کام کے ٹوٹکے

ماخوذ

٭ نقلی پھولوں اور پتوں کو تازہ کچے دودھ سے صاف کیجیے، بالکل چمک جائیںگے۔

٭ لہسن جلد چھیلنے کے لیے اسے نمک کے پانی میں کچھ دیرکے لیے ڈبو دیں اور پیاز کی کڑواہٹ سے بچنے کے لیے اسے درمیان سے کاٹ کر ٹھنڈے پانی سے دھوکر پھر کاٹیے۔ اس طرح پیاز آنکھوں میں جلن پیدا نہیں کرے گا۔

٭ جلی ہوئی جلد پر فورا ٹوتھ پیسٹ اور گلیسرین کا آمیزہ لگادیں، اس سے جلن کم ہوگی اور چھالے بھی نہیں پڑیں گے۔

مچھلی کی بو

مچھلی کو تلتے وقت اگر گھی میں تھوڑی سی اجوائن شامل کرلی جائے تو نہ صرف مچھلی کی بو نہ پھیلے گی بلکہ اس کا ذائقہ بھی بہتر ہوجائے گا۔

اگر مچھلی کو دھونے سے پہلے اس پر آٹے اور نمک کا آمیزہ لگا کر اسے دھویا جائے اور پھر تھوڑا سا پسا ہوا لہسن لگایا جائے تب بھی بو ختم ہوجاتی ہے۔

مچھلی کے ٹکڑوں کو ململ کے کپڑے میں پوٹلی باندھ کر آدھ گھنٹے کے لیے کچی زمین میں دبادیں تو بو ختم ہوجائے گی۔

سفیدی کے داغ

سفیدی کروانے سے فرش پر دھبے لگ جائیں، تو وہ نئے فرش سے خصوصا چمٹ جاتے ہیں۔ انہیں مٹانے کیلیے پہلے تاروں والے برش سے آہستہ آہستہ سفیدی کے داغ اتاریے۔ جب وہ ہلکے پڑجائیں تو ان پر کپڑے دھونے والا سوڈا اور ذراسا پانی ڈال کر صفائی والے برش سے خوب رگڑیں، سارے دھبے صاف ہوجائیں گے اور فرش چمکنے لگے گا۔

اونی کپڑے کیسے دھوئیں؟

ہلکے گرم یا تازہ پانی میں سرف کا جھاگ بنائیے، اس میں اونی کپڑے بھگودیں اور آہستہ آہستہ تھپک کر دھوئیں، پھر صاف پانی سے نتھار لیں۔ کپڑے گرم پانی میں نہ ڈالیں ورنہ ان کے نرم ریشے سکڑ جاتے ہیں۔

ایک طریقہ یہ ہے کہ ریٹھے پیس لیں۔ ان کا سفوف پانی میں ڈال دیجیے اور تھوڑا سا سرف بھی ڈالیں۔ ہاتھ سے جھاگ بنالیں۔ پھر پانی میں کپڑے ڈبو کر انہیں صاف کرلیں۔اس کے بعد تازہ پانی میں دھولیں۔

گھی کے داغ

اگر کپڑے پر چکنائی کا دھبہ لگے تو فورا اس پرٹالکم پاؤڈر چھڑک دیں اور دس منٹ بعد برش سے صاف کردیں، داغ ختم ہوجائے گا۔ اگر پاؤڈر موجود نہ ہو تو چاک پیس کر ڈالیں اور دس منٹ بعد چھاڑ دیں۔ اگر کپڑا بڑھیا یا ریشمی ہو، تو پانی میں ایک چمچ ایمونیا حل کر کے پانی سے دھبہ صاف کریں۔ اسپرٹ سے بھی دھبہ دور ہوسکتا ہے۔

بالوں کا لاجواب تحفہ

ریٹھا، آملہ، بالچھڑ اور مہندی کے پتے پچاس پچاس گرام لے کر پانچ کلو پانی میں ہلکا سا کوٹ بھگودیں اور اسے آدھ گھنٹے تک ابالیں۔ یہ پانی محفوظ رکھیں اور روزانہ اسی سے بال دھوئیں، صابن یا شیمپو ہرگز استعمال نہ کریں۔ بالوں کے جملہ امراض کا یہ شافی علاج ہے۔

پھٹی ہوئی ایڑیاں

پھٹی ہوئی ایڑیاں بہت بری لگتی ہیں۔ انھیں درست کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ موم اور چھوٹے گوشت کی چربی ہم وزن آگ پر پگھلائیں اور ٹھنڈی ہونے سے پہلے ایڑیوں پر لگائیں۔ بعد کو جرابیں پہن کر سوجائیں۔ صبح یہ آمیزہ اتار دیں۔ چند دنوں کے استعمال سے ایڑیاں ٹھیک ہوجائیں گی۔

چند قطرے گلیسرین ہتھیلی پر ڈالیں اور اتنا ہی پانی ملالیں۔ اب اسے لوشن کی طرح پھٹی ہوئی ایڑیوں پر لگائیں۔ خصوصاً رات کو سوتے وقت۔ چند دن کے استعمال سے ایڑیاں نرم ہوجائیں گی۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں