چند گھریلو ترکیبیں اور بیوٹی پارلر سے نجات

حسن آرا۔ ملک وال

خوب صورت او رپرکشش نظر آنا ہر خاتون اور ہر بچی کی زبردست خواہش ہوتی ہے۔ آج کل یہ سمجھا جاتا ہے کہ خوب صورتی صرف بیوٹی پارلر جاکر ہی مل سکتی ہے، اسی لیے تو آج کل کی بڑی عمر کی خواتین ، نوجوان لڑکیوں اور بچیوں سبھی کو بیوٹی پارلر جانے کا جنون ہوتا ہے اور ایسے میں وہ خواتین جن کی مالی حیثیت ایسی نہیں ہوتی کہ وہ بیوٹی پارلر جاکر اس سے فیض یاب ہوسکیں۔ وہ بے چاریاں مایوسی کے عالم میں اپنا دل مسوس کر رہ جاتی ہیں، کیوں کہ وہ چاہتے ہوئے بھی بیوٹی پارلر نہیں جاسکتیں اور نہ ہی ان کے پاس اتنا بجٹ ہوتا ہے کہ وہ یہ مہنگا شوق اپنا سکیں۔ ایسی خواتین سے عرض ہے کہ بیوٹی پارلر جانا کوئی ایسی خاص بات نہیں جس کے لیے آپ احساس محرومی کا شکار ہوں۔ خاص بات یہ ہے کہ بیوٹی پارلر کی کیمیاوی اشیا کے بغیر بھی آپ کی جلد اچھی اور خوب صورت لگے اور آپ کی شخصیت میں حسن و دلکشی پائی جائے۔ کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے ایک طریقے سے استعمال کرنے سے خواتین بیوٹی پارلرز کے بنا ہی صحت مند جلد اور نکھار پاسکتی ہیں۔ اس کے لیے بس آپ کو گھر پر کچھ کام انجام دینے ہوں گے او رآپ کو لازوال نکھار میسر آئے گا۔

کیل مہاسوں کا علاج

کیل مہاسوں سے بچنے کے لیے اور چہرے کی صاف شفاف جلد کے لیے چھلے ہوئے آلو کا رس ایک چائے کا چمچہ لیموں کے رس میں شامل کرلیں اور اس پیسٹ سے چہرے کا مساج کریں۔ یہ عمل روزانہ کریں اور لگانے کے ایک گھنٹہ بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس عمل سے نہ صرف چہرے کی جلد فریش اور تروتازہ ہوجائے گی، بلکہ چہرے پر ہر روز پڑنے والی گرد کو بھی مساموں میں جمع ہونے کا موقع نہیں ملے گا۔ کیل مہاسے انہی مساسوں کے بند ہونے کے بعد پیدا ہوتے ہیں اور اچھے خاصے چہرے کو خراب کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے نیم کے پتے لے کر کچل لیں اور ملتانی متی بھگو کر اس میں شامل کردیں، ان دونوں کو اچھی طرح ملا کر اس کا پیست بنا لیں اور روزانہ سے چہرے پر لیپ کریں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگانے کے پندرہ منٹ بعد چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ چند دن کے مسلسل استعمال سے کیل مہاسے ختم ہوجائیں گے۔

آنکھوں کی تھکن

اگر آنکھوں میں مسلسل تھکن محسوس ہوتو آنکھیں موند کر پپوٹوں کو کچھ دیر تک برف کی ٹکڑیوں سے ٹکور کریں اور ذہن کو پرسکون رکھیں۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد آنکھوں کی تھکن ختم ہوجائے گی۔

کٹے پھٹے ہونٹ

اگر ہونٹ کٹے پھٹے یا خشک ہوں تو ان کی قدرتی نمی بحال کرنے کے لیے ناریل کا تیل دو چمچے، تھوڑا سا لیموں کا رس، یہی کوئی تین قطرے لیمن آئل اور ایک چائے کا چمچہ Beeswax، ان سب کو لے کر ہلکا سا گرم کرلیں۔ جب یہ سب اچھی طرح مکس ہوجائیں تو اس پیسٹ کو محفوظ کر کے رکھ لیں اور اس سے ہونٹوںپر مساج کریں۔ اس سے ہونٹ نہ صرف خوب صورت ہوجائیں گے، بلکہ ان کی قدرتی نمی بھی واپس لوٹ آئے گی۔

چہرے اور بازووں کی جلد

چہرے اور بازوؤں کی جلد نکھارنے کے لیے ناریل کا تیل، ٹماٹر کا رس اور پسی ہوئی ہلدی لگ بھگ ہم وزن لے کر تینوں کا پیسٹ بنالیں۔ اس کے بعد روزانہ سونے سے پہلے اس پیسٹ سے چہرے اور بازوؤں کا اچھی طرح مساج کریں اور تقریباً آدھے یا پون گھنٹے کے بعد اسے نارمل پانی سے دھولیں۔ صرف چند دن کے استعمال سے ہی آپ کی جلد گوری اور چمک دار ہوجائے گی۔

چہرے اور گردن کا مساج

دہی ایک چائے کا چمچہ، ناریل کا تیل ایک چائے کا چمچ اور چٹکی بھر پسی ہلدی لے کر ان کا پیسٹ بنالیں اور پھر اس پیسٹ سے اپنے چہرے اور گردن کا نرم نرم انگلیوں سے اچھی طرح مساج کریں۔ استعمال کے آدھے گھنٹے بعد چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس طرح کے مساج کے چند دن بعد ہی آپ کو واضح فرق نظر آئے گا اور آپ کا چہرہ اور گردن سب بالکل صاف نکھری نکھری ہوجائے گی۔

بالوں کی حفاظت

بالوں کی حفاظت کے لیے ایک کینو کا عرق نکال لیں اور اس میں حسب ضرورت پانی ڈال لیں۔ اس کے بعد اس میں پانچ قطرے شہد اور پانچ قطرے عرق صندل بھی شامل کر کے اچھی طرح ملالیں اور پھر بالوں میں ہلکے ہاتھ سے اچھی طرح لگالیں۔ لگ بھگ پندرہ یا بیس منٹ بعد بالوں کو صاف پانی سے دھولیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ہفتے تک کریں۔ آپ محسوس کریں گی کہ اس سے آپ کے بال لمبے اور چمک دار ہونے لگے ہیں۔

بھدے ناخنوں کا علاج

خواتین کے ہاتھوں کے ناخن گھریلو کام کاج کرنے کی وجہ سے بھدے اور خراب ہوجاتے ہیں۔ انہیں صحت مند اور چمک دار بنانے کے لیے لیموں اس کا بہترین علاج ہیں۔ لیموں استعمال کے بعد اس کا بچا ہوا رس اور اس کے ریشوں سے اپنے ہاتھوں کے ناخنوں کا مساج کریں تو ناخن مضبوط اور چمک دار ہوجائیں گے۔

مذکورہ بالا چیزوں کے استعمال سے پیسے بھی بچیں گے اور وقت بھی اور ساتھ ہی کیمیکل سے بنی چیزوں کے سائڈ ایفکٹ سے بھی محفوظ رہیںگی۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146