پیاری بہنو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
اس بار کے گوشۂ نو بہار میں پسندیدہ اشعار کے لیے ہمیں بہت سے خطوط ملے۔ موضوع پر شعر بھیجنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آپ کوشش کیجیے کہ ہر ماہ کی ۱۰؍تاریخ سے پہلے پہلے اپنی چیزیں بھیج دیا کریں۔ اور ہاں ’’مہندی کے ڈیزائن‘‘ کے بارے ہم کافی دشواری کا سامنا کرتے ہیں۔ بعض بہنیں ہمیں مہندی کے ڈیزائن بھیجتی ہیں مگر وہ پنسل سے بناکر بھیجتی ہیں۔ پنسل کا رنگ کیونکہ ہلکا ہوتا ہے اس لیے پرنٹ نہیں ہوتا۔ ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ پنسل کے بجائے جیل پن یا بال پن سے ڈیزائن بناکر بھیجیں۔
دوسری بات یہ ہے کہ مہندی کے ڈیزئن کا سائز حجاب کے ایک صفحہ سے چھوٹا ہی ہونا چاہیے۔بہت سے بہنیں ہمیں ڈیزائن بھیجتی ہیں مگر وہ سائز میں بہت بڑا ہوتا ہے جو حجاب کے صفحہ پر نہیں آسکتا، اس لیے وہ بھی پرنٹ نہیں ہوتا۔ آئندہ خیال رکھیں جو چیز بھی آپ بناکر بھیجیں وہ حجاب کے سائز میں ہو اور 9×14 سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو۔
اور ہاں رمضان بھی آنے والا ہے۔ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ۔ اس مہینے میں آپ عبادات کا اہتمام کیجیے۔ خوب قرآن پڑھئے۔ یوں ہی نہیں ترجمہ کے ساتھ اور کوشش کیجیے کہ تیسویں پارے کی تمام چھوٹی چھوٹی سورتوں کا ترجمہ اور مفہوم آپ کو یاد ہوجائے۔ آپ اس رمضان میں کچھ سورتیں حفظ کرلیں توکتنا اچھا ہو۔ روزہ رکھنا تو اس مہینہ میں ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اللہ کے رسولﷺ کے زمانے میں بچے بچیاں بھی شوق سے روزے رکھتے تھے۔ آپ بھی کوشش کیجیے کہ زیادہ سے زیادہ روزے رکھ لیں۔ کبھی کبھی گھر والے چھوٹے بچے بچیوں کو روزہ رکھنے سے روکتے ہیں۔ آپ گھر والوں کو بتائیے کہ نیکی کے کاموں میں تو ہمیں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ہوشیار کہیں آپ کی چھوٹی بہن یا چھوٹا بھائی روزہ رکھنے میں آپ سے آگے نہ نکل جائے۔
اور تراویح – وہ تو یقینا پوری مکمل ہونی چاہیے۔ مگر خبردار مسجد میں گندے بچوں کی طرح شور و ہنگامہ ہرگز نہ کیجیے۔
آپ کی بہن
مریم جمال