ہماری بے حسی!

ڈاکٹر طاہر مسعود

جن اخلاقی بیماریوں میںہمارا معاشرہ مبتلا ہے، یوں تو وہ بے شمار ہیں، لیکن ان میں سب سے بڑی بیماری ’بے حسّی‘ ہے۔ صورت کچھ یوں ہے کہ ایک شخص اپنی ذات اور اپنے معاملات کے بارے میں تو بہت حسّاس نظرآتاتا ہے، لیکن وہی شخص دوسروں کی ذات اور ان کے مسائل کے حوالے سے بے حس اور بیگانہ ہوتاہے۔

اس بے حسّی اور بیگانگی سے کتنی اور بیماریاںجنم لیتی ہیں، اس کا اندازہ ایسے شخص کو نہیں ہوسکتا۔ مثلاً اسی بے حسّی سے خود غرضی جنم لیتی ہے ، ناشکرگزاری پیدا ہوتی ہے۔ اس بے گانگی سے ’احسان فراموشی‘ جیسے برے مرض کو بڑھاوا ملتاہے۔ یہی بے حسّی دوسروں کو اذّیت پہنچاتی ہے اور یہی بے حسّی اور لاتعلقی باہمی تعلقات میں زہر گھول دیتی ہے۔ یہ بے حسّی سنگ دلی اور شقی القلبی کی بھی ایک شکل ہے۔ اور یہ بے حسّی ہمیں پڑوسیوں ، رشتہ داروں ، دوست احباب اور اس سےآتاگے بڑھ کر معاشرے ، ملک و ملّت اور پھر پوری انسانیت سے بے گانہ کردیتی ہے۔ اس بے حسّی کو ہم لوگوں کے روّیوں میں چلتے پھرتے، رستے گھاٹ میں، دفتروں میں، شادی بیاہ کی تقریبات میں، بازاروں میں اور گلی محلّوں میں دیکھ سکتے ہیں۔ ٹریفک کے ہجوم میں جب ہرگاڑی دوسری گاڑیوں کو پیچھے چھوڑ کرآتاگے نکل جانا چاہتی ہے۔ بسوں میں سوار ہوتے، یوٹیلیٹی بل جمع کراتے یا دکانوں میں سودا سلف خریدتے یا ہسپتال میں اپنا علاج کرنے یا اپوائنٹمنٹ لینے یا کسی تقریب میں پلیٹ تھام کر کھانا لینے میں جو کیفیت ہوتی ہے وہ بھی یہی ہوتی ہے کہ ہر ایک کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کا کام پہلے ہوجائے، چاہے وہ بعد ہی میںآتایا ہوا کیوں نہ ہو۔ سرکاری دفتروں میں، بنکوں میں، تعلیمی اداروں میں وہ ملازمین جو عوامی خدمت پر مامور ہوتے ہیں ان کا رویّہ بھی عام طور پر بے حسّی کا ہوتاہے۔ وہ آتانے والے ضرورت مند کو ٹال دیتے ہیں، کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر اگلے دن آتانے کا کہہ دیتے ہیں۔ کسی دفتر میں کسی کلرک یا افسر کا رویّہ خوش اخلاقی اور تعاون کرنے والا ہو تو حیرت ہوتی ہے۔

عوام سے رابطے کے کام پر جو شخص بھی مامور ہوتا ہے، وہ سمجھتا ہے کہ جو لوگ قطار باندھے سامنے کھڑے ہیں، وہ صرف اسے پریشان کرنے آتائے ہیں۔ لہٰذا اس کا موڈ خوش گوار نہیں ہوتا، تیوریاں چڑھی ہوتی ہیں،آواز میں نرمی مفقود ہوتی ہے، اکثر تو صریحاً بداخلاقی اور بدمزاجی پر اترے ہوتے ہیں۔ کسی دفتر میں چلے جائیے افسر موصوف کادروازہ بند ملتا ہے۔ چپراسی کو ہدایت ہوتی ہے کہ ہرآنے والے سے کہہ دے کہ صاحب میٹنگ میں مصروف ہیں، جب کہ اندر صاحب کسی دوست کے ساتھ گپ شپ میں مصروف ہوتے ہیں۔ یہ ساری چیزیں بے حسّی اور بے گانگی کا نتیجہ ہیں۔ اس طرح کے روّیے کا مظاہرہ کرنے والا کبھی نہیں سوچتا کہ اگر اس شخص کی جگہ’’میں ہوتا تو مجھ پر کیا گزرتی‘‘۔

دفتروں میں چھوٹے ملازمین کے ساتھ بڑے افسران کا رویّہ صریحاً غیر انسانی ہوتاہے۔ ہر دفتر میں صاحب کو چپراسی کو طلب کرنے کے لیے ایک گھنٹی دے دی جاتی ہے جو سارا دن چیختی رہتی ہے اور ہر گھنٹی کی پکار پر چپراسی کو چشم زدن میں صاحب کے حضور حاضر ہونا پڑتا ہے۔ یہاں تک کہ صاحب کو ایک گلاس پانی بھی پینا ہو،تو اس کے لیے بھی وہ چپراسی ہی کو حکم دیتا ہے۔ اسی ملک میںملٹی نیشنل کمپنیاں ہیں، جہاں افسرانِ بالا کو’ کالنگ بیل‘سے محروم کرکے اس کا عادی بنادیا گیا ہے کہ چائے پینی ہو یا پانی، فائل اپنے کمرے سے دوسرے کمرے میں پہنچانا ہو، یا کسی ماتحت کو کوئی ہدایت دینی ہو، یہ کام انھیں خود ہی انجام دینے ہیں۔ کوئی چپراسی یا خدمت گار ان کے حوالے نہیں کیا جاتا۔

گھروں کے اندر دیکھ لیجیے بیوی، بہن یا بیٹی وہ باپ، شوہر یا بھائی کی ایک طرح سے خدمت گزار ہوتی ہیں۔ ناشتہ کھانا تیار کرنے، برتن سمیٹنے اور دھونے سے لے کر گھر کی جھاڑپونچھ تک جملہ ذمہ داریاں ان ہی کی ہوتی ہیں۔ بعض صورتوں میں کپڑے استری کرنا اور مردوں کے جوتے پالش کرنا بھی ان ہی کے ذمّے ہوتا ہے۔ آنے والے مہمانوں کی تواضع، بچّوں کی تعلیمی ذمّہ داریوں اور سودا سلف لانے کا بوجھ بھی ان ہی کو اٹھانا پڑتاہے۔ اور اگر عورت ملازمت کررہی ہو تو بھی اسے گھر کی ذمّہ داری سے نجات نہیں ملتی۔ اسے دوہرا بوجھ اٹھانا پڑتا ہے۔

مرد حضرات خواہ شوہر ہوں یا باپ، بھائی یا بیٹا، گھر کی عورت کے لیے بالعموم بے حسّی کا شکار نظرآتے ہیں۔ یہ جانتے بوجھتے ہوئے کہ عورت صنفی اعتبار سے کمزور واقع ہوئی ہے، وہ اس پر رحم نہیں کرتے، ترس نہیں کھاتے۔ ایک مرتبہ کسی طالبہ نے مجھ سے کہا تھا کہ سر! مجھ پر تین ذمّہ داریاں ہیں: تعلیمی ذمّہ داری، دفتری ذمّہ داری اور گھر کی ذمّہ داری۔ جب میں یونی ورسٹی سے دفتر اور دفتر سے گھر جاتی ہوں تو تھک کر چور ہوجاتی ہوں۔ پھر بھی مجھے بھائیوں کے لیے کھانا تیار کرنا ہوتا ہے کہ امّی بیمار رہتی ہیں۔ اگر کھانا ٹھنڈا ہوجائے تو حکم ملتا ہے کہ کھانا گرم کرکے دو۔ کھانا من پسند نہ ہو تو اس پر الگ باتیں سننی پڑتی ہیں۔اسے آپ کیا کہیں گے؟ بے حسّی اور سنگ دلی کے علاوہ اس روّیے کوکیا نام دیا جائے۔

آپ کسی دکان پر خریداری کے لیے فٹ پاتھ کے ساتھ گاڑی پارک کرتے ہیں، واپسی پرآپ دیکھیں گے کہ آپ کی گاڑی کے پیچھے کوئی موٹر سائیکل کھڑی ہے یا کسی دوسرے نے اپنی گاڑی کھڑی کردی ہے حالاں کہ آس پاس جگہ موجود تھی۔آپ کی گاڑی کا راستہ روکنا ضروری نہ تھا لیکن بے حسّی اور دوسروں کی اذیت سے بے گانگی کا رویّہ ہی ہے جو ایسے نامعقول ، اور تکلیف دہ کام کراتا ہے۔

بے حسّی، سنگ دلی ، بد تہذیبی اور اذّیت کے یہی وہ روّیے ہیں جنہوں نے آج ہمارے معاشرے میں رہنے سہنے اور زندگی گزارنے کو ناقابل برداشت بنادیا ہے۔ ایسے افراد جو اس اجتماعی روّیے کے برعکس مہذّب اطوار کے مالک ہوتے ہیں، دوسروں کے ساتھ خوش خلقی اور مدد کرنے کا رویّہ اپناتے ہیں، انکسار اور عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انھیں اکثر انھی کے دوست احباب اور شناسا اپنے مقاصد کے لیے ’استعمال‘کرتے ہیں اور پھر کام نکل جانے پر اس طرح ہوجاتے ہیں جیسے یہ تو ان کا حق تھا۔ احسان کا بدلہ احسان سے دینے کے بجاے احسان فراموشی سے دیا جاتا ہے۔ اب تو معاملہ یہاں پہنچا ہے کہ جس کے ساتھ نیکی کا معاملہ کیجیے وہی آپ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہوجاتاہے۔ محسن کشی کا یہ رویّہ بھی بے حسی ہی سے پیدا ہوتاہے۔

اور یہ بھی بے حسّی ہی ہے کہ آدمی اپنی بے حسّی کو محسوس ہی نہ کرسکے۔ کبھی اپنا جائزہ ہی نہ لے پائے کہ اس کا طرزِ عمل اکثر صورتوں میں دوسروں کے لیے کتنا تکلیف دہ ہوتاہے۔ یہی بے حسّی ہے کہ ہم اپنی تکلیف کے اسباب خود اپنے اعمال اور اپنے روّیے اور اپنی ذات میں تلاش نہیں کرتے بلکہ دوسروں کو اس کا ذمّہ دار ٹھیرا کر خود کو مظلوم سمجھتے رہتے ہیں۔ قرآن کہتاہے کہ ’’تمھیں جو بھی تکلیف یا رنج پہنچتاہے وہ تمھارے اپنے ہاتھوں کی کمائی ہے۔‘‘ اس لیے بیماری ہو، کاروبار میں گھاٹا ہو، نوکری چاکری میں پریشانیاں ہوں یا اسی طرح کے اور مسائل اور الجھنیں___ ان کا باطنی سبب یہی ہماری ذات سے دوسروں کو پہنچنے والی تکلیف اور اذّیتیں ہیں جس کی طرف ہماری توجہ نہیں جاتی۔

آج ہمارے معاشرے میں جو عمومی بے سکونی اور عدم تحفّظ کا احساس ہے اس کی ذمّہ داری ویسے تو ہم جس پر چاہیں ڈالیں، ورنہ حقیقتاً اس کے ذمّہ دار ہم لوگ خود ہیں۔ ہماری بے حسّی اور بیگانگی کا رویّہ ہے کہ ہم ہر ظلم، سنگ دلی اور بے رحمی کے واقعات کو یہ سوچ کر نظر انداز کردیتے اور بھول جاتے ہیں کہ اس کے شکار ہم نہیں دوسرے ہیں۔بے شک اس وقت دوسرے ہیں لیکن یہ کیوں نہیں سوچتے کہ کل کو ہماری باری بھی توآتاسکتی ہے، اور ضرورآئے گی لیکن پھر بھی ہم نہیں سمجھ پاتے کہ یہ اپنا ہی بویا ہے جسے ہم کاٹ رہے ہیں۔

اپنی بے حسّی سے واقف ہونا، یہ جان جانا کہ ہم بے حس ہیں، یہی اس کا علاج ہے۔ بے حسّی غفلت اور بے خبری سے پیدا ہوتی ہے۔ جوآدمی اپنے مرض سے آتاگاہ ہوجاتاہے، وہ اپنا معالج خود بن سکتاہے۔

بے حس آدمی اگر اپنی بے حسی سے واقف ہوکر اپنے روّیے کو درست کرنا چاہے تو اس کاآسان علاج یہ ہے کہ ہم دوسروں کی ذات ا ور مسائل کو اہمیت دینے لگیں۔ دوسروں کے ساتھ ہمدردی اور مہربانی سے پیش آنا، دوسروں کے کام آنا، ان کی پریشانیوں میں مددگار ہونا،دوسروں سے محبت اور التفات برتنایہی ہے بے حسّی کا علاج جس میں فرد کی بھی نجات ہے اور معاشرے کی بھی!lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں