کس موسم میں کون سا رنگ پہنیں؟

نادیہ حسین

ملک بھر میں گرمی اس وقت اپنے جو بن پر ہے۔ خواتین اس موسم میں سب سے زیادہ خریداری لان کے ملبوسات کی کرتی ہیں۔ عید بھی قریب ہے۔ اس مناسبت سے بازاروں میں جابہ جا لان کے کپڑوں کی بہار ہے۔ آج کل لان کے کڑھائی والے ملبوسات ہر عمر اور ہر طبقے کی خواتین میں بے حد مقبول ہیں۔ خواتین کی اکثریت کپڑوں کا انتخاب کرتے وقت ان کے پرنٹ کو اہمیت دیتی ہے۔ ملبوسات خریدتے وقت موسم کی مناسبت سے ان کے رنگوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔ جن رنگوں کے لباس ہم پہنتے ہیں، وہ نہ صرف ہماری شخصیت کے آئینہ دار ہوتے ہیں، بلکہ ہمارے مزاج، رویوں اور ماحول پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ ہر رنگ اپنی ایک تاثیر اور توانائی رکھتا ہے۔ کچھ رنگوں کا مزاج گرم ہوتا ہے تو کچھ کا سرد۔ آج کل چوں کہ شدید گرمی کا موسم ہے، اس لیے کپڑوں کا انتخاب کرتے ہوئے ایسے رنگوں کا انتخاب کرنا چاہیے جو موسم کی شد ت سے مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔ پہلے بات کرتے ہیں ان رنگوں کی جن کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔

سفید رنگ

سفید رنگ کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔ اس میں سورج کی تیز شعاعوں کو منعکس کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ سورج کی تیز شعاعوں کو جسم میں جذب ہونے سے روکتا ہے۔ اسکول اور کالج یونی فارم میں سفید رنگ شامل ہوتا ہی ہے، یونی ورسٹی کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو ملبوسات خریدتے وقت ایسے کپڑے کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں سفید رنگ نمایاں ہو۔ تیز دھوپ میں باہر نکلتے وقت سفید رنگ کا اسکارف یا دو پٹہ سر ڈھانپنے کے لیے موزوں رہتا ہے۔

آسمانی

یہ رنگ چوں کہ نیلے رنگ میں سفید رنگ کی آمیزش سے بنتا ہے، اس لیے اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔ ملازمت پیشہ خواتین اور یونی ورسٹی کی طالبات دن کے اوقات میں ایسے کپڑوں کا انتخاب کرسکتی ہیں جن میں آسمانی رنگ نمایاں ہوں۔

گلابی رنگ

نوعمر اور نوجوان لڑکیوں کی اکثریت گلابی رنگ پسند کرتی ہے۔ اس رنگ کا مزاج بھی ٹھنڈا ہوتا ہے۔ گلابی رنگ ہر عمر کی خواتین پر جچتا ہے۔ اس رنگ کی یہ خوبی ہے کہ یہ ہر قسم کی تقریبات میں پہنا جاسکتا ہے۔ شادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا مذہبی تقریبات، یہ ہر جگہ آپ کی شخصیت کو باوقار انداز دیتا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں گلابی رنگ کے ملبوسات دن اور رات کے اوقات میں یکساں طو رپر زیب تن کیے جاسکتے ہیں۔

نیلا رنگ

اس رنگ کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔ یہ رنگ گہرا ہوتا ہے، اس لیے گرمیوں کے موسم میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لیے انتہائی موزوں رہتا ہے۔ گرمیوں میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لیے نیلے رنگ پر سلور رنگ کی کڑھائی یا کام دانی آپ کی شخصیت میں چار چاند لگادے گی۔

سبز رنگ

تاثیر کے لحاظ سے سبز رنگ بھی ٹھنڈے رنگوں میں شامل ہے۔ سبز رنگ کو دیکھتے ہی ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔ اس رنگ میں بھی یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ اسے دن او ررات کے اوقات میں یکساں طور پر پہنا جاسکتا ہے۔ شادی بیاہ کی تقریبات کے لیے بھی سبز رنگ کے ساتھ سلور کڑھائی یا کام گرمیوں کی مناسبت سے موزوں رہتا ہے۔

