آج کل افزائش حسن کی مصنوعات میں ایلو ویرا جسے ہم عرف عام میں گوار گندل کہتے ہیں، کا استعمال بہت بڑھ گیا ہے۔ ایلو ویرا کو شیمپو اور کریموں میں بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ خواتین اپنی جلد کی خوب صورتی اور دلکشی کو بڑھانے کے لیے ایلوویرا کا باقاعدگی سے استعمال کرتی ہیں۔ اس کا جیل زخموں کو ٹھنڈک اور تکلیف سے نجات دلانے میں مددگار ہے۔ جلن، سوجن اور سرخی کو کم کر کے زخم جلدی بھرنے کے کام آتا ہے۔ ایلو ویرا جلد کے کھنچاؤ کو برقرار رکھتا ہے، چہرے پر نکلنے والے دانے اور ایگزیما کی روک تھام کرنے کے ساتھ الرجی میں ہونے والی خارش میں سکون پہنچاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ایلو ویرا کو سن بلاک کلینزز، شیمپو، صابن، ڈیوڈ رنٹ، باڈی لوشن موئسچرائزر میں استعمال کیا جاتا ہے۔ تیز دھوپ میں باہر نکلنے سے قبل ایلوویرا کا رس لگانے سے جلد سورج کی تیز اور مضر شعاعوں سے محفوظ رہتی ہے۔
ماہرین طب نے اس پودے کے لعاب سے بنائے گئے ایک ہائیڈروجن پر تحقیق کی تو پتہ چلا کہ یہ منہ کے السر میں بہت مفید ہے۔ مختلف کریموں کے استعمال سے چہرے کی جلد خراب اور بے رونق بھی ہو جاتی ہے۔ ایلو ویرا کا باقاعدہ استعمال آپ کی جلد کو جوان رکھتا ہے۔ اس لیے ایلوویرا کا گودا دن میں دو سے تین بار لگائیں اور منہ خشک ہونے پر دھولیں۔ کوشش کریں کہ اپنی جلد کو قدرتی ٹوٹکوں کے ذریعے ہی تر و تازہ رکھیں۔
جلد کی حفاظت ٹماٹر سے
جلد کی حفاظت میں ٹماٹر اپنی ٹھنڈک اور سکیڑنے والی خوبیوں کی بدولت بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ وٹامن سی بھر پور ہوتا ہے جو کیل مہاسوں کے علاوہ بے رونق جلد کو چمکدار اور پرکشش بناتا ہے، جلد کو صحت کے لیے وٹامن اے کی ضرورت ہوتی ہے وہ بھی اس میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس میں شامل نمکیات جلد کو بیلنس رکھتے ہیں اور جلد سے چکناہٹ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں اس میں شامل اینٹی آکسیڈنٹ جلد کے خلاف کام کرنے والے جراثیم سے مقابلہ کرتے ہیں۔
جلد کی حفاظت کے لیے تازہ ٹماٹروں کے ایک چمچ جوس میں دو سے چار قطرے تازہ لیموں کے جوس کو شامل کریں اس مکسچر کو روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں پندرہ منٹ تک اسے جلد پر اپنا کام کرنے دیں پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں اور موئسچرائز کریں۔
تازہ ٹماٹر کو اچھی طرح مسل لیں اور اس کا گودا اپنے چہرے پر لگائیں اپنے چہرے پر لگے ٹماٹر کے ساتھ ایک گھنٹہ گزاریں اس کے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھوئیں کم از کم ایک ہفتہ یہ عمل کریں گی یوں یقینا بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔
ٹماٹر کا ماسک ملی جلی جلد والی خواتین کے لیے بہت بہترین ہے کیوں کہ اس میں چیزوں کو سکیڑنے کی صلاحیت ہوتی ہے اس ماسک میں وٹامن اے، سی اور ای بھی شامل ہوتے ہیں اور یہ ٹھنڈک اور سکون کا احساس دلاتے ہیں اس ماسک کو بنانے کے لیے ایک چھوٹا ٹماٹر اور چھوٹا Avocadoلیں دونوں کو اچھی طرح مکس کرلیں اور اس مکسچر کو چہرے پر لگائیں، بیس سے تیس منٹ تک لگا رہنے دیں اور نیم گرم پانی سے دھولیں۔
سر کی خشکی (چند نسخے آزمالیں)
بال خوب صورت عورت کا زیور قرار دیے جاتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ ہماری ظاہری شخصیت کو بگاڑنے یا سنوارنے میں بالوں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔ تب ہی تو کسی خاتون کے گھنے،ریشمی اور چمکدار بالوں پر نظر پڑتے ہی دوسری خواتین کے دل میں رشک وحسد کے ملے جلے جذبات پیدا ہوجاتے ہیں، لیکن دل چھوٹا کرنے کی ضرورت نہیں کیوں کہ تھوڑی سی توجہ اور دیکھ بھال سے آپ بھی اپنے بالوں کو قابل رشک بنا سکتی ہیں۔ بالوں کے کچھ مسائل ہوتے ہیں، اگر آپ بھی ان میں سے کسی مسئلے کا شکار ہیں تو اسے پہچانیں اور اس کا علاج کریں۔ بالوں کے مسائل میں سر فہرست سر کی خشکی یا ڈینڈرف ہے جس کی گئی وجوہات ہوسکتی ہیں، مثلاً سر کی جلد میںدورانِ خون کا ٹھیک نہ ہونا، تیز اور نامناسب شیمپو کا استعمال ، ہیئر ڈرائی کا زیادہ استعمال یا سر کی جلد کا بہت زیادہ چکنا ہونا اور غیر متوازن غذا کا استعمال وغیرہ وغیرہ۔ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے چند سادہ سے گھریلو نسخے حاضر ہیں جو بالوں کی تمام اقسام کے لیے موزوں ہیں۔
٭ ۸/ کھانے کے چمچے لیموں کا رس لے کر اس میں ڈیڑھ کپ پانی ملائیں اور اچھی طرح مکس کر کے سر کی جلد پر اس آمیزے کا مساج کریں۔ دو تین گھنٹے بعد دھولیں۔ سر کی خشکی دور کرنے کے لیے یہ نسخہ گویا تیر بہدف ثابت ہوتا ہے۔
٭ ایک عدد انڈے کی سفیدی میں ایک کھانے کا چمچہ لیموں کا رس شامل کر کے اچھی طرح پھینٹ لیں اور پورے سر پر لگائیں۔ ایک گھنٹے بعد شیمپو کرلیں۔
٭ آدھی بالٹی پانی میں دو کھانے کے چمچے سرکہ ملائیں اور شیمپو کرنے کے بعد اس پانی سے بالوں کو دھوئیں۔ جلد ہی خشکی کا خاتمہ ہوجائے گا۔
٭ ایک مٹھی روز میری کے پتے، ایک لیٹر پانی میں ابال لیں اور رات بھر کے لیے رکھ دیں، صبح اسے چھان کر دو چائے کے چمچے سرکہ میں شامل کریں اور شیمپو کے بعد بالوں کو اس پانی سے دھولیں۔ بہت جلد خشکی سے نجات حاصل ہوجائے گی۔
سر کی جلد اگر روغنی ہو تو خشکی پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اگر آپ کے سر کے بال چکنے رہتے ہیں تو انہیں شیمپو کرنے سے قبل روئی کو ’’وچ ہیزل ایکسٹریکٹ‘‘ میں بھگوئیں اور بالوں کے حصے کر کے پورے سر کی جلد پر لگالیں۔
شیمپو کرنے کے بعد بالوں کے سروں پر کنڈیشنز لگائیں اور رات کو سونے سے پہلے بالوں کو ہلکے ہاتھ سے روزانہ ۱۰۰ بار برش کریں۔ اس سے سر کی جلد کا دوران خون تیز ہوگا۔ ان چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں اور ہمارے تجویز کردہ نسخوں کو آزمائیں۔ یہ بے ضرر گھریلو ٹوٹکے خشکی سے نجات حاصل کرنے میں آپ کے یقینی مددگار ثابت ہوں گے۔lll