں کو دوا بنا کر دے رہے ہیں۔ افادیت کے پیش نظر نسخہ دوبارہ درج ہے۔
ایک پیالی شہد، ایک پیالی پھلوں کا سرکہ اور لہسن کے چھلے پسے آٹھ دانے سرکے اور شہد سمیت گرائینڈر میں ڈال کر ملالیں۔ تیار آمیزہ شیشے کی بوتل میں ڈالیے۔ بوتل دو انچ خالی رہنے دیں۔ ڈھکن بند کر کے آٹھ دن فریج میں رکھنی ہے۔ سردی کے موسم میں ایک چمچ دوا نکال کر پیالی میں دس منٹ رکھیے تاکہ اس کی ٹھنڈک ختم ہوجائے۔ گرمی کے موسم میں ٹھنڈی ہی استعمال کریں۔
کان کی تکلیف
میری والدہ کی سہیلی کو کان میں شدید تکلیف تھی۔ ڈاکٹر نے آپریشن کروانے کو کہا۔ مگر میری امی نے انہیں نہار منہ پانی کے ساتھ چند جوئے لہسن کھانے کو کہا۔ کچھ ہی دنوں میں ان کی کان کی تکلیف دور ہوگئی اور جسم یں جس جس جگہ درد تھا، وہ بھی غائب ہوگیا۔‘‘
حافظہ ساتھ نہیں دیتا
میرے منہ پر دانے نکل رہے ہیں ان کا کوئی حل بتائیے۔ دوسری بات یہ کہ میں رٹا لگاؤں تو کچھ عرصے بعد سبق بھول جاتا ہوں۔ میرا ذہن کام نہیں کرتا۔ حافظہ بڑھانے کے لیے کوئی نسخہ بتائیے۔
ارم بی بی چہرے کے دانوں سے پریشان ہیں۔
٭ آپ دونوں چہرہ اچھی طرح صاف کر کے گھیکوار کا گودا صبح شام لگائیے۔ ہمدرد دوا خانہ سے شربت عشبہ خاص اور معجون مصفی خون خرید لیجیے۔ صبح شام دو چمچے شربت پانی میں ملا کر پیجئے اورآدھی چمچی معجون کے ساتھ کھائیے۔ انشاء اللہ فرق پڑ جائے گا۔
فیصل صاحب، آپ بادام کے گیارہ دانے اور ایک چمچہ کشمکش رات کو آدھا گلاس پانی میں بھگوئیے۔ صبح نماز پڑھ کر بادام چھیل کر کھا لیجیے، کشمش بھی کھائیے۔ پھر پانی بھی پی لیجیے۔ اس کے بعد ایک گلاس دودھ پی لیں۔ اس سے آپ کے حافظے کو تقویت ملے گی۔
نشہ کیسے چھوٹ سکتا ہے
ایک حادثے میں میرے بھائی کا فریکچرہوگیا۔ ڈاکٹر نے اس کے لیے نیند آور انجکشن تجویز کیا۔ بدقسمتی سے وہ اس دوا کا عادی بن گیا۔ اب سارا گھر پریشان ہے کیوں کہ وہ نشہ بن چکا ہے۔ مجھے بتائیے کوئی دعا، کوئی دوا کارگر ہوسکتی ہے۔ کم سے کم اخراجات میں ایسے مریضوں کا کہاں علاج ہوتا ہے؟
٭ امجد صاحب! نشہ ایک عفریت ہے جو لپٹ جائے تو چھوڑتا نہیں۔ ایک بار میں نے اخبار میں فیچر لکھا تھا۔ اس کی تیاری کے دوران ایسے دو لڑکے نظر سے گزرے جو قبرستان جاکر سانپ سے اپنے آپ کو ڈسواتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نشے سے سب کو محفوظ رکھے۔ اب ہمارے ملک میں ایسے ادارے موجود ہیں جہاں نشہ چھڑایا جاتا ہے، آپ وہاںرابطہ کیجیے۔
لوگوں سے ڈر لگتا ہے
امریکہ سے ن احمد کا خط آیا ہے۔ بہت پریشان ہیں۔ میک اپ کرتی ہیں تو انھیں ڈر رہتا ہے کہ کوئی ان کو برا بھلا نہ کہہ دے۔ فون اٹھائیں تو سوچتی ہیں کوئی مرد نہ ہو۔ شک اور وہم نے ان کی زندگی میں دراڑیں ڈال دی ہیں۔ بچے بھی ان کی عادتوں سے تنگ آچکے ہیں۔ انھوں نے اس سلسلے میں مدد مانگی ہے۔
٭ بی بی! آپ وہم کا شکار ہیں اسے اپنی خود اعتمادی سے شکست دیجیے۔ زندگی ہمت اور حوصلہ سے گزارنی چاہیے۔ آپ کے ماشاء اللہ بچے بھی ہیں، ان کی ضروریات کا خیال رکھیے اور کوشش کریں کہ ہر وقت مصروف رہیں۔ خالی ذہن شیطان کا گھر بن جاتا ہے۔
نزلے کا علاج
میں پہاڑی علاقے میں رہتا ہوں۔ سردی کے موسم میں مجھے نزلہ ہو جاتا ہے۔ مارچ تک برا حال رہتا ہے، نزلہ زکا، کھانسی اور گلے کی سوزش دور کرنے والا آسان سا نسخہ بتائیے۔
٭ پہاڑی علاقے کے ایک صاحب کو بھی نزلے کی شدید شکایت تھی۔ میں نے انہیں لہسن کی صرف دو کلیاں صبح نہار منہ ناشتہ کے ساتھ کھانے کے لیے لکھا اور دوہری مرچیں معمولی سا نمک اور آدھی پوتھی لہسن کے جوے پیس کر چٹنی بنانے کے لیے کہا کہ رات کے کھانے میں یہ چٹنی تھوڑی سی مقدار میں ضرور کھائیے ان صاحب نے مجھے لکھا کہ پوری سردی میں آسانی سے میں کام کاج کرتا رہا، نزلہ نہیں ہوا اور نہ ہی جسم میں درد رہا۔ لہسن نے انہیں بہت آرام دیا۔
آپ بھی سردی کے موسم میںلہسن استعمال کیجیے، فائدہ ہوگا۔ شہتوت کا موسم آئے تو شہتوت کھائیے، اس سے بھی نزلہ زکام یا الرجی نہیں ہوتی۔ آپ کسی قصائی سے ہڈیاں اور گودے والی نلکیاں پندرہ بیس روپے کی خرید لیجیے۔ اس میں نمک یا دار چینی کے چند ٹکڑے اور چھلے ہوئے لہسن کی ایک ڈیڑھ پوتھی ڈالیے، ایک بڑی پیاز کاٹ کر ملائیے۔ ایک چمچہ سفید زیرہ اور پانچ لونگ ڈال کر خوب پکائیے۔ پانچ چھ گھنٹے ہڈیوں کی یہ یخنی پکتی رہے۔ پانی ہڈیوں سے اوپر رہنا چاہیے تاکہ ہڈیوں کا ست نکل آئے۔ پانی کم ہوجائے تو اور ڈال دیجیے۔ گرم گرم یخنی خود بھی پیجئے او رگھر والوں کو بھی پلائیے۔ سردی کے موسم میں قوت بخش مشروب ہے۔ طاقت بھی آئے گی اور نزالہ زکام بھی دور ہوگا۔
ذہن تیز کرنے کا نسخہ
میری عمر نو سال ہے۔ قرآن پاک حفظ کر رہا ہوں، ذہن تیز کرنے کے لیے مفید ٹوٹکے بتائیے۔ دوسرا مسئلہ یہ کہ میرے پاؤں پھٹ جاتے ہیں۔ تیسرا مسئلہ شائع نہ کریں بس جواب دے دیں۔
٭ بیٹے! تمہارا خط ملا۔ ذہن کو تیز کرنے کے لیے تو بادام، کشمش اور اخروٹ وغیرہ ہیں۔ جو تم کھاتے ہوگے۔ اپنی امی سے کہو تمہارے لیے دیسی گھی والا گاجر کا حلوہ بنائیں اور اس میں بادام پستے ملادیں تاکہ وہ صحت بخش ہوجائے۔
رات کو پیروں پر پٹرولیم جیل لگا کر موزے پہن کر سوئیں، پاؤں ٹھیک ہوجائیں گے۔ تمہارا تیسرا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا، امی سے کہو کہ سفید تل لاکر رکھیں۔ ایک پاؤ تل آدھ سیر سوجی، آدھی چھٹانک مونگ پھلی اور ایک چھٹانک بادام کی گری لے کر کوٹ کر اس کے لڈو بنائیں۔ ایک پاؤں گھی میں سوجی بھون کر سفید تل، بادام اور مونگ پھلی کوٹ کر ملادیں پھر آدھ سیر چینی یا گڑ لے کر تھوڑے سے پانی میں شیرا بنا کر سب چیزیں ملا کر لڈو بنالیں۔ ایک یا دو لڈو دن میں کھانے سے پیشاب والا تمہارا مسئلہ ٹھیک ہوجائے گا۔ ویسے اس کی دوا تم کسی ہومیو پیتھک ڈاکٹر سے لے سکتے ہو۔ تلوں کے لڈو بڑے مزے کے ہوتے ہیں، کھا کر دیکھو۔