ایکنی اور اس کے نشانات

ترتیب: زینب غزالی

ایکنی ایک جلدی مسئلہ ہے جو جلد پر دانے، کیل مہاسوں، بلیک ہیڈز اور وائٹ ہیڈز وغیرہ کا سبب بنتا ہے اس سے نہ صرف چہرے کی خوب صورتی متاثر ہوتی ہے بلکہ چہرہ بدنما، داغ دار اور بے رونق دکھائی دیتا ہے۔ ویسے تو یہ جلدی بیماری ہر عمر کے لوگوں کو متاثر کرسکتی ہے لیکن عام طور پر ٹینیجر (نوعمر) اس مسئلے کا سب سے زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ جس کی کئی وجوہات ہوتی ہیں مثلاً ہارمونز کے اخراج میں تبدیلی، جلد کے چکنائی پیدا کرنے والے غدود بیشیں گلنڈز کا بہت زیادہ متحرک ہو جانا وغیرہ۔ جلد سے نکلنے والا یہ اضافی روغن (سیہم) خلیوں کے ساتھ مل کر خارج کرنے والے غدود کو بند کر دیتا ہے جس کی وجہ سے بیکٹیریا اندر داخل ہوجاتے ہیں اور ایکنی کا سبب بنتے ہیں۔

اس کے علاوہ جلد کے مناسب طریقے سے دیکھ بھال نہ کرنا، چہرے پر غیر معیاری میک اپ کا کثرت سے استعمال، کھانے پینے میں بے احتیاطی، بہت زیادہ مسالے دار، چٹ پٹی اور مرغن غذاؤں کا استعمال بھی ایکنی میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔

ایکنی جیسے تکلیف دہ مسئلے سے چھٹکارہ پانے کے لیے ویسے تو بازار میں میں بے شمار نئی بیوٹی مصنوعات مختلف دعوؤں اور گارنٹی کے ساتھ دستیاب ہوتی ہیں لیکن حقیقت میں ان میں ۹۵ فیصد مصنوعات ایکنی کے تدارک میں مفید نہیں ہوتیں۔ ایکنی سے چھٹکارا پانے اور جلد کو صاف ستھرا بے داغ بنانے کے لیے قدرتی اشیاء سے بنے ہوئے فیس ماسک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جس کا باقاعدہ استعمال جلد پر جادوئی اثرات مرتب کرتا ہے اور چہرے کو کوئی نقصان بھی نہیں پہنچتا۔ ذیل میں چند چیزیں درج کی جاتی ہیں جن کا استعمال مفید اور کارآمد ہے۔

شہد اور سیب کا ماسک

سیب ایک عدد، شہد دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب اور طریقہ استعمال:

سیب لے کر اس کو کدوکش کر کے اس میں شہد ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس پیسٹ کو بیس منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں۔ بیس منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے منہ دھولیں۔ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ یہ ماسک خشک نہیں ہوگا لہٰذا اسے زیادہ دیر تک چہرے پر لگائے رکھنے کی ضرورت نہیں ہے اس قدرتی ماسک کا استعمال چہرے کو ترو تازہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ایکنی کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔

جو اور نیازبوکا ماسک

خشک نیا زبو دو کھانے کے چمچ۔ جو کا آغا پانچ کھانے کے چمچ۔ گرم پانی ایک کپ۔

ترکیب اور طریقہ استعمال:

خشک نیازبو کے پتوں کو ایک کپ گرم پانی میں ڈال کر رکھ دیں اور جب پانی ذرا ٹھنڈا ہوجائے تو اسے چھان کر اس میں جو کے آٹے کو شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں کہ یہ پیسٹ کی شکل اختیار کرلے۔ اب اس پیسٹ کو ۲۰ منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں پھر منہ دھولیں۔ منہ دھوتے وقت چہرے پر گولائی میں مساج کریں۔ یہ ماسک ایکنی کے تدارک کے لیے نہایت ہی پراثر ثابت ہوتا ہے۔ نیازبو اور جو کا آٹا ایکنی کے خلاف مزاحمت کرنے والے دو اہم اجزا تصور کیے جاتے ہیں۔ جو جلد کی گہرائی تک صفائی کرنے، اسے تروتازہ اور شاداب بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

ناریل اور گلیسرین کا ماسک

ناریل کا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ۔ گلیسرین دو کھانے کے چمچ۔ پودینے کے پتے پانچ عدد۔ تل ایک چائے کا چمچ۔ لونگ کا تیل آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب اور طریقہ استعمال:

تل اور پودینے کے پتوں کو اچھی طرح پیس لیں۔ اب کسی برتن میں ناریل پاؤڈر، گلیسرین اور لونگ کا تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اور اس میں پسے ہوئے تل اور پودینے کے پتے شامل کر کے ایک بار پھر ان کو مکس کرکے یکجان کرلیں کہ یہ پیسٹ کی شکل اختیار کرلیں۔ پیسٹ کو سک کے طور پر دس دنوں تک تیس منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں۔ تیس منٹ کے بعد چہرے کو تازے پانی سے دھولیں۔ ایکنی کے لیے بے حد مفید ماسک ہے اس سے چہرے پر موجود پس والے دانے بھی ختم ہوجائیں گے۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں