کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اپنے بچے کو ہر وقت ٹی وی کے آگے بیٹھے رہنے سے کیسے بچائیں؟ آپ انھیں اپنے ساتھ کچن اور گھر کے مختلف کاموں میں مصروف رکھ کر اس کا حل نکال سکتی ہیں۔ اس طرح نہ صرف یہ کہ آپ کو مدد حاصل ہوگی بلکہ آپ کی غیر موجودگی میں گھر میں آنے والے مہمانوں کی اچھے طریقے سے میزبانی کے فرائض ادا کرنے کی بھی بچہ تربیت پالے گا۔ نئی تحقیق نے یہ بات ثابت کی ہے کہ بچے کو اگر اس طرح کی سرگرموں میں مصروف رکھا جائے تو وہ بہت کچھ سیکھ جاتا ہے۔
بچے کو چھوٹے چھوٹے کام کرنے کی اجازت دیں۔ اگر وہ ڈائننگ ٹیبل کے سیٹ ٹھیک کرکے کھانے کے برتن لگانے میں آپ کی مدد کرکے خوش ہوتا ہے تو اسے یہ کام ضرور کرنے دیں۔ اگر درازوں میں چمچوں کو ان کے سائز کے مطابق سیٹ کرنا چاہ رہا ہے تو آپ اسے اس کی اجازت دیں۔ کچن میں استعمال ہونے والے تولیے اور ڈسٹرز کو تہہ کرکے درازوں میں رکھوائیں۔ ایسا کرنے سے ایک تو اسے اپنے کمرے کو ترتیب سے رکھنے کی عادت ہوگی اور دوسرے وہ گھر کی اشیاء کو بھی ادھر ادھر نہیں پھینکے گا۔ چیزوں کے بنانے یا پکانے کے دوران اگر آپ کو کسی چیز کی صحیح مقدار کو ناپنا ہو، چیزوں کو پھینٹنا ہو، مکس کرنا ہو یا رول کرنا ہو یا کوئی اور چھوٹا موٹا کام ہو تو بچے سے کروائیں۔ ناپ تول کے دوران اسے جمع وتفریق کے بارے میں بتائیں۔ ایسا کرنے سے اسے ریاضی کے مضمون میں دلچسپی پیدا ہوگی۔
بچے کو آٹے کا چھوٹا سا پیڑا ضرور دیں تاکہ وہ کھیل ہی کھیل میں اس سے مختلف اقسام کی اشکال بنائے۔ اس سے ہاتھوں اور پٹھوں کے ساتھ ساتھ ذہن کی بھی اچھی ورزش ہوگی۔دوسرے لڑکیاں کھیل ہی کھیل میں کچن کے کاموں میں دلچسپی لینے کے ساتھ ساتھ روٹی بنانا بھی سیکھ جائیں گی۔ بچوں کو سبزیوں کے نام اور رنگوں کے بارے میں بتائیں۔ اس سے بچہ ہر چیز کا نام زبانی یاد کرلے گا۔ خالی کپوں میں مختلف رنگوں کے چھوٹے چھوٹے پھول اگاکر کچن میں چھوٹا سا کچن گارڈن بنائیں۔ ان کپوں کے اندر تھوڑی سی مٹی بھر کر کچھ بیج ان کپوں کے اندر ڈالیں۔ پھر بچے کو بتائیں کہ بیج بوکر انھیں کیسے پانی دیا جاتا ہے کہ ایک پودا اُگ جاتا ہے۔ جب بیج بڑھنا شروع ہوجائے تو آپ کو چاہیے کہ آپ اس نئے پودے کے اسٹیج کی وضاحت کریں۔ جونہی آپ کو محسوس ہو کہ پودے کا سائز کپ کے سائز سے بڑا ہوگیا ہے تو بچے کو بتائیں کہ اب اسے ایک چھوٹے کپ سے بڑے گملے میں کیسے منتقل کیا جائے گا تاکہ اس کی جڑ مضبوط ہو۔ اس طریقے سے بچے قدرتی اشیا اور ان کی تفصیلات کے بارے میں جان سکیں گے۔
کبھی بھی آٹھ سال سے چھوٹے بچے کو ایک لمحے کے لیے بھی کچن میں اکیلا نہ چھوڑیں۔ تیزچھریاں اور چاقو بچے کی پہنچ سے دور رکھیں۔ بچے کو سختی سے منع کریں کہ وہ آپ کی غیر موجودگی میں کبھی بھی چولہا جلانے کی کوشش نہ کرے۔ ——