حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: اونٹ پر سوار ہونے والی عورتوں میں سب سے بہتر قریش کی صالح خواتین ہیں۔ یہ چھوٹے بچوں پر انتہائی مشفق اور شوہر کے سامانوں کی خوب نگہداشت رکھنے والی ہیں۔ (بخاری و مسلم)
حضرت ابو اذنیہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: تمہاری عورتوں میں سب سے بہتر وہ عورتیں ہیں جو کثیر الاولاد، خوب محبت کرنے والی، ہمدرد و غمخوار اور فرمانبردار ہوں۔ (بیہقی)
حضرت عبداللہ بن سلام سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سب سے بہتر بیوی وہ ہے جسے جب تم دیکھو تو خوش کردے۔ جب کوئی کام کہو تو بجالائے اور تمہاری غیر موجودگی میں تمہارے مال اور اپنی ذات کا تحفظ کرے۔ (طبرانی)
حضرت حصین بن محصن سے روایت ہے کہ ان کی پھوپھی نبی کریم ﷺ کے پاس آئیں، آپ علیہ السلام نے ان سے پوچھا: کیا تم شوہر والی ہو؟ انھوں نے کہا: ہاں! آپ نے پوچھا: تمہارا رویہ ان کے ساتھ کیسا ہے؟ بولی: اپنی وقعت بھر میں کوئی کوتاہی نہیں کرتی ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: جانتی ہو تم اس کے لیے کیا ہو؟ وہ تمہاری جنت اور دوزخ ہیں۔ (احمد)
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دو آدمیوں کی نمازیں ان کے سروں سے اوپر بھی نہیں جاتیں… ایک وہ عورت جو اپنے شوہر کی نافرمانی کرے جب تک کہ پھر اس سے باز نہ آجائے۔ (حاکم)
حضرت انس ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس عورت نے پانچوں نمازیں ادا کیں، رمضان کے روزے رکھے، شرمگاہ کی حفاظت کی اور اپنے شوہر کی اطاعت کی وہ جنت میں داخل ہوگی۔ (بزار