جون ۲۰۰۷ء کے حجابِ اسلامی میں فاصلاتی نظامِ تعلیم اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ اس مضمون میں اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (IGNOU) کے کچھ ایسے کورسز کا مختصر تعارف پیش کیا جارہا ہے جن سے تعلیم کی شوقین خواتین وطالبات استفادہ کرسکتی ہیں۔ یہ کورسز ایسے ہیں جنھیں ہماری خواتین اپنے شوق کے مطابق منتخب کرکے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیت کو نکھار سکتی ہیں اور سماج و معاشرہ کو بھی فائدہ پہنچاسکتی ہیں۔ اس شمارہ میں ہم صرف اگنو کے تدریسی کورسز کا تذکرہ کررہے ہیں۔
ان کورسز کا یہاں صرف مختصر تعارف ہی پیش کیا جارہا ہے۔ جن قارئین کو مزید معلومات مطلوب ہو ںوہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.ignou.ac.inسے تفصیلی معلومات حاصل کرسکتے ہیں یا یونیورسٹی کے کسی بھی قریبی سینٹر سے رابطہ کرکے یا ssc@ignou.ac.inپر ای میل کرکے IGNOU پروفائل ۲۰۰۷ مفت منگواسکتے ہیں۔ مراسلت کا پتہ درج ذیل ہے:
اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی
میدان گڑھی
نئی دہلی، ۱۱۰۰۶۸
پی ایچ ڈی (ایجوکیشن)
اس کورس کا مقصد یہ ہے کہ ان اساتذہ کے لیے جو پیشہ تدریس سے وابستہ ہیں معیاری تحقیق و ریسرچ کے مواقع دیے جائیں تاکہ وہ اپنے تدریسی تجربات کو منظم کرتے ہوئے معیاری تحقیقی خدمت انجام دے سکیں۔
داخلہ کے لیے ایم فل اور بعض صورتوں میں ایم اے، دونوں صورتوں میں کم از کم 55% فیصد نمبرات ضروری ہیں۔ ایس سی ، ایس ٹی کے لیے نمبرات کی حد 50%ہے۔ مقالہ جمع کرنے کی کم سے کم مدت ۲ سال اور زیادہ سے زیادہ پانچ سال ہے۔ خواہش مند طلبہ و طالبات سال میں کسی بھی وقت درخواست دے سکتے ہیں۔ لیکن داخلہ کی کارروائی جنوری اور جولائی ہی میں انجام پائے گی۔ کورس کی فیس 10000/-روپئے ہے اور میڈیم ہندی اور انگریزی۔
ایم اے (فاصلاتی تعلیم)
اس کورس کا مقصد فاصلاتی نظامِ تعلیم کے لیے افرادی قوت، انسانی وسائل اور تجربہ کار افراد کی تیاری ہے۔ اس میں داخلہ کے مجاز وہی طلبہ ہیں جنھوں نے اگنو سے ڈپلومہ ان ڈسٹنس ایجوکیشن یا پی جی ڈپلوما کیا ہو۔اس کورس کی مدت ایک سے چار سال ہے اور میڈیم صرف انگریزی ہے۔ جبکہ پورے کورس کی فیس محض1500/-روپئے ہے۔
بی۔ایڈ
یونیورسٹی کابی۔ ایڈ پروگرام ان لوگوں کے لیے سنہری موقع ہے جو تدریس کے پیشے سے وابستہ ہیں مگر بی۔ ایڈ کی ڈگری نہیں رکھتے۔ یہ کورس ایسے اساتذہ کے لیے اس بات کا بہترین موقع دیتا ہے کہ وہ خود کو ایک قانونی ٹیچر کا درجہ دلائیں۔ کورس میٹریل اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ اساتذہ اپنے تدریسی تجربات کو بروئے کار بھی لاسکتے ہیں اور انہیں منظم کرتے ہوئے اپنی مہارت کو مزید نکھاربھی سکتے ہیں۔
اس کورس کی مدت دو سے چار سال ہے۔ میڈیم انگریزی اور ہندی ہے جبکہ پورے کورس کی فیس 13200/-روپئے ہے۔ داخلہ کی شرط تدریس کے پیشے سے وابستہ ہونا اور کم از کم دو سال کا تجربہ رکھنا ہے۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی عام طلبہ وطالبات کے لیے دو پی جی ڈپلومے بھی رکھتی ہے۔ ایک پی جی ڈپلوما ان ڈسٹنس ایجوکیشن (PGDDE) اور دوسرا پی جی ڈپلوما ان ہائر ایجوکیشن (PGDHE)، PGDDEکا مقصد اور طریقِ کار وہی ہے جس کا تذکرہ ایم اے (DE)میں کیا گیا تھا۔ جبکہ ہائر ایجوکیشن کا ڈپلومہ کالج اور یونیورسٹی کے ان اساتذہ کے لیے ہے جو پیشہ تدریس میں جدت پسندی کے طریقوں پر غوروفکر کرنے اور اپنے مضمون کو دوسرے مضامین سے جوڑنے اور اس میں مہارت کے خواہش مند ہیں۔ اس میں داخلہ کے لیے 50%نمبرات کے ساتھ پی جی ضروری ہے۔ اور اس کی فیس 1500/-ہے جبکہ اول الذکر کی فیس محض 1200/-روپئے ہے۔
ان دونوں پروگراموں کے علاوہ ایک اور پروگرام پوسٹ گریجویٹ اور سرٹی فیکٹ پروگرام فار ڈیولپمنٹ آف ٹیچرس بھی ہے۔ اس میں کیمسٹری، انگلش، ہندی، لائف سائنسز، ریاضی اور فزکس کے مضامین شامل ہیں۔ داخلہ کے خواہش مند طالب علم کو مذکورہ مضامین میں سے کسی ایک میں ایم اے / ایم ایس سی ہونا لازمی ہے۔ یہ کورس HRD منسٹری کی جانب چلایا جارہا ہے۔
ان دونوں کورسز کے علاوہ ڈپلوما ان پرائمری ایجوکیشن (DPE)بھی ہے جو صرف شمال مشرقی ریاستوں اور سکم کے لیے ہے۔ اور مدت تعلیم ایک سال ہے۔ اسی طرح سرٹی فیکٹ ان پرائمری ایجوکیشن بھی جس کی مدت تعلیم ۶ ماہ ہے۔