پیاری بہنو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
یہ شمارہ آپ کے ہاتھوں میں پہنچنے تک آپ کی چھٹیاں شروع ہوچکی ہوںگی۔ اور آپ ایک ماہ سے بھی زیادہ عرصہ تک اسکول کی مصروفیات سے آزاد ہوںگی۔ نہ ہوم ورک کا بوجھ نہ صبح صبح اٹھ کر اسکول جانے کی فکر۔ بس فرصت ہی فرصت ہوگی۔
کچھ لوگ ایسے ہیں جو اس فرصت کے وقت کو صرف کھیل کود اور بے کاری میں گزار دیتے ہیں۔ یہاں تک کہ پھر نئے تعلیمی سال میں اسکول جانے کا وقت آجاتا ہے۔ کچھ سمجھ دار بہنیں اور بھائی ایسے بھی ہیں جو اس فرصت کو اچھے اچھے کاموں میں اور اپنی معلومات کو بڑھانے میں لگادیتے ہیں۔ آپ سوچئے کہ آپ کے پاس فرصت کے ان دنوں کے لیے کیا کیا کام ہیں۔ اگر آپ نے ابھی تک چھٹیوں کے لیے کوئی اہم مصروفیت یا اپنے علم میں اضافے کے لیے کوئی منصوبہ نہیں بنایا تو ابھی وقت ہے۔ آپ اپنے لیے اچھا منصوبہ بناسکتی ہیں۔
اسکول جانے کے دنوں میں ہوم ورک اور پڑھائی کے سبب دینی مطالعے اور قرآن پڑھنے و سیکھنے کے لیے آپ کے پاس وقت کم ہوتا ہے۔ آپ اپنے لیے قرآن کلاسز میں شریک ہونے، کچھ سورتوں کو زبانی یاد کرنے اور کچھ سورتیں ترجمہ و تفسیر سے پڑھنے کا منصوبہ بناسکتی ہیں۔ کچھ سلائی کڑھائی، کھانے پکانے کی کلاسز اور مہندی کی کلاسز بھی اچھی مصروفیت ہوسکتی ہیں۔
اس بار ہم اپنی بہنوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے استاد یا گھر کے لوگوں کے مشورے سے کچھ اچھی کتابیں منتخب کرلیں اور انہیں مکمل طور پر پڑھ لیں تو یقینا آپ کی معلومات میں بھی اضافہ ہوگا اور مزہ بھی آئے گا۔ لیکن اس کے علاوہ آپ یہ طے کریں کہ ان چھٹیوں میں آپ ایک دو مضمون ضرور لکھیں۔ یہ مضمون کوئی اچھی کہانی بھی ہوسکتا ہے اور کوئی سبق آموز واقعہ، کوئی حادثہ یا کوئی دلچسپ روداد بھی۔ کچھ سائنسی معلومات کے مضمون بھی ہوسکتے ہیں اور عام سماج کے کسی مسئلہ سے متعلق بھی۔ کسی بیماری کے پھیلنے کے اسباب اور علاج پر بھی ہوسکتے ہیں اور گاؤں محلے کے مسائل اور ان کے حل سے متعلق بھی۔
آپ اس طرح کا کوئی بھی موضوع چن کر مضمون لکھنے کی مشق کریں۔ کوشش کریں کہ آپ کا مضمون معلوماتی ہو اور اچھی طرح پڑھ کر اور سوچ سمجھ کر لکھا گیا ہو۔ آپ کے مضامین کا ہمیں انتظار رہے گا اور ہم آپ کے رسالہ حجاب اسلامی میں شائع بھی کریں گے۔
آپ کی بہن
مریم جمال