بلندیوں کی راہ

عالیہ شرمین

سوچ ایک ایسی حقیقت ہے جس کی نہ تو اپنی شکل ہے نہ تعریف یہ ذہن میں اٹھنے والے خیالات، عزائم، خوابوں، تصوارت اور پریشانیوں اور الجھنوں کے مجموعوں کا نام ہے۔ آپ اپنی ذہنی کیفیت کی نہ تو تصویر کھینچ سکتے ہیں اور نہ اسے تحریر کرسکتے ہیں۔البتہ یہ بات ذہن میں رکھنے کی ہے کہ عظیم انسانوں کی عظیم صلاحیتیں ان کے اندر اس طرح چھپی ہوتی ہیں، جیسے بیجوں کے اندر پھلوں کی خوبصورتی اور مٹھاس پوشیدہ ہوتی ہے۔ اور یہ بھی حقیقت ہے کہ انسانوں کے اندر فاضلانہ انسانی خصوصیات اور خوبیاں اچانک نہیں پیدا ہوجاتیں۔ بلکہ انہیں مسلسل جدوجہد، گہری نگرانی اور باقاعدہ پروگرام کے ذریعہ پروان چڑھایا جاتا ہے۔ اسی طرح خود کو سنوارنے اور اپنے اندر عظیم خوبیاں پیدا کرنے کی خواہش اور عظیم کاموں کے انجام دینے کا شوق اور لگن ان کے نشو نما اور افزائش میں کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔ ذیل میں ہم عظمت اور بلندی تک لے جانے والے چند نسخے درج کرتے ہیں جو تجربہ کار بزرگوں سے ہمیں نسل در نسل ملتے آئے ہیں۔

٭ وقت زندگی ہے۔ اسے بہتر طور پر استعمال کرکے ہم کامیاب ہوسکتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے ہم وقت کی اہمیت کو سمجھیں وقت ضائع کرنے والے عناصر کا جائزہ لیں۔ وقت کو بہتر طور پر استعمال کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کریں۔ اس سلسلے میں اپنی پوری ذمے داریوں کا احساس کریں۔

٭ جن لوگوں کی زندگی میں اہداف متعین ہوتے ہیں اور وہ پُر عزم ہوتے ہیں ان کی سوچ اور فکر ہر وقت ان کا ساتھ دیتی رہتی ہے اور وہ آگے بڑھتے رہتے ہیں اور جو لوگ بغیر اہداف اور بغیر عزائم کے ہوتے ہیں وہ اپنی سوچ اور الجھنوں میں گمراہ ہوتے رہتے ہیں۔

٭ اگر آپ نے زندگی میں کچھ نہیں کیا ہے اور اب کرنا چاہتے ہیں تو اب بھی ممکن ہے۔ شرط یہ ہے کہ آپ کی سوچ اسے ممکن بنادے اور آپ کی جدوجہد آپ کے عزائم اور امنگوں کا ساتھ دینے لگے۔

٭ایک کاغذ لیجیے اور اس پر اپنے زندگی کا مقصد اور نصب العین تحریر کیجیے۔ مثال کے طور پر معاشرت میں تعلقات، شعبۂ خاندان میں معیار زندگی، شعبۂ ملازمت یا کاروبار میں آمدنی و ذمے داری اختیار اور مقام کے اہداف ۔

اب سوچئے کہ ہر شعبے کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے آپ کو زندگی کے طرزِ عمل کو کس قدر اور کیسے تبدیل کرنا ہوگا؟

اس معاملے میں کیا مشکلات اور رکاوٹیں آئیں گی؟

ان مشکلات کا حل کیا ہوگا؟

ان مقاصد کے حصول کا طریقۂ کار اور ان کی متوقع حدیں کیا ہوں گی۔

جب آپ ایک مقصد کے حصول کی جدوجہد میں لگ جائیں گے اور آپ کی سوچ بھی اسی پر مرکوز ہوجائے گی تو پھر یوں محسوس ہوگا کہ آپ شاہراہ کامیابی پر بہت تیزی کے ساتھ اپنی گاڑی ڈرائیور کرتے ہوئے جارہے ہیں۔ آپ کو بھوک پیاس بھی لگی ہوتی ہے۔ پھر بھی آپ چاہتے ہیں کہ چند سنگ میل اور طے کرلیں اور اسی کامیاب زندگی کی شاہ راہ جس پر چل کر آپ خود بھی بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں اور دنیا کو بھی بہت کچھ دے سکتے ہیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146