آملہ اور اس کے فوائد

صغیرہ بانو شیریں

آملہ مفید غذا ہے۔ اس میں فولاد بہت ہوتا ہے۔ ایک بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ عمدہ صالح خون پیدا کرتا ہے اور پیٹ خراب نہیں ہونے دیتا۔حالانکہ فولاد کی اصلی یا مصنوعی، جو شئے بھی استعمال کی جائے، وہ پیٹ ضرور خراب کرتی ہے۔ آملہ میں جہاں حیاتین ج (سی) کی وافر مقدار ملتی ہے، وہیں یہ پیٹ بھی خراب نہیں کرتا۔ پرانے طبیب آملہ سے مختلف ادویہ تیار کرتے تھے۔ جسم میں کہیں سے خون آنے کی شکایت ہو تو آملہ یہ خرابی دور کرتا ہے۔ ایامِ حمل میں آملے کا مربہ چاندی کے ورق لپیٹ کر صبح کھایا جائے، تو طبیعت ہشاش بشاش رہتی ہے اور دل کو طاقت ملتی ہے۔ کام کاج کرنے میں بھی آسانی رہتی ہے۔
میری ایک سہیلی کی آنکھوں میں سرخی اور جلن کھٹک رہتی تھی اور اس کے لیے زیادہ دیر تک پڑھنا محال تھا۔ بہتیری دوائیاں استعمال کیں مگر سرخی دو چار روز بعد پھر نمودار ہوجاتی۔ میں نے اسے کہا کہ آملے کوٹ کر رکھ لو۔ ایک چمچہ مٹی کے پیالے میں بھگودیں۔ پہلے چھلنی میں ڈال کر دھولیں تاکہ مٹی نکل جائے۔ دو پیالے پانی ہونا چاہیے۔ صبح پانی چھان کر آنکھوں میں چھینٹیں ماریں۔ پھر اس میں مزید پانی ملاکر رکھ لیں، شام کو اس سے آنکھیں دھوئیں۔ نیز دو عدد صاف آملے گلاب کا عرق چھڑک کر صبح نہار منہ کھالیں۔ دو ہفتے میں اس کی دیرینہ تکلیف دور ہوگئی۔
آملہ بلند فشار خون کے لیے بھی مفید ہے۔ دماغی کمزوری، سردرد، چکراتے سر، گرتے یا سفید بال، حافظے کی کمی، ان سب خرابیوں میں آملہ کام آتا ہے۔ مٹھی بھر آملے رات کو پانی میں بھگوکر رکھ لیں۔ صبح اس پانی سے سر دھوئیں، بال نرم و ملائم ہوں گے، سر میں ٹھنڈک رہے گی اور سر کا چکرانا دور ہوجائے گا۔ دانتوں کے لیے آملے کا پسا ہوا سفوف مفید ہے۔ اس کا منجن بناکر دانتوں پر ملنے سے دانت مضبوط ہوتے ہیں۔
کھانسی کے ساتھ خون آرہا ہو، تو اس صورت میں بھی آملے کی بنی ہوئی دوا مفید ہے۔ لوگ آملے کا شوربہ بھی بناتے ہیں۔ اس کی چٹنی بھی بنتی ہے۔ اچاروں میں تو آملہ عام ڈالا جاتا ہے۔ جو لوگ آملہ سے سر دھوئیں ان کے بال جلد سفید نہیں ہوتے۔ انھیں سردرد کی شکایت بھی نہیں ہوتی۔ ایک بار میں نے آملے کا مربہ بنایا۔ پہلے ایک کلو بڑے بڑے آملے خریدے۔ انھیں دھوکر چونے کے پانی میں دو دن کے لیے ڈال دیا۔ اس سے قبل کانٹے سے آملے گود لیے۔ یاد رہے کہ تھوڑا سا چونا ملانے سے چونے کا پانی تیار ہوجاتا ہے۔
دو دن بعد آملے نکالے اور چھلنی میں اچھی طرح دھوکر اسٹین لیس اسٹیل کے برتن میں ڈال دیے۔ پھر ایک کلو چینی کا قوام ایک گلاس پانی میں بنا کر آملے ڈالے اور اچھی طرح پکا کر اتار لیے۔ اگلے دن دوبارہ جوش دیا تاکہ پانی نہ رہ جائے۔ پھر اتار کر رکھ دیا۔ کچھ لوگ عرق گلاب میں قوام بناتے ہیں۔ بازار سے بھی آملے کا مربہ مل جاتا ہے۔
گرمی میں پیشاب جل کر اور بعض دفعہ رک رک کر آتا ہے جس سے بڑی پریشانی ہوتی ہے۔ اسی طرح نکسیر پھوٹ جاتی ہے۔ ان تکالیف میں آملہ مفید ہے۔ جن بچوں کو سوکھا پن چمٹ جائے اور غذا ہضم نہ ہو، تو آملے کا مربہ کھلانے سے ان میں طاقت آتی ہے۔ امراضِ قلب میں بھی مربہ فائدہ مند ہے۔ چکر آتے ہوں اور گھبراہٹ رہے، تو مربہ گلاب کے عرق سے دھوئیے، چاندی کا ورق لپیٹئے اور ایک دو دانے صبح نہار منہ کھائیے، سکون ملے گا۔
پہلے حاملہ خواتین کے لیے الٹراساؤنڈ کی سہولت موجود نہیں تھی۔ حمل کے دوران خون آتا تو گھر کی بڑی بوڑھیاں دن میں تین بار پسے آملے کا سفوف پانی یا شربت میں گھول کر پلادیتیں، اس طرح آرام آجاتا۔ آملہ بہت مفید غذا ہے، اس کے ذریعے انسان کئی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔ موسم گرما میں بچوں اور بڑوں کو دست آنے لگتے ہیں۔ اجابت کے بعد سوزش بھی ہوتی ہے۔ اس خلل میں خشک آملہ پچاس گرام لے کر مٹی کی ہنڈیا میں ڈالیں اور دس گیارہ گلاس پانی ملادیں۔ جب پیاس لگے، یہی پانی پئیں۔ چوبیس گھنٹے بعد تازہ پانی تیار کریں۔ آملے رات کو بھگوئیں صبح استعمال کریں۔ یوں جسم، خصوصاً ہڈیوں میں طاقت آئے گی، کمزوری محسوس نہیں ہوگی اور ہاضمہ بہتر ہوجائے گا۔ حدت اور سوزش بھی ختم ہوگی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146