ابٹن ہماری روایت کاخاص حصہ رہاہے۔ جلد کی حفاظت کے لئے آج بھی بعض خواتین ابٹن کا استعمال کرتی ہیں۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ ان روایتی اشیاء کے استعمال کاکوئی نقصان نہیں ہوتا۔ ذیل میں ہم ابٹن بنانے کی چند آسان ترکیب پیش کررہے ہیں:
٭ بیسن میں ذرا سی ہلدی ڈالیں، پھراس میں سرسوں کا تیل ملائیں، اس نسخہ کو روزانہ استعمال کریں تو جلد ملائم ہوکر نکھرنے لگتی ہے۔
٭ ایک انڈے کی زردی میں ایک چھوٹا چمچ شہد ملائیں پھر جلد پر اچھی طرح لیپ کرکے چھوڑ دیں۔ تھوڑی دیربعد مل کر صاف کرلیں، جلد کا رنگ نکھر جائے گا۔
٭ سرسوں ، زعفران، ہلدی، میتھی، سونٹھ کی برابر سرخ، صندل، لونگ اور چرونجی کی کچھ مقدار ملاکر پیس لیں پھر اس میں سرسوں کا تیل ملالیں۔ مسلسل ایک ہفتے لگانے سے جلد چمکیلی اور ملائم ہوجاتی ہے بلکہ مہاسے بھی دور ہوجاتے ہیں۔
٭ مسور کی دال دو چھوٹے چمچ اور پیلی سرسوں چار چھوٹے چمچ لے کر رات کو دودھ میں بھگوکر رکھ دیں، پھر صبح پیس کر تھوڑا عرق گلاب ملاکر ابٹن بنالیں اور جلد پر لگائیں۔ اس سے جلد صاف اور ملائم ہوجائے گی۔
٭ سرسوں کو ذرا سا بھون لین پھر اس میں سنگتروں کے تھوڑے خشک چھلکے ملاکرباریک پیس لیں اور پھر دودھ میں ملاکر پیسٹ بنالیں۔ چہرے پر لگائیں، آٹھ دس منٹ کے بعد رگڑکر ملیں جب میل چھوٹ جائے تو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ سرسوں کاابٹن لگانے سے جلد میں جتنی سنسناہٹ ہوگی اتنا ہی فائدہ ہوگا۔ روزانہ لگانے سے جلد صاف اور ملائم ہوجاتی ہے۔
٭ بادام کے دس دانے، زعفران ایک گرام، ناریل (پسا ہوا) چار چھوٹے چمچ اور سنگترے کے چھلکے دودھ میں بھگوکر پیس لیں اور روزانہ چہرے پر لگائیں۔ چہرے کی رونق میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ بادام کے دس بارہ دانے لے کر رات کو بھگودیں۔ صبح چھیل کر نارنگی کے رس یا پانی میں باریک پیس کر صاف شیشی میں رکھ لیں۔ روزانہ رات کو سوتے وقت چہرے، ہاتھوں اور گردن پر لگائیں تو جلدملائم اور خوبصورت ہوجاتی ہے۔
٭ سنگترے کاخشک چھلکا لے کر باریک پائوڈر بنالیں۔ اسے ہلدی و دہی میں ملاکر جلد پر لگانے سے نہ صرف رنگت نکھرتی ہے بلکہ کیل مہاسے دور ہوجاتے ہیں اور جلد ملائم ہوجاتی ہے۔
٭ ایک انڈے کی سفیدی میں گاجر کاعرق، تھوڑا سا دودھ، روغن زیتون اور روغن بادام ملاکر لگائیں، آدھے گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔
٭ ابٹن لگانے کے بعد جلد کو صابن سے نہ دھوئیں کیونکہ یہ مساموں کو کھول دیتا ہے۔ اگر اس جلد پر صابن استعمال کیاجائے تو نقصان کااندیشہ ہے۔
——