پیاری بہنو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
کیا آپ نے دیکھا نہیں کہ پچھلے ماہ کے حجاب سے گوشۂ نو بہار غائب تھا۔ آپ بھی خوب ہیں! ہم یہی تو دیکھنا چاہتے تھے کہ آپ کو گوشۂ نو بہار سے کتنی محبت ہے اور ہاں اگر ہم اسے ختم کردیں تو کیا آپ پر کچھ فرق پڑے گا۔ جی ہاں! ہماری کئی بہنو نے ہمیں خط لکھ کر شکایت کی ہے کہ مریم باجی آپ نے گوشۂ نو بہار ختم کیوں کردیا۔ حقیقت میں ہم اسے ختم نہیں کرنا چاہتے۔ ہم تو بس یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ واقعی آپ کو گوشۂ نو بہار سے دلچسپی ہے بھی یا ہم یوں ہی حجاب کے صفحات کالے کررہے ہیں۔ اب ایک ماہ غائب کردینے کے بعد اندازہ ہوا کہ ہماری بہنیں اسے غور سے پڑھتی ہیں اور اس کی ضرورت کو محسوس کرتی ہیں اور اگر یہ کسی ماہ غائب ہوجائے تو بے چین بھی ہوجاتی ہیں۔ بہرحال گوشۂ نو بہار سے آپ کی اس محبت کے لیے شکریہ۔ مگر دیکھئے اس میں ہم جو کچھ دیتے ہیں وہ یوں ہی تو نہیں دیتے۔ہم چاہتے ہیں کہ ہماری بہنیں اس میں دی گئی باتوں سے سبق لیں اور اپنی زندگی پر ان کا اثر بھی ڈالیں۔ اب آپ گلدستہ ہی کو لے لیجیے۔ اس میں کیسی کیسی حکمت اور عقلمندی کی باتیں ہوتی ہیں۔ بزرگوں کی باتیں کہ اگر ہم ان میں سے ایک دو کو بھی اپنی زندگی میں داخل کرلیں تو کامیاب ہوجائیں۔ مثلاً: ’’عقلمند بولنے سے پہلے سوچتا ہے اور بے وقوف بولنے کے بعد۔‘‘ اب آپ سے ہم عقلمندوں کا رویہ اختیار کرنے کی امید نہ کریں تو کیا حاصل۔
اور ہاں آپ نے شکایت کی کہ گوشۂ نو بہار ختم نہ کریں اور ہم نے پھر سے شروع کردیا۔ مگر کیا ہم بھی آپ سے کچھ شکایت کرسکتے ہیں؟ جی ہاں! ہمیں اپنی بہنوں سے شکایت ہے کہ وہ گلدستہ کے لیے حجاب ہی سے نکال کرچیزیں بھیج دیتی ہیں۔ اب آپ بتائیے کہ ایک دو ماہ پہلے کے حجاب میں ہم جن چیزوں کو چھاپ چکے ہیں انہیں دوبارہ پھر کیسے چھاپ دیں۔ آپ ہی میں سے کچھ بہنیں شکایت کریں گی کہ بار بار وہی چیزیں چھاپ دیتے ہیں۔ تو براہِ کرم آپ اچھی اچھی اور نئی نئی باتیں بھیجا کریں۔ اور یہ اسی وقت ہوگا جب آپ کتابیں پڑھیں گی۔
اسی طرح پسندیدہ اشعار کا معاملہ بھی ہے۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ دیے گئے موضوع پر ہی اشعار بھیجا کریں۔ اگر آپ اس کے علاوہ اشعار بھیجیں گے تو ہم شائع نہ کریں گے اور آپ کو شکایت ہوگی کہ ہماری چیزیں شائع نہیںہوتیں۔ اس لیے آئندہ دھیان رکھئے اور حجاب کے لیے چیزیں بھیجتی رہیے۔
آپ کی بہن