مشوہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

سوال: گرمی کے موسم میں میرا چہرہ بہت چکنا رہتا ہے۔ دھوپ میں نکلنا پڑے تومسئلہ بن جاتا ہے۔ گردن کے پیچھے گرمی دانے نکل آتے ہیں۔جن پر سر کے بال لگنے سے بھی تکلیف ہوتی ہے۔ اس کے لیے بتائیے، کیا کروں؟

٭ گرمی کی شدت اور فضا کی آلودگی چہرے اور گردن کو متاثر کرتی ہے۔ گرمی کے موسم میںجہاں تک ہو سکے پیشانی اور گردن کو دوپٹہ سے ڈھانپ کر نکلیں تاکہ براہ راست دھوپ کی تپش اور گرمی سے بچ سکیں۔ آپ بازار سے ملتانی مٹی اور عرق گلاب لاکر فریج میں رکھیے۔ایک بڑا چمچہ پسی ہوئی ملتانی مٹی میں اتناعرق گلاب ڈالیں کہ نرم پیسٹ بن جائے۔ اس میں چٹکی بھر ہلدی اور پسی ہوئی دارچینی ملائیں۔ پانچ قطرے شہد کے ملا کر ماسک کی طرح چہرے پر لگائیں۔ دس منٹ بعد صاف کر کے منہ دھوئیں۔ خشک ہونے پر صرف عرق گلاب لگائیں۔ دھوپ میں جانے سے پہلے سن بلاک لگائیے۔ گھر آکر منہ دھو کر کھیرے کے چند قتلے چہرے پر رکھیے خصوصاً دونوں آنکھوں پر، ٹھنڈ کا احساس ہوگا۔ باہر جاتے وقت ایک یا دو گلاس پانی ضرور پی کر جائیے۔گرمی کے موسم میں پانی زیادہ سے زیادہ پینا چاہیے۔ گردن کے پیچھے آپ پرکلی ہیٹ پائوڈر لگائیں، نہانے سے پہلے ملتانی مٹی گلاب کے عرق میں بھگو کر دس منٹ کے لیے گردن پر لگا کر بعد میں نہائیں۔ آپ چہرہ اور گردن ڈھانپ کر نکلیں، تو یہ مسئلہ نہیں ہو گا۔

گرمی لگ جاتی ہے

سوال: بعض دفعہ لو کی تپش سے پیاس بھڑک جاتی ہے۔ گرمی میں لو لگ جائے، تو کیا کریں؟

٭کچے آم کو آگ میں بھلبھلا کر اس کا رس نکالیں اور دو گلاس پانی ملا کر اس میں تھوڑی چینی اور نمک ملائیں۔ دو تین بار پلائیں، اسی طرح کچھ خواتین کچا آم پانی میں ابال کر پانی کے چھینٹے بھی جسم پر مارتی ہیں۔ پانی ٹھنڈا ہونا چاہیے۔ ٹھنڈے یخ پانی کی پٹیاں رکھنی چاہئیں۔ لیموں پانی پیجیے، جو کے ستو شکر کے ساتھ پیئے جائیں،تو سکون ملتا ہے۔

زیتون

سوال: زیتون کا تیل گرم ہوتا ہے۔ ہم اسے گرمی میں استعمال نہیں کر سکتے۔ اسی طرح بازار میں زیتون کا پھل بوتلوں میں نظر آتا ہے، وہ بھی عام استعمال میں نہیںآتا۔ اس بارے میں بتائیں؟

