آم کی بہار

ماخوذ

آم کا میٹھا اچار

اجزاء: آم سبز ۲۰ عدد، رائی ۶۰ گرام، مرچ سیاہ ۲۵ گرام، میتھی ۲۵ گرام، سفید زیرہ ۲۵ گرام، سیاہ زیرہ ۱۲ گرام، ہلدی ۱۲ گرام، نمک ۳۵ گرام، چینی ۱ کلو گرام، سرکہ یا تیل سرسوں ۵۰۰ گرام۔

ترکیب: آموں کو لمبائی کی طرف سے کاٹیں۔ ہر ایک کے چار ٹکڑے کرلیں۔ پھر نمک اور سروں کے تیل کے مرکب سے انہیں آلودہ کریں۔ دو یوم تک انہیں پڑا رہنے دیں۔ تاکہ آموں میں سے پانی نکل آئے۔ اب ان ٹکڑوں کو نکال کر صاف کریں اور انہیں چینی کے گاڑھے شربت میں چوبیس گھنڈے تک ڈوبا رہنے دیں۔ آخر میں انہیں ایک مرتبان میں ڈالیں اور سرسوں کا تیل یا سرکہ ان کے اوپرڈال دیں۔ چند یوم کے بعد استعمال کے قابل ہے۔

آم کا اچار ترش

اجزاء: آم سبز ۲۰ عدد، میتھی ۶۰ گرام، سفیدہ زیرہ ۳۰ گرام، سیاہ زیرہ ۳۰ گرام، نمک ۳۵۰ گرام، تیل سرسوں ڈھائی کلو۔

ترکیب: آموں کو دو حصوں میں کاٹ لیں۔ ہر ایک آم کی نرم گٹھلی نکال دیں۔ پھر گرم مصالحے کا ملا ہوا مرکب قتلوں پر لگادیں۔ اور ان پر نمک مل کر دھوپ میں رکھ دیں۔ اگلے دن ان آموں کو مرتبان میں ڈال کر اوپر سرسوں کا تیل ڈال کر ڈھکن بند کردیں۔ تیز دھوپ میں رکھ دیں۔ پندرہ دن تک دھوپ کی حرارت سے اچار قابلِ استعمال ہوجائے گا۔ مرتبان کو پھر بھی ہفتہ میں کم از کم ایک بار دھوپ لگانی چاہیے۔

نئی ترکیب سے آم کا اچار

اجزاء: آم سبز ا کلو گرام، زیرہ سفید ۲۰ گرام، نمک ۵۰ گرام، سرسوں کا تیل ۲۵۰ گرام

ترکیب: آموں کو چھیل کر گٹھلی نکال دیں۔ اب ان کے قتلے بنائیں اور انہیں پیس لیں۔ ایک کپڑے میں ڈال کر ان کا تیزابی رس نچوڑیں۔ اب اس میں پسا ہوا زیرہ ادرک اور نمک ڈالیں اور گولے بنائیں۔ ان گولوں کو پتوں سے ڈھانپ کر دھوپ میں رکھیں اور خشک ہونے دیں۔ جب خشک ہوجائیں تو پتوں کو ہٹا کر گولوں کو تیل میں ڈالیں۔ یہ اچار شمالی ہندوستان کے لوگوں کی مرغوب غذا ہے۔ اور دیرپا ہوتا ہے۔

کچے آم کا مربہ

اجزاء: آم سبز ۱ کلو گرام، چینی ۲ کلوگرام، چونا ۳۵ گرام، نمک ۲۵ گرام

ترکیب: آموں کو دھوئیں، چھیلیں اور اندر کا حصہ علیحدہ کریں۔ گودا آم کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹیں۔ کانٹے سے ان میں سوراخ کریں۔ پھر چونے میں پانی ڈال کر محلول تیار کریں۔ اس میں آم کے ٹکڑوں کو دو گھنٹے تک ڈبوئے رکھیں۔ اور باہر نکال کر دھوئیں، کسی پلیٹ میں ان پر نمک مل کر آدھ گھنٹہ تک پڑا رہنے دیں۔ اب انہیں گرم پانی سے دھوئیں۔ اور کسی تام چینی کے برتن میں ڈال کر آگ پر رکھیں اور آم کے ٹکڑوں کو نرم کریں۔ پانی کو نکال دیں اور چینی کا پتلا شربت ان میں ڈال دیں ۔ اور پکا کر قوام لعاب دار بنائیں۔ ٹھنڈا ہونے پر بوتلوں میں بھرد یں۔

آم کا لذیذ مربہ

اجزاء: آم ا کلو گرام، چینی ۲ کلوگرام، زعفران ۱ گرام، پھٹکری ۳ گرام، لیموں کا رس ۲۵ گرام، روح کیوڑہ ۶۰ گرام

ترکیب: آم چھیل کر صاف کریں۔ گٹھلی دور کردیں۔ کانٹا سے چھوٹے چھوٹے سوراخ کرکے قتلیاں کاٹیں پھر چونے کے پانی میں بھگوئیں۔ پھر پانی نتھار کر خالص پانی میں پھٹکری ڈال کر جوش دیں۔ جب گل جائیں تو نکال کر تختہ پر ڈال دیں تاکہ خوش ہوجائیں۔کھانڈ کا شیرہ تیار کرکے اس میں قتلیاں زعفران، لیموں کا رس ڈال کر جوش دیں۔ ٹھنڈا کرکے استعمال کریں۔ بے حد لذیذ مربہ ہے۔

میٹ بالز

اجزاء: گوشت ایک کلو بغیر ہڈی کا، آلو آدھا کلو، ڈبل روٹی کا چورا حسب ضرورت، انڈے دو عدد، لال مرچ حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، ہرا مسالہ ایک ٹیبل اسپون، گھی فرائی کے لیے۔

ترکیب: گوشت کو دھوکر نمک، ہرا مسالہ اور تھوڑا پانی ڈال کر ابال لیں۔ آلو کو الگ ابالیں اور جب گل جائے تو چھیل کر میش کرلیں۔ گوشت کے بھی باریک ریشے کرلیں۔ پھر اس میں لال مرچ پسی ہوئی حسب پسند ڈالیں۔ دو انڈوں کو توڑ کر ان میں مکس کریں۔ پھر ڈبل روٹی کے چورے کے ساتھ چھوٹے گولے بنائیں اور گھی میں فرائی کریں۔

آلو چانپ

اجزاء: قیمہ آدھا کلو، آلو تین پاؤ، گھی حسب ضرورت، ڈبل روٹی کا چورا، نمک ،مرچ گرم مسالہ حسب ضرورت، انڈے دو عدد، پیاز درمیانی ایک عدد، ہرادھنیا، پودینہ تھوڑا،۔

ترکیب: قیمے کو اچھی طرح سے دھوکر نمک، لال مرچ، گرم مسالہ ایک ٹی اسپون ڈال کر بوائل کریں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو اتارلیں۔ پیاز کو باریک کاٹ کر ڈالیں۔ ۲ انڈے ابال کر ان کے چھوٹے ٹکڑے کرکے قیمہ میں ملائیں۔ دھنیا پودینہ کاٹ کر ڈالیں۔ آلو کو نمک اور پانی میں ڈال کر ابال لیں۔ گل جانے پر چھلکا اتار کر میش کرلیں۔ نمک اور لال مرچ حسب ضرورت ڈالیں۔ آلو کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر پیالے کی مانند گول کرلیں، تھوڑا قیمہ ان میں بھر کر بند کرلیں۔ ڈبل روڈی کا چورا لگا کر ہاتھ سے دبائیں اس کے بعد فرائی پین میں گھی یا تیل ڈال کر گرم کریں، جب گھی کرکڑانے لگے تو آلو چانپ اس میں چھوڑ دیں۔ سرخ کرکے نکالتی جائیں۔ ٹماٹر کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

جھینگا فرائی

اجزاء: جھینگے ایک کلو، ادرک آدھا انچ کا ٹکڑا، انڈے ۳ عدد، دودھ چوتھائی کپ، سفید سرکہ ۴ بڑے چمچ، سویا ساس ایک بڑا چمچ، کارن فلور ۳ بڑے چمچ، کالی مرچ آدھا چھوٹا چمچ، نمک آدھا چھوٹا چمچ، اجینو موتو چوتھائی چھوٹا چمچ، تیل فرائی کے لیے۔

ترکیب: انڈے پھینٹ لیں پھینٹتے وقت اس میں تھوڑا تھوڑا کرکے کارن فلور بھی ملاتے جائیں۔ کالی مرچ، نمک، سویا ساس اور پسا ادرک بھی ایک ایک کرکے ملادیں۔ پھر دودھ ملا کر خوب پھینٹ لیں کہ سب اشیاء یکجان ہوجائیں۔ اس آمیزے میں جھینگے اچھی طرح لت پت کرکے چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر تیل گرم کریں جب دھواں دینے لگے تو آنچ دھیمی کرکے جھینگے فرائی کریں کہ خستہ ہوجائیں۔ سلاد اور چلی ساس کے ساتھ پیش کریں۔

شملہ مرچ کی سلاد

اجزاء: شملہ مرچ ۲ عدد (چھوٹی سائز) چینی ایک بڑا چمچ، نمک چوتھائی چھوٹا چمچ، سیم آئل آدھا چھوٹا چمچ۔

ترکیب: مرچیں دھوکر کاٹ لیں۔ ان کے بیج نکال دیں اور انہیں لمبائی کے رخ باریک کاٹ لیں دیگچی میں پانی ۵۰۰ گرام گرم کرلیں جب ابلنے لگے تو مرچیں چھوڑ دیں اس میں رکھیں پھر نکال کر تازے پانی میں بھگوکر نکالیں۔ نمک، سیم آئل اور چینی ان میں ملادیں اور پیش کریں۔

دہی کے کوفتے

اجزاء: قیمہ ایک کلو، دہی آدھا کلو، آلو دو عدد، ادرک لہسن (ثابت) تھوڑا سا، تیل دو کھانے کے چمچ، چاٹ مسالہ حسب ضرورت، انڈا ایک عدد، ثابت مرچ پانچ عدد، ہری مرچ دو عدد، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: قیمہ، آلو، ادرک، لہسن، ثابت مرچ، ہری مرچ اور نمک ایک کپ پانی میں ملا کر ہلائیں اور قیمہ گلا لیں۔ خشک ہونے پر اسے بھون کر پیس لیں۔ انڈا ملا کر کوفتے بنالیں اور تل لیں دہی پھینٹ کر اس میں چاٹ میں کوفتے رکھ کر اوپر سے دہی ڈال دیں پھر ایک فرائی پین میں دو کھانے کے چمچ تیل ڈال کر گرم کریں اور پھر اس میں کڑی پتہ، لہسن، زیرہ اورثابت مرچ ڈال کر لال کریں اور اب دہی والے کوفتے مزیدار کوفتے تیار ہیں۔ خود بھی کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146