شہر ہوں یا دیہات، لاکھوں گھروں میں ریفریجریٹر بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔ یہ اشیائے خوردونوش طویل عرصہ تک محفوظ اور قابل استعمال رکھتا ہے۔ ہر شے کی طرح ریفریجریٹر کی بھی دیکھ بھال کی جائے، تو یہ لمباعرصہ چلتا ہے۔ ذیل میں ایسے طریقے دیے جارہے ہیں جو اس انسان دوست مشین کی عمر بڑھاتے ہیں۔ یوں وہ عرصہ دراز تک زیر استعمال رہتی ہے۔
زیادہ چیزیں نہ بھریں
فریج یا ریفریجریٹر اس وقت بہترین طریقے سے کام کرتا ہے جب تین اطراف دیوار اور اشیا کے مابین تھوڑی سی جگہ خالی ہو۔ لہٰذا دیوار کے ساتھ اشیا بالکل نہ لگائیے، بلکہ دائیں بائیں ایک سینٹی میٹر جب کہ پیچھے 2 سینٹی میٹر جگہ ضرورچھوڑیے۔
اس بات کا بھی خیال رکھیے کہ فریج کے اندر کم سے کم اشیا رکھیے۔ نیز اسے دھوپ میں کبھی نہ رکھیے۔ ظاہر ہے کہ فریج خود گرم رہے، تواسے اندر موجود غذا سرد رکھنے کی خاطر بہت زور لگانا پڑے گا۔ اگر فریج کو ہوا ملتی رہے تو یہ عمل اس کی صحت کے لیے اچھا ہے۔
صفائی کیجیے
چار سے چھ ماہ بعد فریج اور فریزر کی اچھی طرح صفائی کیجیے۔ سب سے پہلے اوپر والے خانے کی صفائی کریں تاکہ غذا یا ڈیٹر جنٹ نچلے خانوں ہی پر گریں۔دوسری صورت میں پہلے سے صفائی شدہ خانے پھر گندے ہوجائیں گے۔ فریج کا اندرونی حصہ معتدل صابن، سرف یا بائی کارب سوڈا سے دھوئیے۔ اگر خانے اتارے جاسکتے ہیں تو انھیں سنک میں نیم گرم پانی اور معتدل صابن سے دھوئیے۔ اگر شیشے کے خانےہوں تو پہلے انھیں کچھ دیر باہر رکھیے تاکہ وہ کمرے کے درجہ حرارت سے ہم آہنگ ہوجائیں۔دوسری صورت میں ان کا شیشہ تڑخ سکتا ہے۔ مزید برآں انھیں اچھی طرح خشک کرنے کے بعد ہی فریج میں رکھیے۔
دروازوں کا امتحان لیجیے
فریج کے دروازوں کا مقناطیسی ربڑ یا گاسکٹ مضبوطی سے چپکنا چاہیے۔ اگر فریج کی سرد ہوا خراب ربڑ کی وجہ سے خارج ہونے لگے، تو وہ اشیا ٹھنڈی کرنے میں زیادہ وقت اور طاقت لگائے گا۔ اس لیے ربڑ کا درست ہونا ضروری ہے۔اس کی درستی جانچنے کا طریق درج ذیل ہے۔
سال میں دو مرتبہ دس بیس روپے کا نوٹ ربڑ کے درمیان رکھیں اور دروازہ بند کردیں۔ اب نوٹ کو کھینچیں۔ اگر نوٹ با آسانی نکل آتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ربڑ کسی قسم کی مزاحمت نہیں کرتا، اس کے معنی ہیں کہ وہ خراب ہوگیا ہے۔ دروازے میں جگہ جگہ ربڑ کا یہ امتحان لیجیے۔ تبھی صورت حال سامنے آئے گی۔ اگر ربڑ خراب ہے یا اس میں ٹیڑھ جنم لے چکی ہے تو اسے تبدیل کردیجیے۔ یوں ٹھنڈا کرنے کی فریج کی صلاحیت بڑھ جائے گی۔
فریج کو ہموار سطح پر رکھیے
فریج ہموار سطح پر رکھاہو، تو بہترین طریقے سے کام کرتا ہے۔ اگر فرش یا تختہ ناہموار ہے، تو فریج کے نیچے گتا یا کوئی پتھر وغیرہ رکھ کر اس کی سطح برابر کیجیے۔
کوائل(Condenser)سے گرد جھاڑیے
فریج کی پشت پر نصب کوائل پر بہت جلد گرد و مٹی جم جاتی ہے۔ لہٰذا انھیں وقتاً فوقتاً صاف کرتے رہیے۔ خوش قسمتی سے ان کی صفائی آسان ہے۔ پہلے فریج کو دیوار سے آگے کیجیے تاکہ پچھلا حصہ سامنے آجائے۔ پھر فریج بند کردیں بعد ازاں نرم برش یا ویکیوم کلینر سے کوائل صاف کیجیے۔ واضح رہے یہی کوائل فریج میں ٹھنڈک پیدا کرنے میں معاون بنتے ہیں۔
کوائل کو ہر تین ماہ بعد ضرور صاف کیجیے۔ اور اگر آپ کےگھر میں دھول مٹی زیادہ ہو تو عرصہ مزید کم کرلیجیے۔ یاد رہے کوائل پر گرد جمنے کی وجہ سے فریج کولنگ صحیح نہیں کرتا۔
فریزر میں جمع برف کھرچیے
اگر آپ کا ریفریجریٹر برف نہ جمنے دینے والا (ڈی فراسٹ) نظام نہیں رکھتا، تو فریزیر میں عموماً برف کی موٹی تہ جم جاتی ہے۔ ہر چھ ماہ بعد یہ برفانی تہ ہٹانی ضروری ہے۔ ورنہ یہ نہ صرف فریزر پر منفی اثر ڈالتی ہے بلکہ کولنگ سسٹم بھی خراب ہوسکتا ہے۔ بہتر ہے کہ کسی سرد دن فریزر کی صفائی کا کام انجام دیں۔ منجمد غذائیں اخبار یا موٹے کپڑے میں لپیٹ کر ٹھنڈی جگہ رکھ دیں۔ پھر فریج بند کریں اور تیز دھار پلاسٹک آلے سے برف کھرچیں۔
جب فریزر برف سے پاک ہوجائے، تو اسے سوڈا بائی کارب کے محلول سے دھوئیں۔ اگر خانے اترسکتے ہیں تو انھیں اتار کر صاف کیجیے۔ جب فریزر اچھی طرح خشک ہوجائے، تو چلا دیں اور اشیا رکھ ڈالیں۔
دروازہ کا جائزہ لیں
اگر دروازے کا ربڑ ٹھیک ہے، تو بعض اوقات وہ پھر بھی بند نہیں ہوتا۔ اس کی وجہ دروازے میں نصب پیچوں کا اپنی جگہ سے سرک جانا یا ڈھیلا ہونا ہے۔ یہ خرابی آپ خود بھی درست کرسکتے ہیں۔ پہلے تو دروازے کے تمام خانے علیحدہ کردیں۔ بعد ازاں دروازے کے پیچ ڈھیلے کریں اور اسے فریج کے زیادہ سے زیادہ قریب کردیں۔ بہتر ہےکہ کسی مددگار کے ساتھ یہ کام انجام دیں۔ جب دروازہ اپنی جگہ آجائے تو پیچ کس دیں۔
ویڈیو دیکھیں!