ٹماٹر : غذا بھی، دوا بھی

تنویر فاطمہ

ٹماٹر کو پھل اور سبزی دونوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ۱۸۹۳ء میں امریکی سپریم کورٹ کے ایسوسی ایٹ جج نے فیصلہ دیا کہ علمِ نباتات کی رو سے ٹماٹر پھل ہے۔ آج کے دور میں سب جانتے ہیں کہ ہر انسان کو حیاتین کی تھوڑی مقدار ضرور لینی چاہیے۔ حیاتین الف، حیاتین ب اور حیاتین ج انسانی صحت کے لیے ضروری ہیں۔ جسم کی طاقت اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے انہیں اپنی غذا میں شامل کرنا چاہیے۔ ٹماٹر میں یہ تینوں حیاتین موجود ہیں۔ اس کے کھانے سے بھوک لگتی ہے اور کھانا ہضم ہوتا ہے۔ ٹماٹر کا رس کئی بیماریوں کے لیے مفید ہے۔ خون کی کمی، چہرے اور آنکھوں کی زردی اور موٹاپا جیسے امراض دور ہوجاتے ہیں۔

پرانے طبیب اعصابی تھکن، دائمی قبض اور بڑھے ہوئے پیٹ کے لیے دو ٹماٹر کترتے اور ایک درمیانہ سائز کا پیاز کاٹ کر دھوکر ملاتے، پھر ہرا پودینہ کاٹ کر تھوڑا سا ملا دیتے۔ ایک ہفتے یہ سلاد کھلاتے۔ جن کو جوڑوں کا درد ہوتا، اسی سلاد میں ایک ٹکڑا ادرک شامل کردیتے۔ جو لڑکے گرم طبیعت اور جوشیلے مزاج کے ہوتے، اس میں تھوڑا سا ہرا دھنیا ملاکر انھیں کھلاتے۔

مسوڑھے پھول جائیں، خون نکلتا ہو تو پکے ہوئے ٹماٹر کاٹ کر مسوڑھوں پر آہستہ آہستہ ملئے۔ ایک درمیانہ سائز کا ٹماٹر صبح کے وقت ملئے اور اسی طرح شام کو۔ پانچ دس منٹ ٹماٹر کے چھوٹے ٹکڑے مسوڑھوں پر آہستہ آہستہ ملئے۔ دانت صاف ہوں گے، خون نہیں نکلے گا اور بدبو بھی دور ہوجائے گی۔

آدھ چھٹانک ٹماٹر کے رس میں تھوڑا سا انار کا شربت ملا کر استعمال کرنے سے جگر کا فعل درست ہوجاتا ہے۔ آنتوں کی خراش ہو، باربار دست آتے ہوں تو چند روز میں صحت ہوجاتی ہے۔ ٹماٹر کے استعمال سے بیماریوں کا مقابلہ کرنے والی قوتِ مدافعت بھی بڑھ جاتی ہے۔ ٹماٹر بھوک لگاتا ہے اور مرض رکٹس میں اس کا رس مفید ہے۔ رکٹس جس میں بچوں کے ہاتھ پاؤں ٹیڑھے ہوجاتے ہیں۔

ٹماٹر مانع سرطان ہے

آج کے دور کی نئی تحقیقات کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ٹماٹر میں کینسر کو روکنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس میں حیاتین سی اور ای موجود ہیں۔ ایک ماہر طبی محقق ڈاکٹر ہاچکس کی تحقیق کے مطابق ٹماٹر میں وہ خاص قسم کے تیزاب موجود ہیں جو دیگر پھلوں میں بھی پائے جاتے ہیں اور ان کا اثر حیاتین سی کی طرح ہوتا ہے۔ یہ تیزاب سرطانی رسولی کا باعث بننے والے مضر مادے نائٹرو سومینز کو کم رکھ کر کینسر سے محفوظ رکھتے ہیں۔ یہ مضر اجزا دراصل خاص طور پر بڑے گوشت کی وجہ سے جسم میں پیدا ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں کم ہی لوگوں کو یہ بات معلوم ہے کہ بڑے گوشت کے ساتھ لیموں کا رس اور کچی سبزیاں شامل کی جائیں تو ان مضر اجزا کی مقدا گھٹ جاتی ہے۔

وٹامن ای جسم کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ہر شخص کو روزانہ صرف ۱۵ ملی گرام وٹامن ای لینا چاہیے، مگر نئی سائنسی تحقیق کے مطابق ۸۰۰ ملی گرام وٹامن ای لینے سے جسمانی صلاحیت میں غیر معمولی اضافہ ہوتا ہے۔

