گرتے بالوں کے لیے
گرتے ہوئے بالوں کو روکنے کے لیے ایک پیاز کا رس لے کر اسے چار گھنٹوں کے لیے سر پر لگائیں۔ اس کے بعد سر میں زیتون کا تیل لگائیں اور سر کو گرم تولیے سے دس منٹ کے لیے ڈھانپ دیں۔ اس کے بعد سر کو دھولیں آپ کے بال بہت جلد گرنا بند ہوجائیں گے۔
کچھ خواتین کا چہرہ گول، کچھ کا بیضوی اور کچھ کا چہرہ لمبا ہوتا ہے۔ یہاں ہم آپ کو مختلف ساخت کے چہروں والی خواتین کے ہیئر اسٹائل کے بارے میں بتاتے ہیں۔ مثال کے طور پر گول چہرے والی خواتین کو چاہیے کہ وہ جو بالوں کا انداز اپنائیں اس میں ان کا چہرہ کم گول نظر آئے اس کے لیے انہیں چاہیے کہ وہ سر پر بال پھولے پھولے رکھیں اس کے علاوہ چہرے کے اطراف میں اس انداز سے بال ڈالیں جس سے چہرہ کی گولائی کم نظر آئے۔ لمبے چہرے کی خواتین چہرے کی لمبائی کم کرنے کے لیے ماتھے پر بالوں کو پھیلائیں اسی طرح ان کا چہرہ مناسب لگے گا اور پھولا ہوا اونچا اسٹائل نہ بنائیں۔ چوکور چہرے کی مالک خواتین چہرے کے اطراف میں بالوں کو پھیلائیں تاکہ چہرے کی چوڑائی میں کمی نظر آئے۔ بیضوی یا کتابی چہرے پر ہر قسم کا بالوں کا انداز اور میک اپ جچ سکتا ہے۔ آپ میک اپ کر رہی ہوں یا بالوں کا انداز بنا رہی ہوں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ پہلے اپنے چہرے کا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ آپ کے لیے کون سا اسٹائل مناسب ہے۔ اس کے لیے آپ آئینے کے سامنے بیٹھ جائیں بالوں کو پیچھے کی طرف کھینچ کر پونی ٹیل باندھ لیں اور ایک چھوٹا سا شیشہ لے کر اپنے چہرے کو غور سے دیکھیں۔ آنکھیں، ناک، گال، ہونٹ، ماتھا ہر ایک چیز کا بغور جائزہ لیں پھر دیکھیں کہ ان میں سے کس کو خوب سے خوب تر بنانے کی ضرورت ہے۔ اب مختلف بالوں کے انداز بنانے کی بھی کوشش کیجیے اور دیکھئے کہ بیوٹی پارلر سے اگر آپ اس انداز سے بال سیٹ کرواتی ہیں تو آپ کی شکل و صورت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ اگر آپ کو کوئی بہتر ہیئر اسٹائلسٹ مل گیا ہے تو اسی پر قناعت کریں اور اسی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنی مرضی اور اس کے مشورے سے بال سیٹ کرائیے۔ اس کے علاوہ ایک بات اور بھی یاد رکھئے۔ آپ جب بھی پارلر میں جائیں وہاں جاتے ہی بال ڈرائی کرنے، پرم کرنے یا کٹنگ کرنے کی فرمائش نہ کر بیٹھیں بلکہ پہلے ڈائی یا سیٹ کرائیں۔ lll