موٹاپا اور تین ’چ‘

حکیم عبدالوحید سلیمانی

حکیم نوید احمدسے میرا تعلق اس وقت سے ہے جب وہ طبیہ کالج میں پڑھتے تھے۔ وقت گزرتا گیا اور حکیم نوید کی شادی ہوگئی۔ طبیعت میں کچھ کسل مندی تھی لہٰذا کچھ عرصہ بعد ان کا جسم موٹا ہونا شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ گوشت کا پہاڑ بن گئے۔ ایک دن ملاقات ہوئی تو میں نے ان سے کہا: ’’حکیم صاحب! آپ ورزش نہیں کرتے کیا؟‘‘

کہنے لگے: ’’مطب سے وقت ہی نہیں ملتا۔‘‘

میں نے کہا:’’اس طرح تو آپ بہت زیادہ موٹے ہوجائیں گے۔‘‘ پھر میں نے پوچھا: ’’آپ نے کبھی اپنا وزن معلوم کیا ہے؟‘‘

کہنے لگے:’’ نہیں۔‘‘

میںنے کہا:’’ اگلی دفعہ جب آپ آئیں تو اپنا وزن کرکے آئیں۔‘‘

انھوں نے ’’اچھا‘‘ کہا اور چلے گئے۔ تقریباً ایک ماہ بعد دوبارہ تشریف لائے۔ میں نے پوچھا: ’’شیخ صاحب وزن کیا؟‘‘

شرما گئے، کہنے لگے: ’’میرا وزن 120 کلو ہے۔ اب تو مجھے چلنے میں بھی دقت ہوتی ہے۔‘‘

میں نے کہا : ’’دوائی چاہتے ہیں یا غذائی علاج؟‘‘

کہنے لگے:’’سردست کوئی پرہیزی علاج بتادیں۔‘‘

میں نے کہا: ’’حکیم صاحب! آپ تو جانتے ہی ہیںکہ پرہیز علاج سے بہتر ہے۔ پرہیز پوری پابندی سے کرنا ہوگا۔ اگر کسی قسم کی بدپرہیزی ہوگئی تو فائدہ نہیں ہوگا۔‘‘

انھوں نے وعدہ کیا: ’’میں پرہیز کروں گا، کسی قسم کی بے اعتدالی نہیں کروں گا اور ایک ماہ کے بعد آپ کو رپورٹ دوں گا۔‘‘

میں تاکید کرتے ہوئے بولا: ’’نوید صاحب آپ کو تین ’چ‘ سے بچنا ہوگا۔‘‘

کہنے لگے: ’’میں سمجھا نہیں، تین چ سے آپ کی کیا مراد ہے؟‘‘

میں نے کہا: ’’چینی، چاول اور چکنائی…. تینوں ’’چ‘‘ سے شروع ہوتے ہیں۔ انہیں بالکل ترک کردیں۔ چینی کی جگہ شہد استعمال کریں، شہد جسم کی چربی اور چربیلے مادے دور کرتا ہے۔ چاول کسی بھی شکل میں استعمال نہ کریں، نہ پھیکے نہ میٹھے اور نہ نمکین۔ چکنائی میں اتنی رعایت ہے کہ مکئی کا تیل، سورج مکھی کا تیل اور روغن زیتون تھوڑی مقدار میں استعمال کرسکتے ہیں۔ ان تینوں تیلوں میں کولیسٹرول کم مقدار میں ہوتا ہے۔‘‘

میں نے انھیں دوسری ہدایت یہ دی کہ روزانہ فجر کے بعد ۴ کلو میٹر پیدل چلیں۔ انھوںنے منصوبے پر عمل کرنے کا وعدہ کیا اور چلے گئے۔ ٹھیک ایک ماہ بعد دوبارہ آئے، کہنے لگے : ’’حکیم صاحب! چینی اور چکنائی تو مکمل طور پر چھوڑدی لیکن میں چاول نہیں چھوڑ سکتا، دوسری بات یہ کہ پیدل چند دن تو چلا لیکن مستقلاً ایسا نہ کرسکا۔‘‘

میں نے پوچھا: ’’وزن میں کچھ کمی ہوئی؟‘‘

کہنے لگے: ’’ایک مہینے میں میرا وزن 12 کلو کم ہوگیا۔ پہلے 120 تھا، اب 108 رہ گیا۔‘‘

میں نے کہا : ’’اسی منصوبے کو جاری رکھئے، چاول بھی مکمل بند اور ۴ کلو میٹر چلنے پر بھی روزانہ عمل کیجیے۔‘‘

انھوں نے وعدہ کرلیا اور چلے گئے۔ دو ماہ مزید گزرنے کے بعد وہ میرے پاس آئے۔ میں نے پوچھا: ’’شیخ صاحب کیا صورت حال ہے؟‘‘

کہنے لگے: ’’بہت فٹ ہوں، آپ کو کیسا نظر آرہا ہوں؟‘‘

میں نے کہا: ’’اب تو آپ بہت اسمارٹ نظر آرہے ہیں۔‘‘

کہنے لگے: ’’دو ماہ میں میرا 24 کلو وزن کم ہوگیا ہے۔ اب میرا وزن 84 کلو ہے۔ چاول چھوڑنا اگرچہ بہت مشکل کام تھا لیکن میں نے دل پر جبر کرکے چھوڑ دیے۔ پیدل چلنا شروع شروع میں تو مشکل لگا لیکن پھر میں اس کا عادی ہوگیا۔‘‘

حکیم نوید احمد صاحب سے اب بھی ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ ابھی پچھلے ماہ ملاقات ہوئی تو کہنے لگے ’’گزشتہ تین برس میں تقریباً ٹھیک ہی رہا ہوں۔ اگرچہ مہینے میں ایک دو بار چاول کھالیتا ہوں لیکن وزن کبھی 82/83 کلو سے نہیں بڑھا۔ میں اللہ کا شکر گزار اور آپ کے لیے دعا گو ہوں جنھوں نے صرف پرہیز کے ذریعے میرا وزن کم کردیا۔‘‘

اس کے بعد میں نے اسی منصوبے کے مطابق بے شمار لوگوں کو پرہیز کروایا۔ جنھوں نے مکمل پرہیز کیا، انھیں تو یہی فوائد حاصل ہوئے، لیکن جو وعدہ کرگئے اور صحیح معنوں میں عمل نہیںکرسکے، ان کے وزن میں کمی تو ہوئی، لیکن خاطر خواہ نہیں۔

بعد ازاں اس پرہیز کے ساتھ میںنے دو دوائیں بھی شروع کروادیں۔ اس میں ایک تو عرق مہزّل ہے جو موٹاپا دور کرتا ہے اور دوسری اکسیر گوکھرو ہے۔ اکسیر گوکھرو میں نے پرانے بخار، رحم کی رسولی، گلٹی اور چھاتی کے سرطان کے لیے تیار کیا تھا مگر یہ موٹاپا دور کرنے میں بھی مفید ثابت ہوئی۔

اکسیر گوکھرو کا نسخہ درج ذیل ہے:

مصبر 100 گرام، سملو 100 گرام، شاہترہ 100 گرام، کٹکی 200 گرام، کنڈ یاری 200 گرام، دھمانسہ 200 گرام، ہلدی 200 گرام اور گوکھرو 200 گرام۔

ان سب اشیاء کو کوٹ کر باہم ملالیں اور کپڑے سے چھان کر چار رتی کے کیسپول بھر لیں۔ صبح شام نہار منہ ایک کیپسول عرق مہزل نصف پیالی کے ساتھ لیں۔ عرق مہزل بنانے کا نسخہ بھی درج ذیل ہے:

سونف، سوئے، ریٹھ کا چھلکا، ادرک، پودینہ، اجوائن، ہر ایک 250 گرام ، املتاس 750 گرام، ان سب کو 18 کلو پانی میں بھگو کر رات کو رکھ دیں اور ان میں سے 10 کلو عرق کشید کریں۔ اگر عرق نہ کشید کرسکیں تو املتاس 15 گرام اور باقی اشیاء پانچ پانچ گرام 3 پاؤ پانی میں بھگوکر رات کو رکھ دیں اور آگ پر گرم کریں۔ جب پانی ڈیڑھ پاؤ رہ جائے تو صبح و شام ایک پیالی استعمال کریں۔

یہ ادویہ تین ماہ مسلسل استعمال کرنی ہیں۔ بفضل خدا موٹاپے سے نجات مل جائے گی۔ میں نے ایک صاحب تصنیف دوست کو’’ 3 چ‘‘ کا نسخہ بتایا۔ انھوں نے ایک اور ’چ‘ یعنی چٹخارے دار چیزیں شامل کرکے اسے اپنی نئی کتاب میں شامل کرلیا۔

]مرسلہ: ڈاکٹر اقبال احمد ریاض، وانم باڑی، اردو ڈائجسٹ لاہور سے ماخوذ[

ll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں