ہم نشین کیسے ہوں؟

احسن مستقیمی (میرٹھ)

ہر ایک کے کچھ ساتھی اور ہم نشین ہوتے ہیں۔ آپ کے بھی یقینا کچھ ساتھی، دوست، رفیق ہوں گے جن کے پاس آپ جاتے ہیں اور وہ آپ کے پاس آتے ہیں، باہم کچھ دکھ سکھ کی باتیں ہوتی ہیں، کچھ دوسروں پر بھی تبصرے ہوتے ہیں۔ کبھی کبھی ضمیر ملامت کرتا ہے تو کچھ شرمندگی بھی محسوس ہوتی ہے۔ مگر اس رفاقت اور ہم نشینی میں کوئی فرق واقع نہیں ہوتا اور زندگی کے ایام یونہی گزر جاتے ہیں۔

آپ نے کبھی اس پر غور نہیں کیا کہ خفیہ اور ان دیکھے طور پر آپ کی جملہ حرکات و سکنات اور قول و فعل کا ریکارڈ تیار ہو رہا ہے۔ ’’ہم نے انسان کو پیدا کیا، اور اس کے دل میں ابھرنے والے وسوسوں تک کو ہم جانتے ہیں، ہم اس کی رگ گردن سے بھی زیادہ اس سے قریب ہیں (اور ہمارے اس براہ راست علم کے علاوہ دو کاتب اس کے دائیں اور بائیں بیٹھے ہر چیز ثبت کر رہے ہیں۔‘‘) کوئی لفظ بھی اس کی زبان سے نہیں نکلتا جسے محفوظ کرنے کے لیے ایک حاضر باش نگراں موجود نہ ہو۔‘‘

ہماری زندگی کا یہ پورا ریکارڈ کل اللہ تعالیٰ کی عدالت میں پیش ہوگا۔ اس اللہ وحدہ لاشریک کے سامنے جس نے ہمیں اور آپ کو پہلے ہی متنبہ کر دیا تھا: ’’اے لوگو! جو ایمان لائے ہو اللہ سے ڈرو اور ہر شخص یہ دیکھے کہ اس نے کل کے لیے کیا سامان کیا ہے؟ اللہ سے ڈرتے رہو، اللہ یقینا تمھارے ان سب اعمال سے باخبر ہے جو تم کرتے ہو۔‘‘ (الحشر:۱۸،۱۹)

اس حقیقت سے چشم پوشی نہیں کرنی چاہیے کہ اس چند روزہ زندگی کی کامیابی اور ناکامی کا بڑی حد تک انحصار آپ کی رفاقت اور ہم نشینی پر ہے، کسے اپنا رفیق اور ہم نشین بنانا چاہیے اور کسے نہیں، قرآن حکیم، سنت رسولؐ اور اسوہ صحابہ میں ہمیں اطمینان بخش طور پر رہ نمائی ملتی ہے۔حضرت عبد اللہ بن عباسؓ کا بیان ہے کسی نے حضورؐ سے پوچھا: ’’ہم نشین کیسے ہوں؟ یعنی کن لوگوں کی صحبت میں بیٹھیں؟ آپؐ نے فرمایا:

’’ان کی صحبت میں بیٹھو جن کو دیکھ کر خدایاد آئے جن کی گفتگو سے تمہاری دینی معلومات میں اضافہ ہو، جن کا عمل تمھیں آخرت یاد دلائے۔ (ترغیب بحوالہ زادراہ، ص۱۵۰)

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد سے صرف یہی بات معلوم نہیں ہوئی کہ آپ کسے اپنا ہم نشیں اور رفیق بنائیں بلکہ یہ بھی معلوم ہوا کہ آپ خود ہی سراپا اس کی جیتی جاگتی اور چلتی پھرتی تصور ہوں تاکہ دوسرے آپ کو بہ آسانی اپنا ہم نشیں اور رفیق بنا سکیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق عنایت فرمائے۔ آمین

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں