اہل خیر بیبیاں

منیرہ

ام المومنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ہمارے رسولِ پاک کی پہلی بیوی تھیں۔ آپ بے حد مالدار تھیں، اور آپ کی بہت بڑی تجارت تھی۔ مگر آپ نے دنیاوی ضرورتوں کا خیال نہ کرتے ہوئے صرف اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اپنا تمام مال آں حضرت کے حوالے کرکے عرض کیا کہ ’’یہ تمام مال آپ کی خدمت میں ہے۔ اور آپ کو اختیار ہے کہ جس قدر چاہیں رکھیں اور جس قدر چاہیں خیرات کردیں۔‘‘

رسولِ پاک کی تیسری بیوی ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس ایک مرتبہ کسی نے کئی ہزار روپے بطور ہدیہ بھیجے، آپ نے وہ سب اسی دن غریبوں میں تقسیم کرادیئے اور اپنی ضرورت کے لیے ایک پیسہ بھی نہ رکھا۔ اسی طرح ایک مرتبہ آپ کے بھانجے عبداللہ ابن زبیرؓ نے آپ کی خدمت میں ایک لاکھ روپے پیش کیے، آپ نے اس میں سے بھی اپنے لیے کچھ نہ رکھا۔ اور سب غریبوں میں تقسیم کردیا۔ حالاںکہ اس دن آپ کا روزہ تھا اور گھر میں افطار کا سامان تک موجود نہ تھا۔ آپ نے صرف پانی سے روزہ کھول لیا۔ رسولِ پاک ﷺ کی ایک اور بیوی ام المومنین حضرت زینبؓ تھیں۔ آپ بے حد فیاض اور سخی تھیں۔ حضرت عمرؓ نے اپنی خلافت کے زمانے میں ایک دفعہ ان کا سالانہ وظیفہ بھیجا تو انھوں نے اس پر ایک کپڑا ڈال دیا اور اپنے تمام غریب عزیزوں کو بلا کر وہ روپیہ تقسیم کردیا۔یہ تو ازواجِ مطہرات کے واقعات تھے، اب آئیے ایک مسلمان دین دار بی بی کا واقعہ سنئے۔ بغداد کے خلیفہ ہارون رشید کی بیوی زبیدہ خاتون بہت ہی نیک، صالح، غریب پرور اور سچی مسلمان خاتون تھیں۔ ایک دفعہ وہ حج کو گئیں، تو دیکھا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے حاجیوں کو بہت ہی تکلیف ہوتی ہے۔ پانی بہت گراں قیمت پر فروخت ہوتا ہے، کیونکہ اس وقت مکہ معظمہ میں پانی کا کوئی انتظام نہ تھا، اور حاجیوں کی تعداد بہت ہوتی تھی۔ زبیدہ خاتون نے یہ حالت دیکھی تو ان کو بہت رنج ہوا۔ انھوں نے کاریگروں کو بلا کر حکم دیا کہ مکہ میں ایک ایسی نہر تیار کریں، جو شہر کو کافی پانی مہیا کرے۔ کاریگروں نے عرض کیا کہ یہ ریگستانی علاقہ ہے، اور یہاں نہر بہت دور سے لانی پڑے گی، جس پر بے شمار روپیہ خرچ ہوگا۔ اس نیک دل مسلمان بی بی نے کہا کہ اللہ کے گھر کے اس کام کے لیے اگر مجھے ایک کدال کے بدلے ایک اشرفی بھی ادا کرنی پڑے تو میں اس کے لیے بھی تیار ہوں۔ چنانچہ نہر تیار ہوگئی اور سارے مکہ اور مدینہ میں اسی نہر زبیدہ سے پانی حاصل کیا جانے لگا۔ اس نہر کی تیاری پر بیس لاکھ اشرفیاں خرچ ہوئی تھیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں