ایک چپ سو کو ہرائے

جویریہ نسیم شیخ

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ کسی گاؤں میں ایک بزرگ عورت خاندان کے ہمراہ رہتی تھی۔ وہ رحمت بی بی کے نام سے مشہور تھی۔ رحمت بی بی نے اپنی پوری زندگی لوگوں کی خدمت کے لیے وقف کر دی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ زندگی وہ ہے جو انسانوں کے کام آئے۔ وہ صوم و صلوٰۃ کی پابند تھی۔ گاؤں کی عورتیں اپنے مسائل کے حل کے لیے رحمت بی بی کے گھر آتی تھیں۔
چلچلاتی دھوپ تھی، دوپہر کا وقت تھا۔ رحمت بی بی ظہر کی نماز پڑھ کر فارغ ہوئی تھی کہ ایک عورت روتی ہوئی اس کے پاس آئی اور آتے ہی سسرال والوں کے خلاف آگ برسانے لگی۔ بی بی نے عورت سے نرمی سے پوچھا کہ جب تمہارے سسرال والے تم سے بے وجہ لڑتے ہیں تو تمہارا کیا ردعمل ہوتا ہے؟ کیا تم اسی طرح لڑ کر جواب دیتی ہو؟ زبان چلاتی ہو یا خاموش رہتی ہو؟ یہ سننا تھا کہ عورت نادم سی ہوگئی ، اب وہ پکڑ میں تھی۔ بی بی نے کہا:’’برائی کا جواب برائی سے دینا بھی برائی ہے۔ ‘‘ ہمارے پروردگار نے اپنی کتاب قرآن پاک میں بندوں کو حکم دیا ہے کہ :
برائی کو بھلائی کے ذریعہ دور کرو۔ اگر تم ایسا کروگے تو تمہارے اور مخالف کے درمیان جو دشمنی ہے وہ دوستی میں بدل جائے گی اور دشمن تمہارا دوست بن جائے گا۔
جب برائی کرنے والا یا کرنے والی اسی خاندان سے ہو تو ایک کو شکست کھانی ہے۔ تم بیاہ کر آئی ہو اس خاندان میں تو اس گھر کا فرد ہو۔ بھول چوک سبھی سے ہوتی ہے۔ تم جس رشتے سے بندھی ہو، وہ لازماً عفو و در گزر سے ہو کر ہی مستحکم بنتا ہے۔ ایک چپ سو کو ہرائے۔ بس جب ایسی صورت حال ہو تو تم بالکل جواب مت دینا۔ خاموشی سے اپنے کام میں مگن رہنا: ’’بڑے ہیں، کہہ رہے ہیں، میرے بھلے کے لیے ہی ہے ۔ دل و دماغ کو ان باتوں سے سنبھالنا۔ آسانیاں تمہارے گھر میں در آئیں گی۔ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی ۔‘‘
رحمت بی بی نے نرمی سے پڑوسن کو سمجھایا۔ وہ آنکھیں پونچھتے ہوئے کہنے لگی کہ آئندہ خیال رکھے گی اور گھر ٹوٹنے سے بچائے گی۔ رحمت بی بی نے نہ کوئی تعویذ دیا نہ کوئی الٹی سیدھی بات سکھائی بلکہ اس عورت کا گھر بچانے کے لیے سیدھی راہ دکھائی۔ کچھ دن بعد وہ عورت مسکراتی ہوئی آئی اور رحمت بی بی کو بتایا کہ اس کی بتائی ہوئی ترکیب پر عمل کر کے اس کا گھر آسودگی کی آماج گاہ بن گیا ہے۔ رحمت بی بی مسکرادی اور بہو کو آواز دی کہ چائے بنا کر لاؤ۔رحمت بی بی کا نسخہ کامیاب ہوگیا تھا اور بہو کی ضد اور ان کا علاج ہوچکا تھا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146