اچھی بہن! السلام علیکم!
کچھ دن قبل تمہارا ایک خط ملا تھا۔ میں خط لکھنے میں واقع ہوا ہوں اور جبکہ تمہارے ابا نے سب کے حصے کی خطوط نویسی اپنے ذمے لے لی ہے تو تقریباً بے نیاز ہوگیا ہوں۔
خط نہ لکھنے کی وجہ کچھ نہیں ہے صرف کاہلی۔ نہ تو دنیا کی ریت یہ ہے اور ہوتو تسنیم ریت رسم کا قائل نہیں۔
تمہارے خطوط سے اندازہ ہوا ہے کہ تمہارا جی گھبرا رہا ہے یہ بات بہت صحیح ہے ۔ نئی جگہ ہے گھر کے افراد دور ہیں۔ مگر پھر بھی بہت سے فائدے ہیں۔ اول تفریح ہے۔ دوم کھانے پینے کو تو ملتا ہی ہوگا۔ تمہاری شفیق دادی ،عزیز چچا چچی ہیں۔
بات جو بتانی چاہتا ہوں ۔ وہ یہ ہے کہ اس کے علاوہ بھی ایک اور سفر درپیش۔
سفر ہمیشہ کا سفر…
جگہ بالکل نئی جگہ…
نہ عزیز نہ اقارب…
نہ کھانا نہ پینا…
تمھارا مطالبہ ہے کہ خط نہیں بھیجاجاتا۔ مگر جب …؟
خط بھیجا جائے گا مگر پہنچے گا نہیں…؟
تمھارا کہنا ہے کہ بھول گئے ہیں ۔ مگر جب …؟
یا د کیا جائے گا… خود بھول جائو گی۔؟
آج تمھارا دعویٰ ہے کہ کوئی خط لکھے یا نہ لکھے میں لکھتی رہوں گی… واللہ جب دوسرے یاد کرتے رہ جائیں گے۔ تم خط نہ لکھوگی… تمھارا کہنا ہے کہ میں خود نہیں آئی ابا جان نے بھیج دیا ہے… گویا…!
میں تو آرام سے گھر میں جھاڑو دے رہی تھی۔ امی ،نسیم،اسلم ، گھر میں موجود تھے۔ حسن محمود بھی طلعت عفت بھی۔ اچھے بھیا بھی ، ماجد چچا آئے اور ابا کے حکم سے لے گئے… گھر میں آرام سے موجود، نہ شان نہ گمان، منٹ بھر میں دور ہوگئی…؟
پھر بھی آرام ہے۔ اپنے ساتھ کپڑے لے گئیں۔ اپنی دادی کو ساتھ لے گئیں، اپنے چچا کے ہی گھر گئی ہو کہیں اور نہیں۔ دنیا کے ایک حصے (حیدرآباد)میں، دوسرے حصے (کراچی) کو یاد کرتی ہو۔ تصور کرو … اس وقت کا… جب ایک بلاوا آئے گا…
(تمھارے الفاظ میں) وہ بلاوا کوئی ریت نہیں… کوئی رسم نہیں … وہ ایک قانون ہے…
جب ہم دنیا میں آرام سے زندگی گزاررہی ہوگی ۔ ایک آئے گا لے جائے گا۔ نہ شان، نہ گمان… نہ وہم، نہ عقل،دنیادھری کی دھری رہ جائے گی۔
لے جانے والا ،دنیا کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں نہ لے کر جائے گا ۔ ایک دنیا سے … دوسری دنیا۔
شاید تم ہمیں عزیز سمجھتی ہو۔ تم سمجھتی ہو کہ دنیا میں کچھ تمہارے رشتے دار ہیں کچھ تم سے محبت کرنے والے ہیں ۔ کچھ تمھارے چاہنے والے ہیں… رحم نہ کھائیں گے ۔ خدا کی قسم رحم نہ کھائیں گے… بلکہ بے لاگ قانون کے حوالے …
تمہارے عزیزوں میں سے جو زندہ ہوں گے۔ منوں مٹی کے نیچے دبا آئیں گے…