چہرے اور جسم کے روئیں سے نجات

سمیرا معین

 نوجوان بچیوں کے چہروں پر بال عموماً اُگے نظر آتے ہیں۔ یہ مسئلہ بہت عام ہوگیا ہے۔ بعض چہروں پر یہ بال نہایت باریک ہوتے ہیں جنہیں ’رواں‘ کہا جاتا ہے۔ لیکن کچھ خواتین کے چہروں پر کافی نمایاں ہوتے ہیں۔ عموماً پندرہ سے سولہ سال کی عمر میں یہ بال نکلنے لگتے ہیں۔ ان کے نمودار ہونے کی چند وجوہ درج ذیل ہیں:

۱- وراثت

۲- لڑکیوں کا لڑکوں والے طور طریقے اپنانا

۳- ماہانہ نظام کی خرابی

یہ بال رواں کی طرح ہیں، تو ان سے نجات پانے کے لیے آدھی چمچی دہی چہرے پر ملیے، اتنی شدت سے کہ رواں خود اترنے لگے۔ اس کے بعد بیسن سے منہ دھو لیجیے۔

اگر بال کالے اور سخت ہیں، تو زیادہ تر خواتین ’’تھریڈنگ‘‘ کے ذریعے ان سے چھٹکارا پاتی ہیں لیکن اس طریقہ کار کی خامی یہ ہے کہ بال جلد دو بارہ نکل آتے ہیں اور عموماً ان کی تعداد بھی زیادہ ہوجاتی ہے۔ مزید برآں ویکسنگ بھی ایسے بالوں کا ایک علاج ہے جو کچھ بہتر ہے کیوں کہ ویکس کرنے کے بعد بال دوبارہ دیر سے نکلتے ہیں اور آہستہ آہستہ بالکل ختم ہوجاتے ہیں۔

آپ چاہیں تو ویکس گھر میں بھی بنا سکتی ہیں۔ اس کی سادہ سی ترکیب یہ ہے کہ گڑ کو آٹے میں ملا کر پگھلالیں۔ جب آمیزہ ٹھنڈا ہوجائے تو بالوں پر لگائیں۔ جب بال آمیزے سے اچھی طرح ڈھک جائیں، تو اس پر سوتی کپڑا چپکالیں۔ تھوڑی دیر بعد کپڑا کھینچ لیں۔ لیکن خیال رہے کہ کپڑا بالوں کی مکالف سمت کھینچنا ہے۔ بال ساتھ ہی اتر آئیں گے۔

پہلے خواتین توری یا کدو کی سبی سے جسم دھوتی تھیں تو ان کے جسم پر بال نہیں نکلتے تھے کیوں کہ سبی رگڑنے سے بال آہستہ آہستہ ختم ہوجاتے ہیں۔ آج کل بال ختم کرنے کے لیے کئی سہولیات دستیاب ہیں مگر مسائل بھی اتنے ہی زیادہ ہیں۔ اس لیے جسم سے رواں ختم کرنے کے لیے سبی کا استعمال ہی بہترین ہے۔ چہرے کو بیسن سے دھویا جائے تب بھی بال آہستہ آہستہ ختم ہوجاتے ہیں۔ ایک ضروری بات یہ ہے کہ ویکس کے بعد جہاں سے بال اتارے گئے ہوں، وہاں برف ملیے تاکہ بالوں کی نشو و نما کم سے کم ہو۔

فیشل کرنے سے بھی بال کم ہوتے ہیں لیکن اس کا سامان انتہائی مہنگا ہے اور عموماً کئی خواتین نہیں خرید سکتیں۔ ان کے لیے میں دیسی فیشل کا طریقہ لکھ رہی ہوں۔

۱- سب سے پہلے چہرے اور ہاتھوں پر بیس منٹ تک لیموں کے عرق کا مساج کیجیے۔ لیکن آنکھوں پر لیموں یا فیشل کی کوئی چیز نہیں لگانی۔

۲- اس کے بعد چہرے پر بیس منٹ تک بالائی کا مساج کریں۔

۳- پھر بیس منٹ تک بھاپ لیں۔

۴- بھاپ لینے کے بعد روئی سے آہستہ آہستہ ناک کی جلد صاف کریں۔

۵- بعد کو ترش مالٹے کے چھلکے کے اندر والے حصے سے اپنا چہرہ اچھی طرح رگڑیں۔

اگر جلن ہو رہی ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ مندرجہ بالا مراحل طے کرنے کے بعد صحیح نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ورنہ پھر آپ نے مساج کرنے میں کام چوری دکھائی ہے۔ بہرحال بیس منٹ تک چھلکے سے اچھی طرح مساج کرنا ہے۔

۶- اس کے بعد ایک انڈے کی سفیدی، شہد ایک چمچہ اور دودھ دو چمچ اچھی طرح ملا کر چہرے پر یہ آمیزہ لگائیں، یہ ماسک آدھ گھنٹے تک لگا رہنا ضروری ہے۔

۷- جب آمیزہ خشک ہو جائے تو نیم گرم دودھ میں روئی ڈبو کر اس کی مدد سے اوپر سے نیچے کی جانب یہ ماسک اتار لیں۔

۸- اس کے بعد نیم گرم پانی سے منہ دھولیں۔

یہ یاد رکھیے کہ مساج ہمیشہ شہادت کی انگلی کی مدد سے نیچے سے اوپر کی جانب کرنا چاہیے۔

یاد رکھیے کہ بال ایک دم کبھی ختم نہیں ہوتے۔ اگر آپ مہینے میں چار دفعہ فیشل کرتے ہوئے روزانہ دہی لگائیں اور مسلسل بیسن سے منہ دھوئیں تو تین ماہ تک آپ کے پچہتّر فیصد بال ختم ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ بال ختم کرنا چاہ رہی ہیں تو آج ہی سے عمل شروع کریں تاکہ اپنے احساس کمتری سے چھٹکارا پاسکیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں