اپنے دل کی خبر لیجیے!

غلام محی الدین

۳۲؍سالہ سعیدہ ہنسلی کی ہڈی کے قریب درد کی شکایت کرنے لگی۔ اسے سانس لینے میں تنگی بھی محسوس ہوئی۔ ڈاکٹر نے کھانسی کا عارضہ بتایا۔ تکلیف نے جانے کا نام ہی نہ لیا تو ڈاکٹر نے پریشانی اور الجھن کو اس کا سبب قرار دیا۔ تین ہفتے بعد سڑک پار کرتے وقت خاتون کو ٹھنڈا پسینہ آیا اور آنکھوں کے آگے اندھیرا چھانے لگا۔ سانس بھی قدرے اکھڑا اکھڑا محسوس ہوا۔ بالائی پشت میں شدت کا درد ہورہا تھا۔ سعیدہ سیدھی قریبی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ جا پہنچی۔ ای سی جی لیا گیا تو دل کی دھڑکن تیز ہونے کی تشخیص ہوئی لیکن ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے کہا کہ اس کی وجہ فکر اور پریشانی ہوسکتی ہے۔
اس نے ڈاکٹر کو بتایا کہ اس کے بائیں بازو میں نیچے کی طرف اور کندھوں کے درمیان شدید درد ہے اور متلی ہورہی ہے۔ اس کا وزن زیادہ اور ہائی بلڈ پریشر کا عارضہ بھی تھا۔ اس کے والد کو چوالیس سال کی عمر میں دل کا شدید دورہ پڑا تھا۔ اس کے باوجود ایمرجنسی وارڈ کے ڈاکٹر نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے کہا: ’’میرے خیال میں آپ کو دل کاعارضہ نہیں۔ آپ عورت ہیں اور صرف بتیس برس کی۔‘‘
اس واقعے کے چند روز بعد سعیدہ کو سینے میں شدید درد اٹھا۔ خاوند گھبرایا اور اسپتال لے آیا۔ ڈاکٹروں نے اسے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں داخل کرلیا اور فوراً آکسیجن لگا دی گئی۔ مخصوص آلے سے اس کے دل کی دھڑکن تو بحال ہوگئی مگر اس دوران دل کو سخت نقصان پہنچ چکا تھا۔ چند روز کے علاج کے افاقہ ہوگیا۔ گھر آکر اس نے اپنا وزن ۱۲۰ پونڈ تک کم کرلیا۔ وہ باقاعدگی سے ورزش کرتی ہے اور اس کا بلڈ پریشر نسبتاً کم ہے۔
خواتین کے لیے وارننگ
ایشیا کے دیگر ممالک کی طرح ہمارے یہاں بھی دل کے امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جن میں اکثر مرد اور بڑی تعداد میں عورتیں بھی مبتلا ہیں۔ جہاں تک امریکہ کا تعلق ہے وہاں دل کا مرض مردوں اور عورتوں میں قاتل نمبر ایک ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دل کے دورے کا شکار ہونے والی ایک تہائی امریکی عورتوں کی صحیح تشخیص ہی نہیں ہوپاتی کیونکہ مرض کی علامات کسی اور عارضے سے منسوب کردی جاتی ہیں۔
اکثر لوگ یہی سمجھتے ہیں کہ دل کے دورے مردوں ہی کو پڑا کرتے ہیں۔ سچ پوچھئے تو دل کے دورے مردوں اور عورتوں دونوں کو یکساں پڑتے ہیں۔ البتہ عورتیں اسے جلد محسوس نہیں کرتیں کیونکہ ان میں اس کے اثرات دیر سے (تقریباً دس برس بعد) رونما ہوتے ہیں اور جب عورتیں دل کے دورے کا شکار ہوتی ہیں تو ان کے ابتدائی چند ہفتوں کے اندر موت واقع ہوجانے کا دگنا امکان ہوتا ہے۔ ہارٹ اٹیک کے بعد ۳۹ فیصد عورتیں ایک سال کے اندر اندر چل بستی ہیں جبکہ مردوں میں یہ شرح اس سے آٹھ فیصد کم ہوتی ہے۔
بدقسمتی سے اکثر ڈاکٹر عورتوں کے سینے میں درد کو نفسیاتی قرار دیتے ہیں اور ان کی ای سی جی لینے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے اور اگر لیبارٹری ٹیسٹ سے تشخیص ہوبھی جائے تو وہ ان کے اضافے ٹیسٹ نہیں لیتے اور ان کا علاج اس طرح جاری نہیں رکھا جاتا، جس طرح مردوں کا، خواہ مرض کی علامات شدید تر کیوں نہ ہوں۔
اہم اشارے
کوئی خاتون معمول سے ہٹ کر سینے میں تکلیف محسوس کرے، سانس لینے میںدقت ہو، آنکھوں کے آگے اندھیرا چھا جاتا ہو، ٹانگیں پھولتی ہوں تو اسے فوراً اپنے معالج سے رجوع کرنا چاہیے۔ وہی چیک اپ کے بعد بتاسکے گا کہ یہ علامت کس نوعیت کی ہے اور آپ خطرے سے محفوظ ہیں یا نہیں۔
امریکہ میں ڈاکٹر شمٹ اور ڈاکٹر بورش نے ایک حالیہ مطالعے سے معلوم کیا کہ مردوں کے مقابلے میں عورتیں، شریانیں کھولنے والی ادویات کے مؤثر استعمال سے بہت کم آگاہ ہیں۔ علامات مرض کے آغاز سے اسپتال پہنچنے تک کا اوسط وقفہ جہاں مردوں میں ایک گھنٹے کا تھا، وہاں عورتوں میں یہ چار گھنٹوں پر محیط پایا گیا اگرچہ دورہ دل سے ساٹھ فیصد اموات پہلے ایک گھنٹے میں واقع ہوتی ہیں۔
تشخیص مرض کی طرح مردوں اور عورتوں کا علاج بھی مختلف ہوسکتا ہے۔ مرد سینے کا درد کم کرنے کے لیے اکثر بائی پاس آپریشن کرالیتے ہیں جو بڑا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے مگر عورتوں کے لیے یہ دوگنا زیادہ خطرناک ٹھہرتا ہے۔ ایک حالیہ مطالعے سے معلوم ہوا کہ بائی پاس سرجری سے ۳ء۷ فیصد عورتیں انتقال کرگئیں حالانکہ مردوں میں یہ تناسب ۲ء۳ فیصد رہا۔ ماہرین کے نزدیک اس تفاوت کی دو وجوہات ہیں۔ اول، عورتیں بائی پاس آپریشن کا سن کر زیادہ ’بیمار‘ ہوجاتی ہیں۔ دوم: ان کی تنگ تر شریانیں جراحی کو زیادہ مشکل بنادیتی ہیں۔
احتیاطی تدابیر
عورتوں میں دل کا دورہ پڑنے کے بیشتر اسباب وہی ہیں جو مردوں میں ہوتے ہیں۔ مثلاً موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول کی زیادتی، تمباکو نوشی اور خاندان میں عارضہ قلب کی موجودگی۔ عورتوں کا موٹاپا اس مرض کا ایک بڑا سبب ہے اور عورتوں کے ایک تہائی امراض قلب اسی سے جنم لیتے ہیں۔ مناسب و متوازن غذا اور ہلکی ورزش سے موٹاپے کو روکا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ کم از کم آدھ گھنٹہ روزانہ پیدل چلا جائے۔دماغی بوجھ اور الجھنوں میں گھرے رہنا بھی خطرناک بات ہے۔ عورتیں، مردوں کی نسبت زیادہ دیر تک اعصابی تناؤ کا شکار رہتی ہیں اور اس سے دل کے دورے کا خطرہ جنم لیتا ہے۔
دورۂ دل کے سلسلے میں سب سے بڑا خطرہ تمباکو نوشی ہے۔ نوجوانوں اور درمیانہ عمر کی امریکی خواتین میں دل کے دورے سے پچاس فیصد اموات تمباکو نوشی کا نتیجہ ہوتی ہیں جبکہ ایشیائی خواتین میںبھی یہ تناسب کچھ کم نہیں۔ ڈاکٹر رابرٹ گرین کہتے ہیں کہ انھوں نے ساٹھ سال سے نیچے جتنی بھی عورتوں کے لیے بائی پاس آپریشن تجویز کیا، ان میں سے تقریباً ہر ایک تمباکو نوش تھی۔
مردوں اور عورتوں کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی صحت ان کے اپنے ہاتھ میں ہے۔ ’’آپ ایک ہی دل لے کر پیدا ہوتے ہیں۔‘‘ امراض دل کے ایک مشہور معالج کہتے ہیں۔ ’’آپ اسے مضبوط اور اچھی طرح برسرِ عمل رکھنے کے لیے جو کچھ بھی کریں، کم ہے۔‘‘
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146