نعت

سرفراز بزمی سوائے مادھو پور (راجستھان)

روشنی روشنی… میرے پیارے نبی

زندگی زندگی … میرے پیارے نبی

آپ آئے تو دنیا سنورنے لگی

ظلم مٹتا گیا مٹ گئی بیکسی

بنت حوا نے پایا حق زندگی

زندگی کو ضرورت تھی جس چیز کی

آپ نے بخش دی … میرے پیارے نبی

جب ہویدا ہوئیں برکتیں آپ کی

غم کے ماروں کی قسمت چمکنے لگی

تاجور بن گئے رومی و فارسی

ایک حبشی کو مخلوق کہنے لگی

سیدی! سیدی! … میرے پیارے نبی

آپ رحمت سراپا، سراپا کرم

آپ کی خاکِ پا رَشک جاہ و حشم

سید الانبیاء، آپ شام امم

آپ مہر عرب، آپ ماہ عجم

روشنی روشنی … میرے پیارے نبی

آپ شمس الضحیٰ آپ بدر الدجیٰ

آپ کے زیر پا سدرۃ المنتہیٰ

آپ ہی کا دیا، حق کا روشن دیا

آپ ہی کے وسیلے سے قرآں ملا

رونق زندگی … میرے پیارے نبی

اے! دو عالم کے سردار! میں آگیا

ایک ’’مجرم گنہگار‘‘ میں آگیا

امتی تیرا سرکار! میں آگیا

اے شفاعت کے حق دار! میں آگیا

’’سرفراز خطا کار‘‘ میں آگیا

تیرا بزمی وہی … میرے پیارے نبی

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں