گھر کی سجاوٹ

مدیحہ بدر

شاید ہی کوئی ایسی خاتون ہو جسے اپنے گھر کو سجانے اور خوب سے خوب تر بنانے کی تمنا نہ ہو، لیکن بہت سی خواتین کے ساتھ کچھ یوں بھی ہوتا ہے کہ جب وہ اپنے گھر کی سجاوٹ میں تبدیلی کرنے کی خواہاں ہوتی ہیں تو بہت سارے خیالات ان کے ذہن میں گڈمڈ ہوجاتے ہیں اور سمجھ میں ہی نہیں آتا کہ کس طرح گھر کو سجایا جائے۔ تو آئیے! ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ گھر کس طرح سجایا جائے۔ ذیل میں گھر کو سجانے کے مختلف طریقے بیان کیے جا رہے ہیں، شاید یہ طریقے گھر سجانے میں آپ کے مدد گار ثابت ہوسکیں۔

ڈرائنگ روم گھر کا وہ حصہ ہے جسے مہمان سب سے پہلے دیکھتے ہیں اور اگر آپ کا ڈرائنگ روم سلیقے سے سجا ہوا نہ ہو تو اس سے مہمان پر آپ کی شخصیت کا تاثر کچھ اچھا نہیں پڑے گا۔

اگر ڈرائنگ روم کی سجاوٹ کی بات کی جائے تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس کام میں بہت پیسے خرچ ہوجائیں گے، لیکن آپ کا یہ خیال درست نہیں ہے۔ اگر ڈرائنگ روم کی سجاوٹ میں کچھ چیزوں کا خیال رکھا جائے تو آپ کا سادہ سا ڈرائنگ روم بھی مہمانوں پر بہت اچھا تاثر قائم کر سکتا ہے۔ ڈرائنگ روم کی سجاوٹ میں سب سے پہلی بات تو یہ یاد رکھی جائے کہ کبھی بھی آپ اپنی سینٹر ٹیبل کو مختلف شو پیس سے نہیں بھریں، کیوں کہ جب آپ مہمانوں کے لیے چائے، مشروبات یادیگر لوازمات کی ٹرے اندر لاکر رکھیں گی تو سب سے پہلے دو شو پیس آپ کو سائیڈ میں کرنا پڑیں گے، جو کہ ظاہر ہے آنکھوں کو بھلا محسوس نہیں ہوگا۔ سینٹر ٹیبل پر اگر صرف آپ ایک گلدان میں تازہ یا کاغذی پھول ہی رکھ دیں تو اس سے ایک تو ٹیبل بھی خالی خالی نہیں لگے گی اور ٹرے رکھتے وقت آپ کو جلدی جلدی چیزیں بھی نہیں ہٹانا پڑیں گی۔

اگر آپ کے ڈرائنگ روم کے صوفوں کا رنگ گہرا ہے تو اس پر ہلکے رنگ کے کشنز رکھیں اور اگر صوفوں کا رنگ ہلکا ہے تو پھر اس پر گہرے رنگ کے بیک کشنز نمایاں اور اچھے لگیں گے، اگر کشنز سادہ ہیں تو پھر آپ ان پر خوب صورت سی کڑھائی یا پینٹنگ کرلیں تو اس سے اس کی جاذبیت بڑھ جائے گی۔

اگر ڈرائنگ روم کی کسی دیوار پر آپ بڑی سی پینٹنگ کرلیں تو اس سے اس کی خوب صورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔

ڈرائنگ روم میں رکھے شو پیسز کی جگہیں تھوڑے تھوڑے عرصے کے بعد تبدیل کرتی رہیں۔ علاوہ ازیں ضروری نہیں ہے کہ آپ اپنے گھر میں موجود سارے شوپیسز سے ڈرائنگ روم کو بھر دیں بلکہ تھوڑے سے شوپیسز علیحدہ بھی رکھ دیں اور کچھ دنوں کے بعد انہیں تبدیلی کے لیے ڈرائنگ روم میںرکھ دیں، اس طرح آپ کا ڈرائنگ روم مہمانوں کو اچھا تاثر دے گا۔

ہمیشہ یہ بات یاد رکھیں کہ اگر آپ کا ڈرائنگ روم بڑا ہے اور اس کی دیواریں ہلکے رنگ کی ہیں تو آپ گہرے رنگ کے صوفے اور پردے استعمال کریں اور اگر چھوٹا ہے تو ہلکے رنگ کے صوفے اور پردے استعمال کریں۔

بیڈ روم

بیڈ روم کی سجاوٹ کرتے وقت اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ آپ کے بیڈ روم میں کون سا رنگ پینٹ کیا گیا ہے۔ اسی رنگ کی مناسبت سے آپ کارپٹ کا رنگ منتخب کریں یعنی اگر آپ کے بیڈ روم کا پینٹ ہلکا گلابی ہے تو اس میں میرون، سرخ یا گلابی شیڈ کا کارپیٹ خوب صورت معلوم ہوگا۔ اس کے برعکس اگر آپ نیلے یا ہرے رنگ کا کارپیٹ بچھالیں گی تو وہ آنکھوں کو بہت بدنما لگے گا۔ اگر آپ کے کمرے میں سفید پینٹ کیا ہوا ہے تو اس پر آپ کسی بھی رنگ کے کارپیٹ اور پردے استعمال کر سکتی ہیں۔

بیڈ روم کی دیواروں پر آپ اس کمرے کے سائز اور اس میں سونے والوں کی شخصیت کے مطابق پینٹنگز بھی لگائیں۔ یعنی اگر کمرہ بچوں کے سونے کا ہے تو آپ اس میں بچوں کی پسند کی چیزیں رکھیں نہ کہ اپنی پسند کی۔ اس کے علاوہ بچوں کے کمرے میں ایک کھلونوں کی الماری ہونا بہت ضروری ہے تاکہ بچے کھلونے اس ریک میں رکھ دیں اور کھلونے ادھر ادھر بکھرے ہوئے نظر نہ آئیں۔

لاؤنج

آپ لاؤنج میں مختلف سدا بہا رپھول رکھ سکتی ہیں۔ کرسیاں ساتھ ساتھ جوڑ کر نہ رکھیں بلکہ کچھ فاصلے پر رکھیں۔ اگر لاؤنج بہت چھوٹا ہے تو اس میں کارپیٹ کے اوپر آپ فلور کشنز رکھیں تو آپ کا لاؤنج کشادہ اور خوب صورت لگے گا۔ ان باتوں کا خیال رکھتے ہوئے اگر آپ اپنے گھر کی سجاوٹ کریں گی تو آپ کا سادہ اور چھوٹا سا گھر بھی دیکھنے والے کو بہت خوب صورت لگے گا۔ ضروری نہیں ہے کہ بہت مہنگی چیزیں خرید کر ہی گھر کو سجایا جائے بلکہ آپ اپنے ہاتھ سے بنی ہوئی چھوٹی چھوٹی چیزوں سے بھی گھر کی سجاوٹ کر سکتی ہیں۔ مثلاً گھر میں اکثر اچار اور جیم وغیرہ کی جو شیشیاں خالی ہوجاتی ہیں، آپ ان میں پانی بھر کے منی پلانٹ کی چھوٹی چھوٹی شاخیں کاٹ کر لگائیں اور ان بوتلوں کو تار کی مدد سے یا تو یدار پر لٹکا دیں یا پھر ٹیبل یا ریک پر رکھ دیں۔

آپ گلاس پینٹنگ سے بھی دیواروں کو سجا سکتی ہیں اور پوٹ پینٹنگ کر کے اس سے ڈرائنگ روم، لاؤنج اور بیڈ روم کو بھی سجا سکتی ہیں۔

اگر آپ اپنے ہاتھوں سے بنی ہوئی چیزوں سے اپنے گھر کو سجائیں گی تو اس سے نہ صرف آپ کا گھر خوب صورت لگے گا بلکہ جب مہمان آپ کے سگھڑ پن کی تعریف بھی کریں گے تو یقینا آپ کا سیروں خون بڑھ جائے گا۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں