اللہ کے عذاب سے بچاؤ

۔۔۔

اَنِ اعْبُدُوْا اللّٰہَ وَاتَّقُوْہُ وَاَطِیْعُوْنِ۔ یَغْفِرْلَکُمْ مِنْ ذُنُوْبِکُمْ وَیُؤَخِّرُکُمْ اِلٰی اَجَلٍ مُّسَّمیً اِنَّ اَجَلَ اللّٰہِ إِذَا جَآئَ لَا یُؤَخِّرُ لَوْکُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ۔

(النوح: ۳ -۴)

’’تم اللہ کی عبادت کرو اور اس کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو( تو اللہ) تمہارے گناہ معاف کردے گا اور ایک مقررہ وقت تک تم کو مہلت دے گا۔ یقینا جب خدا کا مقرر کیا ہوا وقت آپہنچے گا تو پھر وہ ٹل نہیں سکتا۔ کیا اچھا ہوتا اگر تم سمجھتے۔‘‘

ان آیتوں میں یہ بتایا جارہا ہے کہ اللہ کے عذاب سے بچنے کی کیا صورت ہوسکتی ہے؟ اس کی تین صورتیں بتائی گئیں (۱) اللہ کی عبادت (۲) اللہ کا تقویٰ اختیار کرنا (۳) نبی کی اطاعت۔

(۱) اللہ کی عبادت کا مطلب یہ ہے کہ اللہ کی طرف سے جو حکم آئے اسے مانا جائے اور اسی پر چلا جائے۔ اللہ تعالیٰ زندگی بسر کرنے کے لیے جو طریقہ اور قانون دے دیا اسی پر انسان اپنی زندگی کو چلائے۔ اللہ کے حکم کے مقابلے میں ہر بڑے سے بڑے شخص کی بات ٹھکرادے۔

(۲) اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ انسان جو اچھا کام کرے، اللہ کی رضا اور اسے خوش کرنے کے لیے کرے۔ اور ہر بری بات کو محض اللہ کی نافرمانی کے ڈر سے چھوڑ دے۔

اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے کا مطلب یہ بھی ہے کہ اللہ جس بات کو پسند اور ناپسند کرے بندہ بھی اسی کو پسند اور ناپسند کرے۔ اس پسند اور ناپسند میں نہ اپنی خواہشات کو دخل ہے، نہ گھر اور برادری کی رسموں کو، اور نہ کسی انسان یا جماعت کے بنائے ہوئے قاعدے اور قانون کو۔

اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے کا مطلب یہ بھی ہے کہ بندہ جو کام کرے اس کے متعلق یہ یقین رکھے کہ اللہ اس کا بدلہ ضرور دے گا۔ اگر کام اللہ کی خوشی کے لیے ہے تو اللہ آخرت میں جنت دے گا اور اگر کام برا ہے تو اللہ کو اختیار ہے کہ برا کام کرنے والے کو معاف کردے یا دوزخ میں جھونک دے۔

اگر انسان ان حقیقتوں کو سمجھ لے یعنی اللہ ہی کی عبادت کرے، اس کی عبادت میں کسی اور کو شریک نہ کرے ، اس کی نافرمانی سے ڈرے اور رسول کے طریقے پر چلے تو اللہ تعالیٰ اس انسان کے گناہوں کو معاف فرمائے گا اور مرتے دم تک اسے صحیح راستے پر چلنے کی توفیق بخشے گا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146