اداریہ گوشۂ نوبہار

مریم جمال

پیاری بہنو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
یہ شمارہ آپ کے ہاتھوں میں پہنچتے پہنچتے ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوجائے گا۔ یہ ہجری سال کا ترتیب وار تیسرا مہینہ ہے۔ اس مہینے کی خصوصیت یہ ہے کہ اللہ کے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ اسی مہینے کی ۱۲؍تاریخ کو پیدا ہوئے۔ اللہ کے رسول جن کے ذریعہ ہمیں قرآن کا ہدایت نامہ، اللہ کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کے اصول اور پاک سیرت کے ایسے نمونے ملے کہ اگر دنیا ان جیسی زندگی گزارنے لگے تو جنت کا نمونہ بن جائے۔
کچھ مسلمان اس مہینے میں خاص طور پر ۱۲؍ربیع الاول کو آپؐ کا یومِ پیدائش بڑی دھوم دھام سے مناتے ہیں۔ جلوس نکالے جاتے ہیں، مسجدوں، مدرسوں اور کہیں کہیں تو پورے شہر کو بجلی کی روشنی اور ڈیکوریشن سے سجایا جاتا ہے۔ جس سے لاکھوں اور بعض شہروں میں تو کروڑوں روپئے خرچ کیے جاتے ہیں۔ لوگ اسے اسی طرح سجاتے ہیں جس طرح عیسائی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یومِ پیدائش اور دوسرے مذاہب کے لوگ اپنے مذہبی رہنماؤں کا یومِ پیدائش مناتے ہیں۔
صحابہ کرام جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے سب سے زیادہ محبت کرنے والے اور آپ کی تعلیمات پر سب سے زیادہ عمل کرنے والے لوگ تھے، کیا انھوں نے بھی کبھی آپؐ کا یومِ پیدائش منایا تھا۔ اور منایا تھا تو کس طرح سے؟ جب ہم اسلام کی تاریخ اور صحابہ اور ان کے بعد کے زمانے کو دیکھتے ہیں تو ہمیں کہیں یہ بات نظر نہیں آتی کے لوگوں نے اللہ کے رسولﷺ کے یومِ پیدائش کو منانے کا کوئی انتظام کیا ہو۔ اگر صحابہ نے جو رسولؐ سے سب سے زیادہ محبت کرنے والے اور ان کی سب سے زیادہ اتباع کرنے والے تھے، یہ دن نہیں منایا تو پھر ہم نے یہ روایت کہاں سے شروع کردی۔
جو چیز رسول اور صحابہ نے نہ کی ہو اور ہم اسے دین کا حصہ سمجھ کرنے لگیں تو وہ بدعت کہلاتی ہے اور یہ جشنِ ولادت نبیؐ منانا بھی ایک بدعت ہے، جس کی دین میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ اللہ کے رسول سے محبت کرنا، ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ خود اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: خدا کی قسم تم میں سے کوئی بھی سچا مومن نہیں ہوسکتا جب تک میں اسے دنیا میں ہر چیز سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔
محبت کا مطلب اور اس کا حق کیا ہے؟ اس پر ہمیں سوچنا چاہیے۔ اللہ کے رسول جو پیغام اور تعلیم لے کرآئے اس پیغام اور تعلیم کو اپنی زندگی میں نافذ کرنا محبت کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو آپ کا یومِ پیدائش خواہ ہم کتنی ہی دھوم دھام سے منالیں آپ سے محبت کا حق ہرگز ادا نہیں کرسکتے۔ اس لیے آئیے ہم اس موقع پر عہد کریں کہ اللہ کے رسول سے محبت کرنے والے ہوں گے اور ہماری زندیاں اس محبت کا ثبوت بنیں گی۔
آپ کی بہن
مریم جمال

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146