موسم سرما کی مناسبت سے جلد کی دیکھ بھال اور میک اَپ

ماخوذ

سردی کا موسم بہت سی خواتین کے لیے بہت سارے مسائل لے کر آتا ہے کیوں کہ اس موسم میں ان کی جلد کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم اگر آپ تھوڑی سی توجہ دیں تو آپ اس موسم سے لطف اندوز ہوسکتی ہیں اور آپ کی جلد بھی محفوظ رہ سکتی ہے۔ یاد رہے کہ موسم سرما میں آپ کی جلد کو غیرمعمولی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے اور اسکی وجہ یہ ہوتی ہے کہ تیل پیدا کرنے والے غدود جو کہ جلد کے بالکل نیچے واقع ہوتے ہیں، غیر فعال ہوتے ہیں اور معمول سے کم نمی پیدا کرتے ہیں۔ ایک تو یہ وجہ اوپر سے سورج کے اثرات اور تنگ ہوا کی وجہ سے جلد خشک ہونے لگتی ہیں اور بالآخر جلد پر باریک لکیریں نمودار ہونے لگتی ہیں۔ اس کے علاوہ جلد دیگر مسائل سے بھی دوچار ہوجاتی ہے مثلاً چھلکے سے اترنا، خارش، سرخ ہوجانا، ڈھیلا پڑجانا اور ایگزیماء وغیرہ۔

ان مسائل سے نمٹنے کا طریقہ یہ ہے کہ ان کا توڑ کیا جائے اور صابن کا استعمال بالکل بند کر دیا جائے کیوں کہ صابن کا استعمال جلد میں موجود چکنائی کو کم کرتا ہے۔ اس کی بجائے اپنے چہرے کو ملک کریم یا دودھ کی بالائی کو لیموں کے جوس میں بلینڈ کر کے لگائیں۔ اس میں چٹکی بھر ہلدی بھی ڈال دیں۔ کاسمیٹکس کا زیادہ استعمال ہیئر ڈرائر اور اسپرے، گرم پانی سے دیر تک غسل اور پرفیوم کا استعمال۔۔۔ یہ سب آپ کے بالوں کو خشک کرتے ہیں۔ ہر رات بستر پر جانے سے قبل ایک ٹیبل اسپون ملک کریم لے کر اس میں چند قطرے گلیسرین، زیتون کا تیل اور عرق گلاب شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اسے پورے چہرے پر لگائیں۔ گردن اور ہاتھ پر بھی ملیں۔ ساری رات لگا رہنے دیں۔ ٹیشو پیپر کی مدد سے چہرہ صاف کرلیں۔ اس کے بعد گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔ جلد گرم پانی سے گرم ہوجائے تو اب ٹھنڈے پانی سے دھوئیں اور نرم تولیہ کی مدد سے تھپتھپا کر چہرہ صاف کرلیں۔

غسل کرنے سے قبل زیتون یا ناریل کے تیل میں چند قطرے عرق گلاب ملا کر پورے جسم کا مساج کریں۔ اس سے آپ کی جلد نرم اور چمک دار ہوجائے گی۔ اگر خشکی کی وجہ سے جلد چھلکے کی طرح ہوگئی ہے تو اپنی غذائیں وٹامن ’’اے‘‘ کا استعمال زیادہ کریں کیوں کہ یہ وٹامن جلد کے بالکل نیچے چکنائی میں اسٹور ہوجاتا ہے جلد کے خشک ہونے کا عمل زیادہ شدید ہے کہ تو اس وٹامن کی گولیاں بھی لی جاسکتی ہیں تاہم اس کو زیادہ استعمال نہ کیا جائے کیوں کہ اس کی زیادتی جسم پر منفی اثرات پیدا کرسکتی ہے۔ اچھا ہوگا کہ استعمال سے قبل ڈاکٹر سے مشورہ کر لیا جائے۔

سردیوں میں جلد کا ایک اور عارضہ عام طور پر ایگزیما کی صورت میں ہوتا ہے۔ ابتداء میں جلد کی سطح سرخ ہو جاتی ہے مگر بعد میں خشک اور کھردری ہوجاتی ہے۔ اس سلسلے میں دو موثر نسخے بتائے جا رہے ہیں:

ایک عدد اخروٹ کو گرینڈ کر کے اس کا تیل نکال لیا جائے۔ یعنی اس قدر گرینڈ کیا جائے کہ پیسٹ بن جائے۔ اس سے نکلے تیل کو متاثرہ جگہ پر دن میں چند بار لگائیں۔ اگر اس سے فائدہ نہ ہو تو ذیل کا نسخہ آزمائیں۔

