اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار عظیم نعمتوں سے نوازا ہے۔ موسموں کی تبدیلی کے باعث انسانی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کو زائل کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے قسم قسم کی غذائی چیزیں بنائی ہیں اور پھر انہیں انسانوں کے لیے شفا کا ذریعہ بھی بنایا ہے۔ قدرت نے پھلوں، سبزیوں میں ایک توانائی اور ذائقہ کی قوت و دوا کی تاثیر رکھی ہے۔ جب موسمِ گرما اپنی شدت سے انسانی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے تو ہمیں غذائی قوت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کو فراہم کرنے کے لیے اللہ کی نعمتوں میں آم سرِ فہرست ہے۔ آم کے پھول (بور)، پتّے اور گٹھلی بھی دوا میں استعمال کی جاتی ہیں۔
کچا آم ذائقے میں ترش اور رنگت میں سبز ہوتا ہے، جو اچار، چٹنی اور مربے کے کام آتا ہے۔ جبکہ پکا ہوا آم شیریں اور خوشبودار ہوتا ہے۔ یہ عام طور کھانے اور جوس بنانے کے کام آتا ہے۔ آم کی دو اقسام قلمی اور تخمی ہیں، لیکن آگے چل کر بے شمار اقسام میں تقسیم ہوجاتی ہیں جو قریب ایک ہزار سے زائد ہیں، جن کے نام بے شمارہیں۔ ہر ایک میں مختلف ذائقہ، منفرد لذت ہے۔ یہ روح کی تازگی اور لطافت سے بھرپور پھل ہے، اس میں وٹامن اے، بی، سی اور ای کی وافر مقدار ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ آم میں لحمیات، شکر، نشاستہ، روغنی اجزاء، فاسفورس، کیلشیم، پوٹاشیم، گلوکوز بھی موجود ہے۔ یہ خون پیدا کرنے کی عمدہ مؤثر قدرتی دوا ہے جو معدہ، دل، آنتوں کو قوت دینے کے ساتھ جسمانی نشوونما بھی فراہم کرتا ہے۔ اگر آم کھانے کے بعد میٹھادودھ استعمال کرلیا جائے تو جسم کے لیے مقوی ہے۔ دل و دماغ کی کمزوری کو دور کرتا ہے، گردہ اور مثانہ کو طاقت دیتا ہے، مقوی اعضائے رئیسہ ہے، بدن میں تازگی اور فربہی لاتا، رنگت کو نکھارتا ہے۔ یہ بینائی کو بھی طاقت دیتا ہے۔ لیکن آم کے ساتھ دودھ کی لسی بھی استعمال کی جائے۔ آم کی سوغات کے طور پر آم کا حلوہ، آم کا اچار، آم کی چٹنی، آم کا مربہ، آم کا اسکوائش، آم کی جیلی، آم کا جیم، امرس (آم پاپڑ)، آم کی آئس کریم، ملک شیک، آم کی قلفی، آم کا کیک، آم کی برفی، آم کی قلاقند اور دیگر مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ ذیل میں اس کے چند نسخہ جات درج کیے جاتے ہیں جو افادیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں۔
ذیابیطس
برگ آم ۵۰ گرام، مغز جامن ۵۰گرام، گڑمار ۵۰ گرام سفوف کرکے، کشتہ زمرد ۳ گرام، کشتہ بیضہ مرغ ۳ گرام، کشتہ فولاد جامن والا ۳ گرام شامل کرکے صبح و شام پانی سے پانچ پانچ گرام استعمال کریں۔
ضعفِ ہضم
آم کا رس ۵۰ گرام، سونٹھ ۲ گرام پیس کر ملائیں، صبح استعمال کریں۔ ہاضمہ کی کمزوری ختم ہوجائے گی۔
وزن میں اضافے کے لیے
جسم کو فربہ کرنے کے لیے آم اور دودھ کا استعمال زبردست غذا کے ساتھ مثالی علاج ہے۔ لہٰذا صبح، دوپہر، شام دودھ کے ساتھ آم ۴۰ دن تک استعمال کریں، جسم کو طاقت بخشتا ہے، وزن میں اضافہ کرتا ہے اور صحت بہتر ہوتی ہے۔
قے بند کرنے کے لیے
برگ آم، برگ پودینہ برابر وزن لے کر جوشاندہ تیار کریں اور شہد میں ملا کر استعمال کریں۔ قے فوراً بند ہوجائے گی۔
لولگنا
لو لگنے کی صورت میں کچے آم کو گرم راکھ میں پکا کر اس کے گودے کو پانی اور شکر میں ڈال کر شربت تیار کرکے استعمال کیا جائے تو فوراً آرام ہوجاتا ہے۔ یہ لو لگنے میں بے حد مؤثر اور مفید ہے۔
——