چند صحت بخش پھلوں کے خواص

چند صحت بخش پھلوں کے خواص

دنیا بھر میں پھل پائے جاتے ہیں، جن کے اپنے اپنے خواص اور خوبیاں ہیں۔ ان کا مناسب استعمال صحت کا ذریعہ اور بعض اوقات بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا وسیلہ بن جاتا ہے۔ ذیل میں چند پھلوں کے خواص کا ذکر ہے۔

سیب: پرانے زمانے کے لوگ کہتے تھے کہ سیب صرف موسم گرما کا پھل ہے، لیکن اس پھل کو موسم سرما میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ سیب غذائیت سے بھرپور ہے۔ اس میں دیگر پھلوں اور سبزیوں کی نسبت زیادہ فاسفورس پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے خون صاف اور رنگت نکھری رہتی ہے۔ جگر کے افعال درست کر کے سستی رفع کرتا ہے، جب کہ اس کا رس خشک کھانسی، امراض معدہ، بلند فشارِ خون، جوڑوں کے درد اور امراض چشم میں مفید ہے۔ نیز گردے میں پتھری بننے کے عمل کو روکتا ہے۔

کیلا: ایک مفید اور ذائقے دار پھل ہے۔ اگر روزانہ کیلے کھائے جائیں تو صحت بنتے دیر نہیں لگتی۔ تاہم، اطباء کا کہنا ہے کہ ایک عدد کیلا کھانے سے قبض کا امکان رہتا ہے، اسی لیے بیک وقت دو تین کھائے جائیں۔ کیلا وٹامنز کی کمی دور کرتا ہے، تو جسم میں شکر کی مقدار کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔ نیز معدے کی جلن میں بھی افاقہ کرتا ہے۔

انار: پرانے وقتوں کے بڑے بزرگوں کا کہنا ہے کہ انار قدرت کی طرف سے ایک ایسا پھل ہے، جس کے سرخ اور سفید دانے انسانی صحت کو جلا بخشتے ہیں۔ یہ بات آج بھی غلط نہیں کہی جاسکتی۔ انار کے ہر دانے میں توانائی اور طاقت کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین طب اچھی صحت اور ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے انار کے رس کو ایک بہترین ٹانک قرار دیتے ہیں۔

خربوزہ

خربوزہ زود ہضم بھی ہے اور قبض کشا بھی۔ اس کا ذائقہ میٹھا، جب کہ تاثیر سرد ہے۔ یہ ہر عمر کے افراد کے لیے مفید ہے، البتہ اسے خالی پیٹ نہ کھایا جائے۔

تربوز

تربوز موسم گرما کا پھل ہے، جو صرف جسم میں پانی کی ہی کمی پوری نہیں کرتا، بلکہ اس کے رس میں موجود قدرتی اجزا خون کے دباؤ کی سطح نارمل رکھتے ہیں اور دل کے امراض کے خلاف موثر ثابت ہوتے ہیں۔ پیشاب آور ہے، خون کی کمی دور کرنے میں اکسیر، تو گرمی کے بخار کے لیے مفید ہے۔ تاہم اگر اسے زیادہ مقدار میں استعمال کیا جائے تو بدہضمی، گیس اور اپھار کی وجہ بن جاتا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146