چھولے
چنا کابلی ایک کلو، ٹماٹر ۳۰۰ گرام، پیاز ۳۰۰ گرام، لہسن ایک چھوٹی گانٹھ، ۱۰۰ گرام دہی، تیل، گرم مسالہ پسا ہوا ۲ چائے کے چمچے، ہرا دھنیا تیج پات، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، دھنیا پاؤڈر ۲ چمچ، مرچ پاؤڈر ایک چمچ، تھوڑی سی ہری مرچ۔
ترکیب: چنے کو رات بھر بھگودیں، اگلے دن ابال لیں، اچھی طرح پیاز اور ٹماٹر کو الگ الگ باریک کاٹ لیں۔ اب ایک کھلے برتن میں اندازے سے تیل ڈالیں، تیل گرم ہونے پر ثابت زیرا تھوڑا سا اور ہینگ چٹکی بھر ڈالیں پھر زیرا تڑکنے پر تیج پات ڈالیں اور پھر کٹا ہواپیاز ڈالیں۔ پھر ہلدی مرچ دھنیا ڈال کر بھونیں، بھوننے کے بعد ٹماٹر ڈال دیں تھوڑی دیر پکائیں پھر دہی ڈال دیں، ۲۰ منٹ پکاکر ابلا ہوا چنا اور گرم مسالہ ڈال دیں۔ ہرا دھنیا اور مرچ باریک کٹے ہوئے ڈال کر کھائیں۔
آلو کی ٹکّی
اشیا: آدھا کلو آلو ابلے ہوئے، ۳ بریڈ، ۱۰۰ گرام ابلی ہوئی مٹر، ہری مرچ آدھی کٹی ہوئی، ہرا دھنیا، نمک، لال مرچ پاؤڈر۔
طریقہ: ابلے آلو کو چھیل کر مسل لیں بریڈ کو تھوڑی دیر کے لیے پانی میں بھگو کر رکھیں۔ اب بریڈ اور مٹر کو بھی مسل کر آلو کے ساتھ ملا دیں، نمک مرچ، دھنیا ہری مرچ باریک کٹی ہوئی ملا دیں ، ہاتھ میں ہلکا سا تیل لگا کر ٹکّی بنا کر تلیں۔
چاہیں تو میٹھی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
کھجور کی پڈنگ
فل کریم ملک آدھا لیٹر، کھجور بیج نکالی ہوئی اور کٹی ہوئی آدھا کپ، باسمتی چاول ایک بڑا چمچ، بھنے کاجو کے ٹکڑے ۱۰، ۱۲۔ کشمش ۲ بڑے چمچ، شکر ۳ بڑے چمچ، الائچی چھوٹی پاوڈر ڈیڑھ چمچ
طریقہ: چاول ۳ گھنٹہ بھگو کر نتھار کر پیس لیں، اور پکائیں، کھولنے پر کھجور ڈال دیں پھر گیس دھیمی کرکے ۲ منٹ بعد چاول ڈال دیں شکر ڈال دیں چلاتی رہیں جب گاڑھا ہونے لگے تو اس میں کشمش الائچی پاؤڈر ڈال دیں۔ سرونگ باؤل میں سرو کرتے وقت اوپر سے کاجو کے ٹکڑوں سے سجائیں۔ سردی میں یہ بہت اچھی رہتی ہے۔
کیلے کی پوریاں
کیلے پختہ اور گیہوں کا صاف آٹا حسب ضرورت۔
ترکیب: پکے ہوئے کیلے کو ہاتھ سے خوب مل کر چھنا ہوا آٹا اس میں ملائیں اور دونوں کو اچھی طرح گوندھ لیں۔ آٹے میں پوریوں کے آٹے کی طرح سختی رہنی چاہیے اس کے بعد بیلن سے چھوٹی چھوٹی پوریاں بیل کر گھی میں تل لیں۔
کیلے کی روٹی
میدہ یا باریک گیہوں کے آٹے میں اپنی پسند اور ذوق کے مطابق پکا ہوا کیلا ملاکر گوندھ لیں۔ پانی ڈالنے کی ضرورت نہیں۔ پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بناکر گول اور پتلی روٹیاں تیار کرکے توے پر اچھی طرح سینک لیں۔ اگر زیادہ مٹھاس مقصود ہو تو آٹا گوندھتے وقت تھوڑی شکر بھی شامل کرلی جائے۔
گوشت اور آلو کے سموسے
اشیاء: گوشت ایک سیر، میدا ایک سیر، گھی حسبِ ضرورت، مرچ تین ماشہ، دارچینی، لونگ اور الائچی دو دو ماشہ، ادرک اور دھنیہ دو دو تولہ، پیاز ایک پاؤ۔
ترکیب: پہلے گوشت کا باریک قیمہ گھی میں اچھی طرح بھون لیں اور اوپر لکھے ہوئے سب مسالے اس میں ڈال کر دو پیازہ پکائیں اور پھر چولہے سے اتار کر پتیلی نیچے رکھ دیں۔ اس کے بعد میدا کو نمک کے پانی سے اچھی طرح گوندھ کر خشت مال کریں اور بیلن سے پوریاں بناکر سانٹھ دیں۔ اب ہر ایک میں اپنی پسند کے مطابق قیمہ بھر کر سموسہ کی شکل میں موڑ لیں اور کڑھائی میں تل لیں۔ آلوؤں کے سموسے بھی بالکل اسی طرح تیار ہوں گے فرق صرف اتنا ہے کہ اس میں قیمہ کے بجائے آلو کا بھرتہ استعمال کیا جائے گا اور پیاز نہیں ڈالی جائے گی۔
بھٹّے کی ٹکیا
اشیاء: بھٹّے کے دانے اور آلو ہم وزن، ہرا دھنیا، ہری مرچ پسی ہوئی، زیرہ ثابت اور گرم مسالہ حسب پسند۔
ترکیب: بھٹے کے دانوں اور آلو کو ابال کر اچھی طرح باریک پیس لیں۔ پسے ہوئے بھٹے کے دانوں اور آلو کے ساتھ تمام اجزا کو اچھی طرح پھینٹ لیں۔ توے پر یا کڑاہی میں تلی جائیں، آمچور اور دھنیا کی چٹنی کے ساتھ بہت مزدہ دے گی۔
بھٹے کے پکوڑے
اشیاء: بھٹے کے دانے ۵۰۰ گرام، بیسن ۵۰۰ گرام، نمک، زیرہ، پسی ہری مرچ، دھنیا پاؤڈر حسب پسند۔
ترکیب: بھٹے کے دانوں کو سل پر پیس لیں۔ اب بیسن میں بھٹے کے پسے ہوئے دانوں سیمت تمام چیزیں ملا کر گھول تیار کرلیں (نہ ہی زیادہ گاڑھا اور نہ ہی پتلا) تیل گرم کرکے پکوڑے ہلکی آنچ پر بادامی رنگ آنے تک تلیں۔
ٹرکی گوشت
اشیاء: گوشت ایک سیر، دھنیا خشک ایک چھٹانک، ادرک آدھی چھٹانک، مرچ سیاہ، لونگ، الائچی دو تولہ، زعفران ایک ماشہ، دہی ایک پاؤ، پیاز ایک پاؤ گھی ایک پاؤ۔
ترکیب: دھنئے کو کسی قدر کچل دینا چاہیے اور ادرک کے ٹکڑے کرلیے جائیں۔ گھی میں پیاز کے لچھے سرخ کرکے گوشت اور مسالوں کو سالم حالت میں چھوڑ دیجیے۔ پھر اتنا پانی ڈالیے کہ گوشت کے گلانے میں مدد دے۔ زیادہ پانی نہ ہونا چاہیے۔ اس گوشت کو نرم آنچ پر اور کافی دیر تک پکانا چاہیے پھر دہی اورلہسن کے پانی سے اچھی طرح بھون لیا جائے اور آخر میں زعفران اور قدرے کیوڑا ڈال کر کھانا چاہیے۔
ٹرگی گوشت میں جو مسالے دئے جاتے ہیں وہ عام طور پر سالم ہوتے ہیں لیکن گوشت کے ساتھ اس قدر پکتے ہیں کہ ایک جان ہوجاتے ہیں نہ اس میں شوربا ہوتا ہے صرف مسالے اور گھی کی تری ہوتی ہے۔
بونٹ پلاؤ
جنس اور وزن: چاول باریک ایک سیر، قیمہ آدھ سیر، بونٹ (سبز چنے) آدھ سیر، نمک تین تولہ، دار چینی، الائچی، لونگ، سیاہ مرچ، ہر ایک تین تین ماشہ، ادرک اور لہسن آدھی آدھی چھٹانک، دہی آدھ پاؤ۔ زعفران دو ماشہ۔
ترکیب: پہلے چنے کے دانوں کو نمک میں ڈال کر تل لیں۔ اس کے بعد قیمہ میں مسالہ اور گھی ڈال کر خوب بھونیں اور تھوڑا نمک قیمہ میں ڈالیں۔ پھر چاولوں میں نمک ڈال کر جوش دیں اور پسا کر تلے ہوئے بونٹ اس میں شامل کردیں اب ایک پتیلی میں تھوڑے چاول ڈال کرتھوڑا قیمہ اور بچھائیں۔ اسی طرح چاول اور قیمہ کی کئی تہیں لگادیں اور زعفران پیس کر چھڑک دیں۔