چنا مشرقِ وسطیٰ اور بحیرۂ روم میں کاشت کی جانے والی ایک انتہائی مفید اور صحت بخش غذا ہے۔ اس کا ہماری روز مرہ کی غذا کے طور پر استعمال صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ اسے کھانے کے طور پر سبزیوں کے ساتھ، سلاد میں، روٹی بنانے میں، حمس تیار کرنے اور چٹنیاں بنانے کے علاوہ کئی دوسرے طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔ چنوں کے صحت کے لیے زبردست اور منفرد فوائد سے تو کوئی انکار نہیں کر سکتا لیکن جلد اور بالوں کو خوب صورت اور صحت مند بنانے کے لیے اس کی اہمیت کم ہی لوگ جانتے ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے چنوں کو کئی انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے جن میں سے چند کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
جھریاں کم کرنے کے لیے
چنوں میں پایا جانے والا میگنیز جلد کے خلیوں کو انرجی پیدا کرنے اور جھائیوں کے خلاف لڑنے میں مدد کرتا ہے۔ اس میں موجود مولیب ڈینم جلد کے اندر سے سلفائیٹ کو صاف کر کے اسے ڈی ٹا کسی فائی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ چنوں میں وٹامن بی اور فولیٹس بھی موجود ہوتے ہیں جو کہ جلد کے لیے غذا کا کام کرتے ہیں۔ چنوں کے استعمال سے جلد سورج کی تیز شعاعوں کے اثرات اور نقصان دہ ٹاک سنز سے بھی محفوظ رہتی ہے۔
فیس پیک
چنوں سے ایک بہترین فیس ماسک تیار کیا جاسکتا ہے۔ چنے کے آٹے (بیسن) کو ہلدی اور پانی میں ملا کر پیسٹ بنا لیں۔ اس سے چہرے کا مساج کریں، یہ فیس پیک جلد کو غذائیت عطا کرے گا۔ اس سے جلد کی ساخت اچھی ہوگی، مردہ خلیات، دور ہوجائیں گے، جلد موائسچرائز ہوگی اور رنگت گوری ہوجائے گی۔
فیس کلینرز
چنے کو ایک قدرتی کلینزر کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ چنے کے آٹے کو ہلدی اور دودھ میں ملا کر پیسٹ سا بنالیں۔ اگر آپ کی جلد زیادہ خشک ہو تو دودھ کی جگہ دہی کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگا لیں۔ دس سے پندرہ منٹ بعد چہرہ ہلکے گرم پانی سے دھولیں۔
بڑھتی عمر کے نشانات
عمر بڑھنے کے ساتھ جلد پر کئی طرح کے داغ اور دھبے نمایاں ہونے شروع ہو جاتے ہیں۔ انھیں دور کرنے کے لیے چنوں کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چنوں کو ابال کر مسل لیں۔ اس میں پانی ملا کر پیسٹ بنائیں اسے چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں۔ خشک ہوجانے پر دھولیں۔ اس نسخے کو مستقل استعمال کرنے سے داغ جھائیاں ہلکی اور پھر غائب ہونی شروع ہو جائیں گی۔ اسے آپ چہرے کے علاوہ جسم کے دیگر حصے جیسے گردن، ہاتھ اور پاؤں وغیرہ پر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔ یہ بے جان اور ڈھلکی ہوئی جلد کو بھی ٹھیک کرتے ہیں۔
داد سے بچاؤ
داد ایک جلدی انفیکشن ہوتی ہے جس سے جلد پر ایک یا ایک سے زائد دائرے بن جاتے ہیں، جن میں خارش اور جلن رہتی ہے۔ اگر ایک ماہ تک بیسن سے بنی روٹی کا استعمال کیا جائے تو اس میں موجود اینٹی سپیٹک خصوصیات کے باعث آپ کو داد کے انفیکشن سے چھٹکارا حاصل ہوجائے گا۔
بالوں کو مضبوط کرتے ہیں
چنوں میں زنک اور وٹامن بی ۶ کثیر مقدار میں موجود ہوتا ہے جو کہ سر کی جلد اور بالوں کے لیے بے حد ضروری ہے۔ اس سے بالوں کا پروٹین بنتا ہے جو وٹامن اے کے ساتھ مل کر بالوں کا جھڑنا روکتے ہیں اور انھیں خوب صورت بناتے ہیں۔ غذا میں چنوں کا استعمال کرنے سے بال مضبوط ہوتے ہیں۔ جسم میں زنک اور وٹامن بی ۶ کی کمی سر کی خشکی کی وجہ بنتی ہے۔ بالوں پر چنوں کا استعمال کرنے کا بہترین طریقہ اس کا پیک بنا کر بالوں پر لگانا ہے۔ بیسن کو ایلو ویرا جیل اور لیموں میں ملا کر بالوں پر لگائیں ایک گھنٹے بعد بال دھولیں۔ اس سے بال کنڈیشنڈ ہوجائیں گے۔ اگر آپ کے بال زیادہ خشک ہیں تو آپ لیموں کی جگہ دہی کا استعمال بھی کرسکتی ہیں۔ یا ماسک لگانے سے پہلے بالوں پر کوئی اچھا تیل بھی لگا سکتی ہیں۔
غیر ضروری بالوں کا خاتمہ
چنے کا ماسک جلد سے غیر ضروری بالوں کو ہٹانے میں مدد کرتا ہے۔ دو بڑے چمچ بیسن میں ایک بڑا چمچ فریش کریم، دو چمچے سندل پاؤڈر اور ایک چمچ زیتون کا تیل شامل کریں۔ پھر ایک چمچ عرق گلاب اور چٹکی بھر ہلدی ملائیں۔ اس پیسٹ کو ابٹن کی طرح خشک خشک بنا کر جلد پر لگائیں۔ تھوڑا ملنے کے بعد اس جگہ کو دھولیں۔ اس سے نہ صرف بال کم ہوجائیں گے بلکہ جلد بھی چمک دار ہوجائے گی۔lll