ٹماٹر کی کئی شکلیں ہیں … گول، لمبوترا، ناشپاتی کی طرح مخروطی، دھاریوں والا، چوکور ٹماٹر۔ کچے ٹماٹروں کو گھریلو طریقے سے رکھنا چاہیں تو اخبار کے ردی کاغذوں میں لپیٹ کر رکھیں، پک جائیں گے۔ پکے سرخ ٹماٹروں کو کپڑے سے صاف کرکے ان کی ڈنڈی کی جگہ پگھلا موم لگائیں اور کسی ٹرے میں پھیلا کر رکھ دیں۔ ٹماٹر خراب نہ ہوں گے۔ ٹماٹر کی فصل کے دنوں میں آپ فریزر میں سیروں کے حساب سے پلاسٹک کے تھیلوں میں ڈال کر فریز کرسکتی ہیں۔

سائنس دان تازہ ٹماٹروں کے لیے بھی ریسرچ کررہے ہیں تاکہ کسی بھی موسم میں اور کسی بھی وقت آپ تازہ ٹماٹر خرید سکیں۔ امریکی سائنس دان ایسے ٹماٹروں کی افزائش کی کوشش میں مصروف ہیں جو خراب نہ ہوں اور ہمیشہ تازہ رہیں۔ ماہرِ حیاتیات ڈاکٹر ایتھیسنس کہتے ہیں کہ اس جدید ٹیکنک سے ٹماٹر کے ذائقے میں فرق نہیں پڑے گا۔ اگر یہ تجربہ کامیاب ہو گیا تو دوسرے پھلوں اور سبزیوں اور پھولوں پر بھی یہ عمل دہرایا جائے گا۔

ٹماٹر سلاد میں استعمال کیا جاتا ہے۔ گوشت، سبزی، میں ڈالتے ہیں۔ اس سے چٹنی، کیچپ بنتی ہے، سوپ اور یخنی میں ڈالتے ہیں۔ اس کابلی چنے کے پلاؤ میں ذائقے کے لیے ڈالا جاتا ہے۔ سینڈوچ، برگر اور پیزا میں ڈالتے ہیں۔ اس کی بھجیا بنتی ہے۔ سلاد سجانے میں ٹماٹر کام آتا ہے۔ ٹماٹر گوشت، ٹماٹر قیمہ، بھرے ہوئے ٹماٹر، پنیر اور ٹماٹر عام طور پر بنائے جاتے ہیں۔ پیاز کے ساتھ ٹماٹر بھون کر کریلوں میں بھرے جاتے ہیں۔

ٹماٹر کیچپ

ٹماٹر چار کلو، پیاز آدھا کلو، لہسن تیس گرام، چینی ایک کلو، سرکہ ایک کلو پچیس گرام، نمک ایک چھٹانک سے دو چھٹانک، لونگ، سفید زیرہ، بڑی الائچی کے دانے، سیاہ مرچ، سرخ مرچ پسی ہوئی ایک ایک تولہ۔

ترکیب: عمدہ، سخت، سرخ ٹماٹر دھوکر کاٹ لیں اور اسٹین لیس اسٹیل کے برتن میں ہلکی آنچ پر ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ چھلکا اترنے لگے تو اتار کر باریک ململ کے کپڑے یا چھلنی میں چھان لیں۔ جو رس نکلے اسے برتن میں ڈال کر نمک اور چینی شامل کردیں۔ پسے ہوئے مسالے، پیاز اور لہسن کپڑے کی پوٹلی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ گاڑھا ہونے لگے تو سرکہ ملا دیں۔ پانچ منٹ پکا کر اتارلیں۔ پوٹلی نچوڑ لیں اور ٹھنڈا ہونے پر کیچپ بوتل میں بھرلیں۔

ٹماٹر کی چٹنی

ٹماٹر ایک کلو، چینی آدھا کلو، پانی آدھا کلو، کشمش تیس گرام، پیاز درمیانہ ایک عدد، سرخ مرچ آدھا چمچ، نمک حسبِ منشا۔

ترکیب: ٹماٹر دھونے کے بعد کاٹ کر پانی میں ابال کر چھان لیں۔ برتن میں معمولی سا کوکنگ آئیل ڈال لیں اور پیاز باریک کاٹ کر بھورا کرلیں۔ پھر نمک اور چینی ملادیں۔ جب چٹنی گاڑھی ہونے لگے تو کشمش ڈال کر اتار لیں، ہلکی آنچ پر پکائیں۔

کچھ خواتین اس میں تھوڑا سا سرکہ اور تین چار چھوارے کٹے ہوئے اور تھوڑی سی ادرک کاٹ کر پکا کر اتار لیتی ہیں۔

ٹماٹر کا مربہ

سرخ ٹماٹر پونے دو کلو، چینی دو کلو، لیموں تین عدد، پانی دو سو گرام۔

ترکیب: ٹماٹر دھوکر پانی میں ہلکی آنچ پر جوش دیں۔ نرم ہونے پر احتیاط سے چھلکا اتار لیں۔ لیموں کا چھلکا اتار کر اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ بیج نکال دیں۔ چینی اور پانی ملا کر شیرہ پکائیں۔ اس میں ٹماٹر اور لیموں کے ٹکڑے ڈال کر پکائیں۔ جھاگ اوپر آئے تو چمچ سے اتارتے جائیں۔ گاڑھا ہوجائے تو اتارلیں۔ بوتل میں بھر کر رکھیں۔

نوٹ

٭ ٹماٹر اسٹین لیس اسٹیل کی دیگچی میں پکائیے۔

٭ لوہے کی چھلنی یا برتن استعمال نہ کیجیے۔

٭ لکڑی کے چمچ سے ہلاتے رہیے۔

٭ ٹماٹر سرخ اور بے داغ خریدیے۔

ہر چیز کی زیادتی نقصان دہ ہے۔ پہلے ایک کنبے کے افراد کے لیے ایک ہنڈیا میں ایک سے دو ٹماٹر ڈالے جاتے تھے اور سلاد میں بھی دو تین ٹماٹر ملاتے تھے۔ آٹھ دس افراد کے لیے یہ مقدار بہت ہوتی تھی۔ مگر آج کل ٹماٹو کیچپ کا رواج زور پکڑ گیا ہے۔ سموسے، پکوڑے، سینڈوچ اور برگر اس کے بغیر کھائے نہیں جاتے، خصوصاً چھوٹے بچے تو آلو کے چپس اور فنگر چپس ٹماٹو کیچپ میں لت پت کرکے کھاتے ہیں۔ حالانکہ ایک دن میں دو یا تین ٹماٹر سے زیادہ کھانا صحت کے لیے مضر ہے۔

جن لوگوں کو پیشاب اور گردے کی تکلیف ہو ان کے لیے ٹماٹر ٹھیک نہیں۔ ڈاکٹر انھیں ٹماٹر کھانے سے منع کرتے ہیں۔ زیادہ کھانے سے گلے کو بھی نقصان ہوتا ہے۔ خواتین کو چاہیے چھوٹے بچوں کو کیچپ کھلانے کی عادت نہ ڈالیں۔ جن لوگوں کے گردے یا مثانے میں پتھری ہو ان کے لیے ٹماٹر سخت نقصان دہ ہے۔ ان کو چاہیے وہ سالن یا سبزی میں ٹماٹر کے بجائے دہی استعمال کریں۔

ٹماٹر کے غذائی اجزاء

۱۰۰ گرام ٹماٹر میں ۱۴؍ حرارے

پروٹین ایک گرام

نشاستہ پانچ گرام

ریشہ ایک گرام

ٹماٹر کے ٹوٹکے

٭آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے پڑجائیں تو ٹھنڈے پانی میں ٹماٹر ڈال دیں۔ پانچ منٹ بعد ان کے قتلے کاٹ کر آنکھوں کے نیچے رکھیں۔ دس منٹ بعد اتار کر منہ دھو لیں۔ چند روز میں سیاہ حلقے دور ہوجائیں گے۔

٭ صبح نہار منہ ایک درمیانہ سائز کا پکا ہوا ٹماٹر کھانے سے جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے۔ آپ کو گردے کی تکلیف نہیں تو ضرور ایک ٹماٹر کھائیے۔ اس سے زیادہ نہیں۔ دبلی پتلی خواتین یہ ٹوٹکا آزماسکتی ہیں۔

٭ نئے پرانے زخم ہوں تو تھوڑے سے نیم کے پتے پانی میں پکا کر زخم اس سے صاف کریں۔ سوکھنے پر تازہ ٹماٹر کا رس لگائیں۔ دن میں دو تین بار یہ عمل دوہرائیں انشاء اللہ زخم جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146