اپنے چہرے کو ٹھنڈا کریں

ماخوذ

کیا آپ نے اپنے چہرے کو شادابی دینے کے لیے کبھی برف کا استعمال کیا ہے؟ برف کی ٹکور نہ صرف آپ کے چہرے پر نکھار لاتی ہے بلکہ تمام سیاہ دھبوں کو بھی صاف کر دیتی ہے۔ اس لیے برف کی ٹکور چہرے کو صحت مند اور بے داغ رکھنے کے لیے بہترین گھریلو ترکیب ہے، لیکن اس کو کیسے کیا جائے؟ یہ ایک اہم سوال ہے۔ جس کا جواب ہے کہ اس کا طریقہ بھی اتنا ہی آسان و سہل ہے کہ جتنے کے اس کے اثرات۔

سب سے پہلے پانی کو جمانے کے لیے ایک اسٹیل کے پیالے میں پانی بھر کر فریزر میں رکھ دیں۔ جب پیالے میں برف جم جائے تو پیالے کو کسی ڈش میں الٹ کر نکال لیں اور برف والی ڈش کو کھلے نل کے نیچے سنک پر رکھ دیں۔ تھوڑی دیر کے بعد اس برف کو چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ لیں، لیکن بہت چھوٹے نہ کریں۔ ورنہ یہ تیزی سے پگھل جائیں گے، اب برف کے ایک ٹکڑے کو لے کر کاٹن کے کپڑے میں لپیٹ لیں، ہمیشہ نرم کپڑا استعمال کریں، ورنہ سخت یا نیا کپڑا آپ کی جلد پر خراش ڈال سکتا ہے۔ جب برف کو کپڑے میں لپیٹ لیں تو آدھے منٹ کے لیے رکھ دیں، تاکہ کپڑا ٹھنڈا اور گیلا ہو جائے، اب آپ اس برف کو اپنے پورے چہرے پر آہستہ آہستہ پھیریں، سب سے پہلے گالوں پر رکھیں۔ اس کے بعد انہیں گول گول گول دائرے کی صورت میں گھوماتے ہوئے پورے گال پر پھیریں۔

یہ حرکت تمام چہرے پر جاری رکھیں اور جہاں کہیں پمپلز یا دانے آئیں وہاں تھوڑی دیر کو رک کر پمپل کو نری سے دبائیں، یہ عمل آپ کے دانے کو دبا دے گا۔ اب اپنے ماتھے اور تھوڑی پر ٹکور کریں۔

باقی کی برف آپ کی آنکھوں کے لیے ہے، برف آنکھوں کے لیے بہت مفید ہوتی ہے، اپنی آنکھیں بند کرلیں، اور برف پر لپٹا ہوا کپڑا کچھ منٹ کے لیے اپنی آنکھوں پر رکھ کر نرمی سے دبائیں، اگر آپ کو یہ بہت زیادہ ٹھنڈا لگے تو اس عمل کو کچھ دیر کے لیے روک دیں، اور کچھ دیر گالوں پر برف پھیرنے کے بعد دوبارہ سے اپنی آنکھوں پر واپس آجائیں۔ آنکھوں پر برف کی ٹکور آپ کی پلکوں کو نکھارتی ہے، آپ کے موڈو مزاج کو تازگی عطا کرتی ہے۔

اب آپ اس کو روک دیں، ہر چیز کی زیادتی نقصان دہ ہوسکتی ہے، اس طرح زیادہ مقدار میں برف کی ٹکور بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس ٹکور کے لیے فقط پندرہ منٹ کا دورانیہ بہت مناسب ہے، اس وقت تک آپ کا برف کا ٹکڑا بھی پگھل چکا ہوگا، اب اپنی چہرے کو نرم اور صاف تولیے سے خشک کرلیں چہرے کی شادابی کے لیے ایک بار کی ٹکور کافی نہیں ہے اگر آپ بہترین نتائج چاہتی ہیں تو اس ٹکور کو روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھیں، دن میں آپ دو بار اس عمل کو کرسکتی ہیں، خصوصاً رات کو سونے سے پہلے۔ اس کے علاوہ دن میں کام کی تھکن دور کرنے کے لیے بھی برف کی ٹکور کی جاسکتی ہے ہمیشہ ہلکے ہاتھ سے کریں۔

فروٹ فیس پیک

پھل اللہ کی ایک ا نمول نعمت ہیں جو کہ غذائیت کے خزانے سے بھرپور ہوتے ہیں اور آپ کو صحت مند غذائیت فراہم کر کے آپ کے جسم کو موذی امراض اور بیماریوں سے تحفظ دیتے ہیں۔ مختلف پھلوں میں موجود مختلف غذائیتوں کی وجہ سے ہر پھل کا استعمال اچھی صحت کے لیے ناگزیر ہے اور اچھی صحت آپ کے حسن و خوب صورتی اور آپ کی زندگی کی کامیابیوں سے مشروط ہے۔ یہ اچھی صحت ہی ہوتی ہے کہ جو فرد میں آگے بڑھنے کی طاقت، اعتماد اور حوصلہ فراہم کرتی ہے۔

اور جب بات ہو حسن و خوب صورتی کی تو یہ پھل بہترین قدرتی کاسمیٹک کی جگہ بہ خوبی لے لیتے ہیں۔ آپ کے حسن کی ضامن صحت مند جلد ہوتی ہے اور صحت مند جلد کا حصول غذائیت سے جڑا ہے، جو کہ تمام ہی پھلوں میں پنہاں ہے۔ پھل تمام ہی قسم کی جلدوں کے لیے مفید ہوتے ہیں۔ جیسے پپیتا ایسے انزائم سے بھرپور ہوتا ہے جو جلد کے مردہ خلیات کی صفائی میں مدد دیتے ہیں۔ جب کہ کیلا جلد کو ڈھیلا ہونے سے بچاتا ہے اور تادیر جوان رکھتا ہے، جب کہ سیب میں موجود پیکٹین اور کینو میں موجود وٹامن سی جلد کی تازگی اور شادابی کے لیے اہم ترین ہیں۔ آپ چاہیں تو پھلوں کو اپنی غذا میں شامل کریں یا ان سے گھریلو کاسمیٹک تیار کر کے براہ راست جلد پر استعمال کریں۔ ایک جیسے ہی فوائد حاصل ہوں گے۔ بہترین نتائج کے لیے ذیل میں چند نسخے بیان کیے جا رہے ہیں۔ ان پر عمل کر کے اپنی خوب صورتی کو ایک نئی تازگی و دلکشی فراہم کریں۔

٭پپیتا اور کیلا میش کر کے ایک ساتھ مکس کرلیں۔ چہرے اور گردن پر لگائیں۔ آدھے گھنٹے کے بعد دھولیں۔ خشک جلد پر یہ فیس پیک بہت کرشماتی اثرات مرتب کرتا ہے۔

٭ اس کے علاوہ آلو اور کھیرا آنکھوں کے سیاہ حلقوں کے لیے ہمیشہ سے ایک آزمودہ نسخہ رہا ہے۔

٭ سیب اور کینو کو ایک ساتھ میش کریں اور چہرے اور گردن پر آدھے گھنٹے کے لیے لگا رہنے دیں۔ اس کے بعد دھولیں اس میں موجود پیگٹین اور وٹامن سی مل کر آپ کے چہرے کو ایک نئی دمک عطا کرتے ہیں۔

٭ اس طرح آپ اپنی پسند کے پھل کا انتخاب کر کے انہیں چہرے پر لگا کر حیرت انگیز نتائج حاصل کرسکتی ہیں۔ جیسے ایوا کا ڈو، بادام، امرود، خوبانی، ٹماٹر، آڑو، لیموں، اسٹرابیری، آملہ یہ سب بہت کارآمد پھل ہیں۔ ان سے گھر میں تیار کیے گئے فیس پیک استعمال کریں۔ یہ آپ کے حسن کو دوام بخشیں گے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146