خشک ناریل یعنی کھوپرا لے کر اسے چمٹے سے پکڑیں اور آگ میں جلائیں۔ جب یہ جل کر بالکل سیاہ ہوجائے اور یہ گرم بھی ہو تو اسے ٹین کی پلیٹ میں رکھیں اور کسی برتن سے فوراً ڈھک دیں۔ چند سیکنڈ کے بعد ڈھکّن ہٹائیں گی تو آپ کو ڈھکن پر تیل کی ایک تہہ ملے گی۔ اس تیل کو دن میں دو مرتبہ متاثرہ جگہ پر لگائیں (رگڑ کر) ۔۔۔۔ ایک ہفتہ میں آرام آجائے گا۔

جلد پر خارش بھی سرد موسم میں اکثر ہوتی ہے۔ ایک ٹیبل اسپون صندل کی لکڑی کا تیل لیں اور اسی مقدار میں ناریل کا تیل لے کر اچھی طرح مکس کرلیں، دن میں دو مرتبہ خارش زدہ حصے پر اسے لگائیں، آرام آجائے گا۔ بیسل کے پتوں کا جوس بھی مؤثر ہے۔

ایک اور خارش بہت سخت قسم کی ہوتی ہے جسے ’’ونٹراچنگ‘‘ کہتے ہیں۔ یہ عموماً جلد کے زیادہ خشک ہوجانے کی صورت میں ہوتی ہے۔ ضرورت ہے زیادہ گرم کپڑے، ہاٹ باتھ لینے، سورج کی روشنی میںکم جانے، پسینے کا خارج نہ ہونے، ضرور ت سے زیادہ صابن اور پرفیوم کے استعمال اور غیر متوازن غذا کی وجہ سے بھی ہوجاتی ہے۔ ہاتھ اور پاؤں عام طور پر اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ اسے کم سے کم کرنے کے لیے روزانہ غسل کرنے سے قبل دو ٹیبل اسپون دہی اور زیتون کا تیل لے کر اچھی طرح مکس کریں۔ اس میں عرق گلاب کے چند قطرے بھی ڈال لیں۔ اچھی طرح مکس کر کے غسل سے قبل بدن پر اس مکسچر کو لگائیں۔ گرم کپڑے براہ راست جلد سے نہ ٹکرائیں۔ اندر کچھ پہن کر پھر گرم کپڑے پہنیں ہاٹ باتھ کم سے کم کردیں۔ اسی طرح صابن کا استعمال بھی کم کر دیں۔ گولیوں کی شکل میں وٹامن ’’اے‘‘ لیں اور روزانہ کم سے کم ایک گھنٹہ دھوپ میں ضرور بیٹھیں۔ ہر موسم میں جسم سے تھوڑا بہت پسینہ نکلنا چاہیے۔ اس سے جلد کو نرم اور نم رہنے میں مدد ملتی ہے۔

اگر آپ کے ہونٹ خشک ہوکر پھٹنے اور چھلکے کی طرح اترنے لگتے ہیں تو نسخہ ملاحظہ فرمائیں۔ گلاب کا ایک پھول لیں اور اس کے بیجوں کو پیس کر پیسٹ بنالیں۔ اسی میں تھوڑی سی دودھ کی بالائی ملائیں اور ہونٹوں پر قدرے دباؤ کے ساتھ تب لگائیں جب آپ سونے جا رہے ہوں۔ اس سے ہونٹ نرم اور خوبصورت نظر آئیں گے۔ منہ کے آس پاس کی جلد خشک ہونے کی شکایت عموماً پائی جاتی ہے۔ اس معاملے میں وٹامن ’’بی‘‘ کی گولیاں کارآمد رہیں گی۔ ہاتھوں کو خارش اور پھٹنے سے بچانے کے لیے گھریلو کام کاج کرتے وقت دستانے (ربر کے) پہنے جائیں۔ بستر پر دراز ہونے سے قبل لیموں کا جوس، گلیسرین، عرق گلاب اور کولون یکساں مقدار میں لے کر پورے ہاتھوں پر اچھی طرح لگائیں۔ گھریلو کام کاج کرنے کے بعد ہاتھوں پر گلیسرین اور شوگر رگڑیں اور دو منٹ کے بعد دھولیں۔ اس سے بھی آپ کے ہاتھ نرم اور ہموار رہیں گے۔

موسم سرما میں جلد کی حفاظت؟

موسم کے بدلتے ہی چہرے کی جلد کی حفاظت کے انداز میں تبدیلی آجاتی ہے۔ اور خواتین اپنی جلد اور خوبصورتی کے حصول کی خاطر کیا کیا ٹوٹکے آزماتی ہیں تاکہ ان کی جلد جواں اور خوبصورت دکھائی دے۔ رنگت یا نکھار کے لیے خواتین بیوٹی پارلر کا رخ یا کریموںکا استعمال کرتی ہیں۔ لیکن گھریلو ٹوٹکے بھی آزماتی ہیں۔ ایسی خواتین کے لیے کچھ ٹوٹکے دیے جا رہے ہیں۔

٭ تازہ اور چمکدار جلد کے لیے تھوڑی سی دہی میں تین قطرے سفید سرکہ ملا دیں۔ اور اس کو دس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں یہ آپ کے چہرے کو تر و تازگی اور چمک کے ساتھ فیشل جیسی خاصیت فراہم کرے گا۔

٭ چہرے پر موجودہ چھائیوں یا گہرے نشانات کو ختم کرنے کے لیے دن میں دو یا تین بار عرق گلاب کو چہرے پر لگائیں۔ اس سے چہرے پر لگے نشانات ختم ہوجائیں گے۔ اور آپ کی جلد کی دلکشی میں اضافہ ہوگا۔

ہونٹوں کی خشکی دور کرنے کے لیے دو قطرے کیمو مائل تیل، دو قطرے گل شمدانی کا تیل، اور دو چائے کے چمچ ایلو ویراجیل، ان سب کو ملا کر پیسٹ بنالیں۔ اور روزانہ تین بار ہونٹوں پر لگائیں۔

٭ چہرے پر موجود داغ اور نشانات ختم کرنے کے لیے ایک انڈے کی زردی میں چند قطرے زیتون کا تیل ملا کر پیسٹ بنا لیں اور چہرے پر لگائیں اور نشانات سے چھٹکارا حاصل کریں۔

٭ صبح سویرے کچے دودھ کی آدھی پیالی میں بیسن یا ابٹن ملا کر پیسٹ بنا لیں۔ اور چہرے پر لیپ کریں۔ دو منٹ بعد انگلیوں کے پوروں سے اوپر سے نیچے آہستہ آہستہ ملیں۔ ابٹن نیچے گرتا جائے گا۔ یہاں تک کہ چہرہ ساف ہوتا جائے گا۔ اب چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ کچے دودھ کی خوشبو دور کرنے لیے ٹالکم پاؤڈر ہتھیلیوں میں مل کر چہرے کو ہاتھوں سے آہستہ آہستہ تھپتھپائیں۔ چہرے کی جلد نرم بلکہ مخملی ہوجائے گی۔

٭ ۔۔۔۔ جھائیاں دور کرنے کے لیے آدھے لیموں کے رس میں دو چمچ بیسن آدھا چمچ ہلدی ملا کر آمیزہ بنالیں۔ اور اس کا ماسک چہرے پر لگائیں۔ اس سے جھائیاں کافی حد تک ختم ہوجاتی ہیں۔ سفید تل دودھ میں ڈال کر پیس لیں اور سوتے وقت چہرے پر ملیں۔ صبح اٹھ کر کسی اچھے صابن سے منہ دھولیں۔ جھائیاں دور ہوجائیں گی۔ اور چہرہ نکھر جائے گا۔ دن میں بھی چہرے کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ دن میں چار سے پانچ بار منہ دھوئیں۔

٭ ۔۔۔۔ جھریاں ختم کرنے کے لیے کچھ بادام تھوڑے پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ پھر اسی پانی میں بادام پیس لیں۔ یہ آمیزہ رات کو چہرے پر لگائیں۔ اور صبح کسی معیاری صابن سے منہ دھولیں۔ دس تولہ شہد میں ایک لیموں کا رس ملا کر چہرے پر لیپ کریں۔ اور پندرہ منٹ بعد دھولیں۔ جھریاں ختم ہونے کے علاوہ جلد کے کھلے مسام بھی بند ہوجائیں گے۔

٭ ۔۔۔۔۔ ٹماٹر کے ٹھنڈے ٹکڑوں کو روزانہ چہرے پر لگائیں۔ اس سے آپ کی جلد نرم اور ملائم ہوجائے گی۔ ٹماٹر جلد سے میل کو بھی ختم کردے گا۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں