پانی جلد کی قدرتی چمک اور صحت کے لیے کتنا ضروری ہے یہ تو سب ہی جانتے ہیں۔ روزانہ آٹھ سے دس گلاس پانی پینے سے نہ صرف جسم کے اندر موجود مضر اجزا کا خاتمہ ہو جاتا ہے بلکہ جلد نرم و ملائم اور چمک دار نظر آتی ہے۔ لیکن صرف پانی ہی جلد کی صحت کے لیے اہم کردار ادا نہیں کرتا بلکہ بہت سے پھل اور غذائیں بھی ایسی ہیں جن کے استعمال سے جلد کی چمک اور تازگی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ذیل میں چند ایسی ہی غذائیں اور ان کے فوائد بتائے جا رہے ہیں، جن کے روزانہ استعمال سے آپ پہلے سے زیادہ خوب صورت اور نکھری نکھری نظر آئیں گی۔
اسٹرابیری
جی ہاں، اسٹرابیری، جلد کی صحت اور نکھار میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس میں پائے جانے والے اجزا جلد کی بہتر نشو و نما کرتے ہیں اور اسے بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں۔ الفاہائیڈرو آکزل ایسڈ جلد کے بے جان خلیوں کا خاتمہ کرتا ہے اور وٹامن سی جلد پر موجود داغ دھبوں اور دانوں کی نشو ونما روک دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اسٹرابیری کا استعمال، سورج کے مضر اثرات سے بھی بچاتا ہے۔
ٹماٹر
روز مرہ غذا میں ٹماٹر کے جوس یا ٹماٹر کی چٹنی کا استعمال چہرے پر موجود کیل مہاسوں اور دانوں کو ختم کرتا ہے اور چہرے پر موجود شکنوں اور جھریوں کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ ٹماٹر میں اینٹی آکسیڈنٹ کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے جو جلد پر موجود ناپسندیدہ داغ دھبوں کا خاتمہ کرتی ہے۔
کینو، نارنگی
کینو جلد کی صحت کے لیے نہایت مفید پھل ہے۔ یہ آپ کی جلد کو نکھار کر چمک دار بناتا ہے۔ کینو میں موجود وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ جلد کو صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور وٹامن ای اور آئرن کے جذب ہونے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ جلد کے لیے کینو بہت فائدہ مند ہے۔ یہی وجہ ہے اسکن کیئر پروڈکٹس میں بھی اس کا استعمال عام ہے۔