٭ زیتون بہت فائدہ مند ہے اور بہت سارے امراض کا علاج بھی۔رسول پاکؐ کا ارشاد ہے: ’’زیتون کا پھل کھائو کیونکہ اس میں 70بیماریوں کا علاج ہے جس میں ایک کوڑھ بھی ہے۔‘‘ اس میں گرمی سردی کی تخصیص نہیں۔ اسے لگانا بھی چاہیے، کھانا بھی چاہیے۔ معدہ، آنتوں اورپیٹ کے بیشتر امراض زیتون کھانے سے دور ہوتے ہیں۔ زیتون کی خصوصیت یوں بھی عیاں ہوتی ہے کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے زیتون کی قسم کھائی ہے۔ آج سے نہیں بلکہ زمانہ قدیم سے لوگ اس سے فائدہ اٹھاتے آرہے ہیں۔ قرآن پاک کے علاوہ توریت اور انجیل میں بھی اس کا ذکر ہے۔ جدید تحقیق کے مطابق اس میں موجود وٹامن ڈی جلد اور ہڈیوں کو بڑھاپے کے اثرات سے بچاتا ہے۔ شیرخور بچوں کے جسم کی مالش زیتون کے تیل سے کی جائے تو وہ جلدی موٹے بھی ہوتے ہیں، ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔زیتون کا پھل سلاد میں ڈالا جاتا ہے۔ آج کل پیزا شوق سے کھایا جاتا ہیں اس پر بھی زیتون کا پھل لگاتے ہیں۔ اب تو زیادہ تر لوگ زیتون کے تیل میں کھانا پکانے لگے ہیں۔ آپ زیتون کا تیل جسم پراوربالوں میں لگا سکتے ہیں۔ چمچ بھر پی سکتے ہیں اور اس کاپھل بھی کھائیں۔ زیتون کا پھل، بیج، چھال، تیل سب کارآمد ہیں اور مختلف بیماریوں میں دوائی کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

ازدواجی زندگی

سوال: ہمارا چھوٹا سا فلیٹ ہے، ساس، بیمار سسر، دو نندیں ایک کمرے میں رہتی ہیں۔ دوسرے میں ہم میاں بیوی اور دو بچے رہتے ہیں جن کی عمریں آٹھ اور چھ سال ہیں۔چند ماہ سے میرے شوہرچڑچڑے اوربدمزاج ہوتے جارہے ہیں۔ میں بہت کوشش کرتی ہوں سارے معاملے صحیح رہیں۔ اسلامی ذہن کی ہوں، سب کی خدمت کرنا اپنا اوّلین فرض سمجھتی ہوں۔ اسی طرح شوہر سے بھی کسی طرح کی ڈیمانڈ نہیں کرتی۔ جو ملتا ہے اس میں گزارہ کر لیتی ہوں۔ پتا نہیں ہماری ازدواجی زندگی کیوں متاثر ہورہی ہے؟ کیا کروں؟

بی بی! زندگی اللہ کی عطا کردہ نعمت ہے۔ آپ جس طرح گھر والوں کی خدمت کر رہی ہیں۔ اس کا صلہ ،تو صرف اور صرف اللہ تعالیٰ ہی دینے والا ہے۔ میں آپ کی بات سمجھ رہی ہوں۔ مگر یہ مسئلے زندگی کے ساتھ ساتھ چلتے رہتے ہیں۔ آپ کا میکہ اسی شہر میں ہے تو کبھی چھٹی والے روز میاں کے ساتھ جایا کریں۔ تھوڑا سا ماحول بدل جائے گا، بچوں کو لے کر کسی پارک میں یا کسی سیرگاہ میں جا سکتی ہیں۔ ہمارے ہاں بہت سارے مسائل ہیں جو جگہ کی تنگی، پیسے کی کمی کے باعث سے پیدا ہوتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ سب ٹھیک ہو جائے گا۔آپ کے شوہر کو آپ کی بھرپور توجہ چاہیے۔ ان کو اکیلا مت چھوڑئیے۔ کچھ اچھا وقت ان کے ساتھ بھی گزارئیے۔

پپیتا

سوال: کھانے کے بعد پیٹ بھاری لگتا ہے۔ دوسری بات یہ کہ قبض رہنے لگا ہے اور اس کی وجہ سے سر درد بھی ہے۔ میرے چہرے پر کبھی بھی چھائیاں یا دھبے نہیں پڑے۔ اب ساری جلد کھردری ہے۔

٭ آپ کھانا کھانے کے بعد پپیتے کی دو تین قاشیں کاٹ کرکھائیں۔ پپیتا ہاضم ہے۔ کھانے کو بھی ہضم کرے گا۔ قبض قدرتی طور پر ختم ہو جائے گی۔دن میں دو بار پپیتا کھائیں۔ قبض نہیں رہے گا تو سر درد بھی ختم ہو گا اور ہاں پپیتے کی ایک پھانک چھیل کر کانٹے سے اچھی طرح ملائم کر کے اپنے چہرے پر صرف دس منٹ کے لیے لگائیں۔ بعد میں ٹشو پیپر سے منہ صاف کر کے پانی سے دھو لیجیے۔ اس پھل میں ایسے خامرے ہوتے ہیں جو اندر سے صفائی کر دیتے ہیں۔ پپیتے کا ماسک چہرے کی جلد کو صاف و شاداب بناتا ہے۔ رنگ صاف کرتا ہے، داغ دھبے، چھائیاں دور کر دیتا ہے۔ آپ کے دونوں مسئلے یہ پھل حل کر سکتا ہے۔

میرے پائوں جلتے ہیں

سوال:گرمی کے موسم میں میرے تلوے بری طرح جلنے لگتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے، کسی نے پیروں میں انگارے بھر دیے ہیں۔ میں دفتر سے آکر جوتے اتارتے ہی پائوں دھوتا ہوں۔ مگر یہ جلن دور نہیں ہوتی۔ ایسا لگتا ہے کہ میرے تلوے جل جائیں گے۔ یہ صرف گرمیوںمیں ہوتا ہے۔اس کے لیے بتائیں؟

کچھ لوگوں کے ساتھ یہ مسئلہ ہوتا ہے کہ ان کے تلوے جلتے ہیں۔ پہلے زمانے میں لوگ پائوں کے تلوے پر مہندی کے پتے پیس کر لگاتے تھے۔ مگر اب تو اس ٹوٹکے پر کوئی عمل نہیں کرتا۔ آپ اپنی غذائی عادات بدلیے، دوپہر کو ایک پیالہ دہی ضرور کھائیے۔ اس میں درمیانے سائز کا ایک پیاز کاٹ کر ڈالیے، تھوڑے سے دیسی پودینے اور ہرے دھنیے کے پتے،حسب ذائقہ نمک اور کالی مرچ۔ دوسری بات یہ کہ گوشت کم سے کم کھائیں۔ سبزیاں زیادہ، قلفہ کا ساگ ٹھنڈا ہوتا ہے۔ آلو قلفہ پکوائیں اور کسی نہ کسی طرح ہرے گھیے استعمال ضرور کریں۔ گھیے کا رائتہ، گھیے کی بھجیا، گھیے کا سالن ضرور لیں۔ ہرا گھیا لے کر چھلکے سمیت کدو کش کر کے تھوڑے سے دہی میں ملا کر پائوں کے تلووں پر دس پندرہ منٹ مساج کریں۔ تین چار دن بعد کدو کے گول ٹکڑے کاٹ کر دہی یا چھاچھ میں بھگو کر خود پاؤں کے تلووں پر اچھی طرح ملیے۔ دس پندرہ دن کرنے سے تلووں کی جلن دور ہو جائے گی۔ کدو گرمی کو دور کرتا ہے۔ روغن کدو آسانی سے مل جاتاہے۔بازار میں اچھے دواخانوں میں دستیاب ہے۔ گرمی، خشکی، سردرد، نیند کی کمی، ٹینشن، چڑچڑاپن، کاہلی دور کرنے کے لیے سالہا سال سے کامیابی کے ساتھ استعمال کیا جارہا ہے۔ سر اور کنپٹیوں پر اس کی مالش کی جاتی ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں