اقوالِ رسولﷺ کی خوشبو

ساجدہ فرزانہ صادق

— رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تین چیزیں مومنانہ اخلاق میں سے ہیں، ایک یہ کہ کسی شخص کو غصہ آئے تو اس کا غصہ اس سے ناجائز کام نہ کرائے، دوسری یہ کہ جب وہ خوش ہو تو اس کی خوشی اسے حق کے دائرے سے باہر نہ نکالے اور تیسری بات یہ کہ قدرت رکھنے کے باوجود دوسرے کی چیز نہ ہتھیالے جس کے لینے کا اسے حق نہیں ہے۔‘‘ (مشکوٰۃ، انسؓ)

— رسولِ کونینﷺ نے فرمایا کہ ’’سب سے وزنی چیز جو قیامت کے دن مومن کی میزان (ترازو) میں رکھی جائے گی وہ اس کا حسنِ اخلاق ہوگا۔ اور اللہ اس شخص کو بہت ہی ناپسند کرتا ہے جو زبان سے بے حیائی کی بات نکالتا اور بدزبانی کرتا ہے۔‘‘ (ترمذی، ابوالدرداءؓ)

— رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’غیبت زنا سے سخت تر گناہ ہے۔ لوگوں نے کہا کہ اے اللہ کے رسولؐ! غیبت زنا سے سخت گناہ کیوں کر ہے؟ آپؐ نے فرمایا کہ آدمی زنا کرتا ہے پھر توبہ کرتا ہے تو اللہ اس کی توبہ قبول فرمالیتا ہے، لیکن غیبت کرنے والے کو معاف نہیں کرے گا، جب تک وہ شخص اس کو معافی نہ دے دے جس کی اس نے غیبت کی ہے۔‘‘ (مشکوٰۃ، ابوسعید ؓو جابرؓ)

— رسول اللہ ﷺنے فرمایا: ’’تم لوگ جنت میں نہیں جاسکتے، جب تک کہ مومن نہیں بنتے، اور تم مومن نہیں بن سکتے جب تک باہم محبت نہ کرو، کیا میں تمہیں وہ تدبیر نہ بتاؤں جس کو اگر کرو تو آپس میں ایک دوسرے سے محبت کرنے لگو؟ آپس میں سلام کو پھیلاؤ۔‘‘ (مسلم، ابوہریرہؓ)

— رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’میں دوسرے شرکاء کے مقابلے میں شرک سے زیادہ بے نیاز ہوں۔ جس شخص نے کوئی نیک کام کیا اور اس میں میرے ساتھ اس نے کسی اور کو بھی شریک کیا تو میرا اس کے عمل سے کوئی تعلق نہیں، میں اس کے عمل سے بیزار ہوں، وہ عمل تو اس دوسرے کا حصہ ہے جس کو میرے ساتھ اس نے شریک کیا۔‘‘ (مسلم، ابوہریرہؓ)

— رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’وہ دینار افضل ہے جسے آدمی اپنے بال بچوں پر خرچ کرتا ہے اور وہ دینار افضل ہے جسے آدمی خدا کی راہ میں جہاد کرنے کے لیے سواری خریدنے میں خرچ کرتا ہے اور وہ دینار افضل ہے جسے آدمی اپنے ساتھیوں پر خرچ کرتا ہے، ان ساتھیوں پر جو راہِ خدا میں جہاد کرتے ہیں۔‘‘ (مسلم)

— نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جب میرا بندہ مجھے یاد کرتا ہے اور میری یاد میں جب اس کے دونوں ہونٹ ہلتے ہیں تو اس وقت میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔‘‘ (بخاری)

— نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’اس شخص کی مثال جو اپنے رب کو یاد رکھتا ہے اس شخص کی سی ہے، جس کے اندر زندگی پائی جاتی ہے اور اس شخص کی مثال جو اللہ کو یاد نہیں رکھتا ایسی ہے جیسے کوئی میت۔‘‘ (بخاری و مسلم)

— حضرت ابوذرغفاریؓ کہتے ہیں کہ میں حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ میں نے عرض کیا کچھ وصیت فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: ’’اللہ کاتقویٰ اختیار کرو، یہ چیز تمہارے پورے دین اور تمام معاملات کو ٹھیک حالت میں رکھنے والی ہے۔‘‘ میں نے کہا کچھ اور فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: ’’خود کو قرآن کی تلاوت اور اللہ عزوجل کے ذکر کا پابند بنالو تو خدا تمہیں آسمان پر یاد کرے گا اور یہ عمل زندگی کی تاریکیوں میں تمہارے لیے روشنی کا کام دے گا۔‘‘ (مشکوٰۃ)

— ابوذرؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: ’’کامیاب ہوگیا وہ شخص، جس نے اپنے قلب کو ایمان کے لیے خالص کرلیا، اپنے دل کو سلیم الطبع رکھا، اس کی زبان سچی رہی، اس کا نفس مطمئن رہا اور اس کی فطرت راہِ راست پر رہی۔‘‘ (ابنِ حبان)

— حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص بھی اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے، اس کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ بھلی بات کرے یا پھر خاموش رہے۔ اور جو بندہ اللہ اور یومِ آخرت پر واقعی ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ اپنے پڑوسی کا اکرام کرے اور جو بھی بندہ اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ وہ اپنے مہمان کا اکرام کرے۔‘‘

——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں