پیاری بہنو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
جی ہاں! گرمی کی چھٹیاں تو اب ختم ہوئیں۔ امتحان کے مشکل دور سے نکلنے کے بعد اب نتیجہ بھی آپ کے سامنے آگیا ہے۔ ہم اپنے تمام حجابی بہن بھائیوں کو امتحان میں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ اس نے جس طرح ہمیں اس تعلیمی امتحان میں کامیابی دی اسی طرح آخرت میں بھی کامیاب کرے۔ آمین! کیونکہ اصل امتحان تو وہی ہے اور یہاں جو کچھ بھی ہے وہ اسی کی تیاری کے لیے تو ہے۔ اب آپ اگلے کلاس میں پہنچ گئی ہیں۔ ایک سال آگے یعنی زندگی کے میدان میں ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے۔ جانتی ہیں ایک سال گزر جانے کا مطلب کیا ہے؟ ہاں زندگی کی مہلت سے تین سو ساٹھ دن کم ہوجانا۔
بڑے لوگ کہتے ہیں دنیا میں سب سے قیمتی چیز وقت ہے۔ ہیرے، موتی، سونا، چاندی اور روپیہ پیسہ اگر ایک بار چھن جائے، چوری ہوجائے یا کھوجائے تو انسان پھر سے کما کر انہیں حاصل کرسکتا ہے اور کربھی لیتا ہے مگر جو وقت ہاتھ سے نکل گیا کیا کوئی اسے دوبارہ حاصل کرسکتا ہے؟ نہیں ہرگز نہیں۔
ہمارے جو بہن بھائی وقت کی اس اہمیت کو جانتے اور سمجھتے ہیں وہ کبھی بھی وقت کو فضول کاموں میں برباد نہیں کرتے۔ اور جو لوگ وقت کو برباد نہیں کرتے زندگی میں وہی کامیاب رہتے ہیں۔ ذرا آپ ان لوگوں پر نظر ڈالیں جنھوں نے بورڈ کے امتحانات میں اعلیٰ کامیابی حاصل کی ہے، وہ سبھی لوگ یہ کہتے ہیں کہ انھوں نے وقت کو کبھی برباد نہیں کیا اور ہمشہ اسے پڑھنے لکھنے اور اچھی اور نئی نئی باتیں سیکھنے میں لگایا۔ صحیح بات ہے تبھی تو وہ اچھے نمبروں سے کامیاب ہوئے اور ملک بھر میں ان کا نام روشن ہوا۔
ہمیں صرف اتنا کہنا ہے کہ ناکام ہونے والوں کے پاس اب بھی مہلت ہے کہ وہ اپنے آئندہ آنے والے سال میں سنجیدہ ہوجائیں اور دن رات کو ہنسی مزاق، کھیل کود اور سیر سپاٹے میں ہی برباد کرنے کے بجائے اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور ا س بار اچھے نمبروں سے کامیاب ہونے کے لیے جدوجہد کریں۔
جوبہن بھائی کامیاب ہوئے ہیں، انھیں سمجھنا چاہیے کہ بلندی کی حدیں نہیں ہیں۔ آسمان کی اونچائی اتھا ہ ہے۔ آپ کو عام لوگوں سے بہت آگے اور بہت اونچا جانا ہے اور جسے جتنا اونچائی پر اور جتنا آگے جانا ہے اتنی ہی محنت اور اتنی رفتار تیز رکھنی ہے۔بس آپ رکیں نہیں، تھکیں نہیں، آگے اور آگے ہی بڑھتے جائیں اور زندگی کے ایک لمحہ کو بھی فضول کاموں میں برباد نہ ہونے دیں۔
آپ کی بہن
مریم جمال