فیروزی رنگ

یہ رنگ بھی نیلے اور سفید رنگ کی آمیزش سے بنتا ہے، اس لیے اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔ گرمیوں میں دن کے وقت پہننے کے لیے یہ موزوں رنگ ہے۔ ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو یہ رنگ پہننا چاہیے۔

سرمئی رنگ

گرمی کے موسم میں دن کے وقت پہننے کے لیے سرمئی رنگ ایک موزوں رنگ ہے۔ نوجوان اور نو عمر لڑکیاں سمجھتی ہیں کہ سرمئی رنگ صرف عمر رسیدہ خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ اس رنگ کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے، اس لیے اگر آپ چاہیں تو اسے اپنی پسند کے کسی دوسرے رنگ کے ساتھ کمبی نیشن بنا کر پہن سکتی ہیں۔

سی گرین

یہ رنگ نیلے اور سبز رنگوں کی آمیزش سے بنتا ہے، اس لیے اس کا مزاج بھی ٹھنڈا ہوتا ہے۔ گرمی کے موسم میں رات کی تقریبات میں پہننے کے لیے یہ ایک بہترین رنگ ہے۔

جن رنگوں کا مزاج گرم ہوتا ہے، گرمی کے موسم میں انہیں پہننے سے حتی الامکان گریز کرنا چاہیے۔ اب بات کرتے ہیں ان رنگوں کی جو گرمی کے موسم میں پہننے کے لیے بالکل موزوں نہیں ہیں۔

سیاہ رنگ

کالا یا سیاہ رنگ مزاج کے اعتبار سے انتہائی گرم رنگ ہے۔ یہ سورج کی شعاعوں کو تیزی سے اپنے اندر جذب کرتا ہے، جس کی وجہ سے یہ رنگ پہن کر اگر ہم دن کے وقت باہر نکل جائیں تو ہمیں شدید گرمی کا احساس ہوتا ہے۔ گرمی کے موسم میں سیاہ اسکارف یا دو پٹہ اوڑھ کر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔ البتہ رات کی تقریبات کے لیے آپ چاہیں تو سلور کام کے ساتھ پہن سکتی ہیں۔ جو خواتین عبایا پہنتی ہیں انہیں چاہیے کہ گرمیوں میں سیاہ کے بجائے اپنی پسند کے کسی ہلکے رنگ کا عبایا پہنیں تاکہ گرمی کا احساس کم ہو۔

نارنجی رنگ

یہ رنگ بھی مزاج کے اعتبار سے انتہائی گرم ہوتا ہے۔ گرمی کے موسم میں تو دن کے وقت دیکھنے سے ہی یہ آنکھوں میں چبھتا ہے، اس لیے گرمی میں نارنجی رنگ پہننے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

زرد رنگ:پیلا یا زرد رنگ بھی مزاج کے لحاظ سے گرم ہوتا ہے۔ گرمیوں میں دن کے وقت پہننے کے لیے یہ بالکل موزوں نہیں، البتہ رات کی تقریبات میں سلور کام کے ساتھ پہنا جاسکتا ہے۔

سرخ رنگ:لال یا سرخ رنگ بھی مزاج کے اعتبار سے ایک گرم رنگ ہے۔ اسی وجہ سے یہ رنگ گرمی کے موسم میں دن کے وقت پہننے کے لیے موزوں نہیں ہے، لیکن رات کے وقت پہنا جاسکتا ہے۔

ایک بات کا خیال رکھیں کہ گرمیوں میں شادی بیاہ کی تقریبات کے لیے کام بنواتے وقت سلور رنگ کا انتخاب کریں، کیوں کہ یہ ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے۔

گرمی کے موسم میں کپڑے خریدتے وقت یہ بات بھی پیش نظر رکھیں کہ ہلکے رنگوں کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔ ان رنگوں کے علاوہ کاسنی، انگوری، بادامی، پیچ، فان، بسکٹی وہ رنگ ہیں جنہیں آپ اپنی عمر کے لحاظ اور موقع محل کی مناسبت سے پہن سکتی ہیں جو نہ صرف موسم کی شدت سے مقابلہ کرنے میں آپ کی مدد کریں گے بلکہ آپ کی شخصیت کو بھی جاذب نظر بنائیں گے۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146