اداریہ۔گوشۂ نوبہار

مریم جمال

پیاری بہنو!

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

دسمبر کا مہینہ ختم ہونے والا ہے۔ اور اب آپ کے امتحانات قریب آرہے ہیں۔ اس بار سی بی ایس ای کے امتحانات یکم مارچ سے ہوں گے۔ یہ جاننے کے بعد تو لازمی ہے کہ ہم پڑھائی کے سلسلے میں مکمل طور پر سنجیدہ ہوجائیں۔ اگر نہ بنایا ہو تو فوراً اپنے مطالعہ کا ٹائم ٹیبل بنائیں اور بالکل امتحان کی تیاری کے نقطۂ نظر سے پڑھنا شروع کردیں۔ جیسے جیسے امتحان قریب آئے گا روزانہ کلاس کے کاموں کابوجھ بڑھتا چلا جائے گا۔ اس لیے جو کچھ پڑھایا جائے اسے ابھی ہاتھوں ہاتھ تیار کرلیجیے کہ وہ آپ کو یاد ہوجائے اور امتحان کے بالکل قریب وقت میں وہ آپ کا زیادہ ٹائم نہ لے اور آپ کو پچھلا دہرانے کا وقت مل جائے۔

ٹائم ٹیبل کے ساتھ ہی آپ اپنے آئندہ دو مہینوں کو ہفتوں میں بانٹ کر مضمون وائز تیاری کا کام شروع کردیں اور اپنے وقت کو برباد ہونے اور بے کار ہونے سے لازماً بچائیں۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ہم گھر میں ہی یا گھر کے باہر گپ شپ میں گھنٹوں برباد کردیتے ہیں اور پھر سوچتے ہیں کہ ’’ارے میری پڑھائی کا نقصان ہوگیا۔‘‘ اسی طرح شادیوں میں شرکت کے لیے دور دراز کے سفر کا ارادہ ترک کردیجیے بلکہ غیر ضروری قسم کی مجلسوں میں خواہ کہیں بھی ہوں شرکت نہ کرئیے۔ امتحانات جیسے جیسے قریب آتے ہیں بعض بہن بھائی کھیل کو یکسر چھوڑ دیتے ہیں۔ کبھی کبھی وہ پڑھنے میں ایسے لگ جاتے ہیں کہ کھانے پینے کا بھی خیال نہیں کرتے۔ یہ دونوں باتیں صحیح نہیں ہیں۔ کھیل کے وقت کھیل اور جسمانی ورزش ہمارے جسم زیادہ محنت کرنے کے قابل بناتے ہیں اسی طرح مناسب وقت پر مناسب غذا بھی ہماری بہتر کارکردگی میں مددگار ہوتی ہے۔ اس لیے وقت پر پڑھنے اور وقت پر کھانے اور کھیلنے کا معمول رہنا ہی فائدہ مند ہے۔

ایک اور اہم ترین بات ہے ہمارا اللہ سے تعلق۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ نماز کی پابندی اور قرآن کی تلاوت کو کسی حال میں بھی نہ چھوٹنے دیا جائے۔ یہ دونوں چیزیں ہمیں ذہنی سکون و اطمینان سے ہم کنار کریں گی۔ اور پھر ہر وقت اللہ سے اچھی کامیابی کے لیے دعا کی جائے۔ یاد رکھئے کہ ہر آدمی کواتنا ہی ملتا ہے جتنی وہ کوشش کرتا ہے۔ نہ تو بغیر محنت کے اعلیٰ کامیابی ممکن ہوسکتی ہے اور نہ ہی محنت اور کوشش کی صورت میں ناکامی کا اندیشہ ہوسکتا ہے۔ بس محنت کی روش کامیاب لوگوں کا راستہ ہے اور آپ کو بھی تو کامیاب ہونا ہے نا!

آپ کی بہن

مریم جمال

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146