اونچی ایڑی کے جوتے؟؟

سمیرا ناز

پاؤں انسانی جسم کا بہت اہم اور کارآمد حصہ ہیں جو دن کے چوبیس گھنٹوں میں آپ کا وزن برداشت کرتے ہیں اور جن کی وجہ سے آپ بھاگتے دوڑتے اس کارخانہ دنیا میں اپنے کام سر انجام دیتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ شاید یہ ہمارے جسم کا سب سے نظر انداز کیا جانے والا عضو بھی ہے جس کی صفائی ستھرائی اور آرام کا سب سے کم خیال رکھا جاتا ہے۔ نئے دور کے فیشن کے تقاضے پورے کرنے کی خواہش میں پاؤں پر مزید ظلم اونچی ایڑی کی صورت میں کیا جا رہا ہے۔

اونچی ایڑی کے جوتے اگرچہ شاہانہ لباس کے ساتھ آپ کی چال کو ایک وقار بخشتے ہیں اور دیکھنے میں بھی انتہائی جاذب نظر ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے خواتین اور بچیوں کی ایک بڑی تعداد ان کے خریداروں میں شامل ہے، لیکن زیادہ دیر تک ان کو پہنے رہنا دراصل آپ کی ٹانگوں، ٹخنوں اور پاؤں کے لیے مختلف خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ تقریباً چالیس فیصد خواتین اونچی ہیل کے جوتوں سے گرنے کی وجہ سے مختلف چوٹوں کا شکار ہوتی ہیں جن میں پاؤں میں موچ آنا، ٹخنے اور پنڈلی کی ہڈی کا فریکچر بہت عام ہیں۔ اس کے علاوہ اونچی ایڑی کے جوتے آپ کے جسم کے مختلف حصوں پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں آئیے اس کا ایک جائزہ لیتے ہیں:

٭ … گردن میں درد کی ایک وجہ خواتین میں بکثرت اونچی ہیل والے جوتوں کا استعمال بھی ہو سکتا ہے، کیوں کہ یہ جوتے کمر کے قدرتی توازن کو خراب کرتے ہیں، اور توازن کی یہ خرابی گردن کے درد پر منتج ہوتی ہے۔

٭… اونچی ایڑی والے جوتے پہن کر چلنے سے آپ کے جسم کی قدرتی شکل میں تبدیلی آتی ہے، جس کی وجہ سے کمر کے درمیانی اور نچلے حصے پر کھنچاؤ نمودار ہوتا ہے، جس کا نتیجہ خواتین کو مستقل کمر درد کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔

٭ … جب بہت زیادہ اونچی ہیل کے جوتے پہن کر چلا جائے تو آپ اپنے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے گھٹنوں کو تھوڑا سا جھکاتی ہیں جس کی وجہ سے گھٹنے کے اندرونی جوڑوں کو ایک تکلیف دہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر زیادہ دیر تک اسی حالت میں چلا پھرا جائے تو گھٹنوں کے اندرونی حصے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

٭… یہی دباؤ آپ کی پنڈلی کے نچلے حصے کے عضلات (مسلز) کو سیکڑ دیتا ہے اور جب آپ سادہ چپل پہنتے ہیں تو پنڈلی کے مسلز میں کھنچاؤ پیدا ہو جاتا ہے۔

٭… ٹخنے کے فریکچر کی سب سے بڑی وجہ غالباً اونچی ہیل کے جوتے ہیں۔ کسی بھی جوڑ کے فریکچر ہونے کے بعد اس میں جوڑوں کے درد کا تناسب بڑھ سکتا ہے۔

٭ … پاؤں کی ایڑیاں اور پنجے اونچی ایڑی سے پیدا ہونے والی تکالیف کا سب سے بڑا نشانہ ہیں۔ جب بھی خواتین بہت تنگ منہ والے یا فٹنگ والے جوتے پہنتی ہیں تو یہ پاؤں کے اگلے حصے کو یعنی پنجے کو بری طرح دباتے ہیں جس کی وجہ سے انگوٹھے اور انگلیوں کے نیچے چھوٹے چھوٹے گٹے پڑ جاتے ہیں۔ تنگ منہ والے جوتے پاؤں کے درمیانی حصے پر اس قدر زیادہ دباؤ ڈالتے ہیں کہ جوڑ کے اپنی جگہ سے ہلنے کا اندیشہ بھی ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ بہت اونچی ہیل آپ کی ایڑیوں پر چھوٹے چھوٹے ابھار بناتی ہے اور جب بھی وہ جوتے کے ساتھ رگڑ کھاتے ہیں تو شدید تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔

اونچی ایڑی کے استعمال سے پیدا ہونے والی یہ ساری تکالیف ایک حقیقت ہیں لیکن اگر آپ چند احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں تو یہ ان نقصانات کو کم کر کے آپ کو اپنی پسند کے جوتے پہننے میں معاون و مددگار ہوسکتی ہیں۔

٭ … یہ حقیقت ذہن میں رکھئے کہ بہت فینسی اور اونچی ایڑی کے جوتے زیادہ دیر تک پہننے کے لیے نہیں بنائے جاتے۔ کسی بھی تقریب میں جانے سے پہلے اپنی سواری سے اترتے ہوئے انہیں پہنئے اور تقریب ختم ہوتے ہی اتار دیجئے۔ اس مقصد کے لیے سادہ چپلوں کا ایک جوڑا ہمیشہ اپنے پاس رکھئے۔

٭ … بہت تنگ منہ اور پنسل ہیل والے جوتے کے بجائے کھلے منہ اور نسبتاً چوڑی ہیل والے جوتے کا انتخاب کریں۔ یہ آپ کو سہولت اور فیشن دونوں چیزیں مہیا کرسکتے ہیں۔

٭ … اگر آپ واقعی اونچی ایڑی کے جوتوں کی شوقین ہیں تو کوئی بھی نیا جوتا خریدنے کے بعد پہلے گھر میں چلنے کی پریکٹس کیجئے، اس سے آپ کو اپنا توازن بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

٭ … کمر درد سے بچاؤ کے لیے اپنے پیٹ اور کمر کے عضلات (مسلز) کو مضبوط بنائیے۔ ایک گہرا سانس لے کر اپنے پیٹ کو اندر کھینچئے اور آہستہ آہستہ سانس باہر نکالتے ہوئے پیٹ کے عضلات کو تقریباً پچاس فیصد تک ڈھیلا چھوڑ دیجئے۔ یہ چھوٹی سی ورزش نہ صرف پیٹ اور کمر کے عضلات کو مضبوط بناتی ہے بلکہ پیٹ کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

٭ … پلیٹ فارم یا چوڑی ہیل والے جوتے نسبتاً زیادہ آرام دہ ہوتے ہیں، جن کو آپ دوران تقریب زیادہ دیر تک پہننے سے بھی بے آرام نہیں ہوتیں، لیکن اگر ان کی ایڑی کی لمبائی حد سے زیادہ ہوتو پاؤں مڑنے کی صورت میں موچ یا فریکچر کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔

صحیح جوتے کا انتخاب یقینا ایک مشکل مرحلہ ہے لیکن اگر جوتے خریدتے وقت آپ اپنی عمر، جسامت اور پاؤں کی شیپ اور تقریب کی نوعیت کو مدنظر رکھیں تو یقینا اپنے لیے ایک بہتر اور آرام دہ جوتے کا انتخاب کرسکتی ہیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146