اداریہ گوشۂ نوبہار

مریم جمال

پیاری بہنو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
گرمی کی چھٹیاں ختم ہوگئیں۔ امتحانات کے نتائج آگئے۔ آپ تمام کو کامیابی پر ہماری جانب سے بہت بہت مبارکباد۔ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی بورڈ کے امتحانات میں ملک کے سبھی حصوں میں لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کرلی اور یہ ثابت کردیا کہ اگر لڑکیوں کو بھی سماج میں مواقع حاصل ہوں تو وہ بھی اپنی صلاحیتوں اور محنت سے سماج کو بہت کچھ دے سکتی ہیں۔ مسلم لڑکیاں جن کے بارے میں لوگ کہتے ہیں کہ تعلیم کے میدان میں پیچھے ہیں انھوں نے بھی یہ ثابت کردیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے اعتبار سے دوسری لڑکیو ں سے کم نہیں ہیں۔ اسلام پسند، نمازی اور باپردہ لڑکیوں نے کئی مقامات پر ٹاپرس کی فہرست میں اپنے نام درج کرائے ہیں۔ یہ مسلم سماج کے لیے حوصلہ کا باعث ہے۔ یہ لڑکیاں اس حیثیت سے خاص طور پر قابلِ مبارکباد ہیں کہ انھوں نے دین پسند لوگوں کا سر فخر سے اونچا کیا ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہماری یہ بہنیں آگے بھی اپنی تعلیم کو جاری رکھتے ہوئے دنیاکے سامنے یہ ثابت کریں کہ وہ اسلامی تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپناتے ہوئے بھی دوسروں کو پیچھے چھوڑ سکتی ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ ہماری بیٹیاں آگے اور بہت زیادہ آگے جائیں گی اور اپنے اپنے میدانوں میں نام پیدا کرکے اسلام اور مسلمانوں کے قیمتی ہیرے ثابت ہوں گی۔
اس وقت ہم اپنی بہنوں سے یہ کہنا چاہیں گے ہمارے ملک، ہمارے سماج اورہمارے دین کو ایسی نیک، اسلام پسند اور باصلاحیت لڑکیوں کی بڑی ضرورت ہے جو تعلیم کے میدان میں بھی آگے ہوں اور دین کاپورا اور پختہ شعور بھی رکھتی ہوں۔ وہ ملک کی خدمت کرنے کا جذبہ بھی رکھتی ہوں اور اسلام کی تعلیمات کو سمجھ کر دوسروں تک پہنچانے کاجذبہ بھی رکھتی ہوں۔
ظاہر ہے ایسی لڑکیاں کہیں آسمان سے اترنے والی تو نہیں ہیں۔ وہ آپ ہی میں سے پیدا ہوں گی اور ہورہی ہیں۔ بس اپنے اندر اس عزم و حوصلے اور اس شعور کی شمع کو جلائے رکھئے جو آپ کو ہمیشہ آگے بڑھتے رہنے کے لیے رہنمائی دیتی رہے۔ ہماری ہر بہن اور بیٹی میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ آگے بڑھ سکے۔ مگر بہت سی بہنیں اپنی صلاحیتوں سے واقف نہیں ہوپاتیں۔ انہیں یہ اندازہ نہیں ہوپاتا کہ اگر وہ تھوڑی سی لگن اور محنت سے کام لیں تو کتنی آگے جاسکتی ہیں۔ آپ میں سے ہر ایک کو بہت آگے جانا ہے اور آپ جاسکتی ہیں صرف حوصلہ، محنت اور لگن کی ضرورت ہے۔ جو بہنیں خود کو پیچھے محسوس کرتی ہیں ان کے لیے بھی میدان کھلا ہے۔ شرط صرف وہی ہے جس کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ ہمارے حضورﷺ نے ایک مرتبہ فرمایا تھا: ’’جسے اس بات کا ڈر ہوتا ہے کہ وہ وقت پر اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکے گا وہ صبح ہونے سے پہلے ہی سفر پر نکل جاتا ہے۔ اور جو اتنی جلدی سفر پر نکل جاتا ہے وہ اپنی منزل پر بھی وقت سے پہنچ جاتا ہے۔‘‘ بس اس حدیث کو اپنا رہنما بناتے ہوئے آج اور ابھی سے تیاری شروع کردیجیے نئے تعلیمی سال کو نئے عزائم، نئے حوصلوں اور کئی گنا زیادہ محنت و لگن کے ساتھ شروع کیجیے۔ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ ان شاء اللہ

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146