پنجوں کو چھونا
پاؤں کھلے کرکے کھڑی ہوجائیں، پاؤں تقریباً ایک فٹ کھلے ہوں، بازو سر کے اوپر سیدھے اٹھائیں۔دھڑ جھکاتے ہوئے دونوں پاؤں کے درمیان فرش چھوئیں۔ پھر دھڑ تھوڑا سا اوپر اٹھاتے ہوئے پہلی حالت میں واپس آجائیں۔ یہ ورزش پانچ سے دس منٹ تک کریں۔
بازوگھمانا
سیدھی کھڑی ہوجائیں۔ پاؤں ایک فٹ کھلے ہوں۔ بازو پہلو کے ساتھ ہوں۔ دونوں بازوؤں کو پچھلی طرف پوری گردش کریں۔ ورزش کی آدھی تعداد پیچھے سے آگے کو گردش دیتے ہوئے مکمل کریں اور آدھی آگے سے پیچھے کو یہ ورزش ۱۸ سے ۲۰ مرتبہ کریں۔
زچگی کے بعد وزن میں اضافے کو روکنے کی ورزش
فرش پر سیدھی بیٹھ جائیں۔ بازو آگے پھیلائیں اور ٹانگیں بھی سیدھی پھیلادیں۔ اب آگے جھکتے ہوئے دونوں ہاتھوں سے پنجوں کو پکڑلیں۔ اپنی اصلی حالت پر آجائیں۔ اب بازو سامنے پھیلائیں اور پچھلی طرف جھکیں اور دونوں ٹانگیں اندر کو سمیٹیں۔ اپنی اصلی حالت پر آجائیں۔ اب سیدھی لیٹ جائیں۔ دونوں بازو سر کی طرف فرش پر پھیلادیں۔ ٹانگیں ذرا سمیٹیں اور کمر فرش سے جس قدر اٹھ سکے اوپر اٹھائیں۔ لیکن کندھے کولہے اور پاؤں فرش سے لگے رہیں۔
کمر کی ورزش
سیدھی کھڑی ہوجائیں۔ پاؤں تقریباً ایک فٹ کھلے ہوں۔ بازوسر کے اوپر سیدھے اٹھے ہوں۔ کمر جھکاتے ہوئے بائیں بازو کے باہر زمین کو چھوئیں۔ پھر قدرے اٹھتے ہوئے جھکیں اور پاؤں کے درمیان زمین کو چھوئیں۔ پھر دائیں بازو کے باہر چھوئیں۔ پھر سیدھی کھڑی ہوتے ہوئے پہلی حالت میں واپس آجائیں۔ یہ ورزش دس سے پندرہ مرتبہ کریں۔
پیٹ اور ٹانگوں کی ورزش
سیدھی کھڑی ہوجائیں، بازو پہلو کے ساتھ رکھیں۔ بائیں گھٹنے کو زیادہ سے زیادہ اوپر اٹھائیں۔ گھٹنے اور ٹخنے کے قریب سے دونوں ہاتھوں سے پکڑ کر جسم کی طرف دبائیں۔ اس دوران دھڑ بالکل سیدھا رکھیں۔ یہ ٹانگ نیچے رکھتے ہوئے دائیں ٹانگ کو اوپر اٹھائیں۔ اس طرح ایک دفعہ دائیں، ایک دفعہ بائیں ٹانگ کو اوپر اٹھائیں اور پانچ تک گنتی شمار کریں۔ یہ ورزش سولہ سے بیس مرتبہ کریں۔